اسلام آباد (نمائندہ جنگ) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی اسلام آباد ہائی کورٹ آمدکے موقع پر سخت حفاظتی اقدامات کے باوجود درجنوں لیگی کارکنان بھی احاطہ عدالت پہنچ گئے اور بدنظمی رہی۔ مریم نواز کی روانگی کے وقت کمرہ عدالت کے باہر شدید بدنظمی ہوئی۔
اس دوران مریم نواز کو ہائی کورٹ سے نکلتے ہوئے اپنے سکیورٹی گارڈ کا مکا لگ گیاجس سے مریم نواز درد سے چلا اٹھیں اور کچھ دیر اپنی کہنی کو سہلاتی رہیں۔
زور دار مکا لگنے سے مریم نواز اپنے گارڈ پر برہم ہو گئیں اور کہا کہ کیا تم اندھے ہو گئے ہو۔ کیپٹن صفدر مریم نواز کو مکا لگنے سے کارکنوں پر برہم ہو گئے اور انہیں پیچھے دھکیل دیا۔
کیپٹن صفدر بھی کارکنوں کی دھکم پیل کی زد میں آئے۔ قبل ازیں پیشی کیلئے آنے پر مریم نواز کا کارکنوں نے راستہ ہی روک لیا ۔
مریم نواز کمرہ عدالت کا راستہ پوچھتی رہیں ۔ سماعت کے بعد مریم نواز کو کمرہ عدالت سے باہر نکالنے کیلئے کیپٹن (ر) صفدر کارکنوں کی منت سماجت کرتے رہے۔
مریم نواز کمرہ عدالت سے باہر نکلیں تو سیلفی کے شوقین کارکنوں نے عدالت کے باہر واک تھرو گیٹ ہی توڑ ڈالا، اس دوران دھکم پیل کے باعث واک تھرو گیٹ گر گیا۔
پولیس اہلکار ٹوٹا ہوا واک تھرو گیٹ پولیس وین میں ڈال کر لے گئے۔ کارکنوں اور سکیورٹی اہلکاروں کے مابین ہلڑ بازی کے باعث مریم نواز گرتے گرتے بھی بچیں۔