اسلام آباد (اے پی پی) احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری کی تین ضمنی ریفرنس خارج کرنے کی استدعا مسترد کردی ہے۔ عدالت نے تینوں ریفرنسز پر ٹرائل جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے تمام ملزمان کو 28 ستمبر کو طلب کرلیا۔ بدھ کو احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے محفوظ شدہ فیصلہ سنایا اور سابق صدر کی جانب سے پارک لین، منی لانڈرنگ اور ٹھٹھہ واٹرسپلائی کے ضمنی ریفرنس خارج کرنے کی استدعا مسترد کردی۔سابق صدر آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے احتساب عدالت میں درخواست دائر کی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ نیب آرڈیننس کے تحت ضمنی ریفرنس دائر نہیں کیا جاسکتا لہٰذا ان تینوں ریفرنسز کو خارج کیا جائے۔عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ ان ریفرنسز پر ٹرائل جاری رکھا جائے گا۔ عدالت نے ریفرنسز میں آصف علی زرداری سمیت تمام ملزمان کو 28 ستمبر کو طلب کرلیا۔