لاہور(ایجنسیاں) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ ابھی تک نوازشریف کے پلیٹ لیٹس کی رپورٹ موصول نہیں ہوئی ہے‘ نواز شریف بیرون ملک سے علاج کرانے کے بعد واپس آنے کا وعدہ کر کے گئے تھے جس کی انہوں نے خلاف ورزی کی اورلندن جاکر علاج بھی نہیں کرایا‘اگر کورونا کی وجہ سے وہاں علاج نہیں ہورہاتو میاں صاحب واپس آجائیں ‘جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ہوا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان وزیراعلیٰ میں اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ یاسمین راشد کا کہنا تھاکہ نوازشریف بیرون ملک سے علاج کرانے کے بعد واپس آنے کا وعدہ کر کے گئے تھے جس کی انہوں نے خلاف ورزی کی۔ میں نے ذاتی طور پر نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹرعدنان سے بات کر کے رپورٹس بھجوانے کا کہا لیکن رپورٹس نہ آ سکیں۔ اطلاع کے مطابق 26 فروری کو علاج ہونا تھا لیکن وہ ضد کر کے بیٹھ گئے کہ میری بیٹی آئے گی تو علاج کرواؤں گا۔