نشے کی لَت، ایسی خوف ناک لَت ہے ،جو نوجوان نسل کو گم راہی ،مایوسی اور گناہ کے ایک ایسے دلدل میں دھکیل دیتی ہے،جہاں سے واپسی کا راستہ قریباً نا ممکن ہی ہوجاتا ہے۔ نہ جانے کتنے ہی گھرانوں کے چراغ اس لعنت کے سبب گُل ہو چُکے ہیں۔ ایک سروے کے مطابق اس وقت پاکستان میں قریباً 76لاکھ مرد و خواتین منشّیات کے عادی ہیں، جن میں 78فی صدمرد اور 22فی صد خواتین شامل ہیں۔ یہ عادی افراد شراب، ہیروئن، چرس، افیون، بھنگ، کرسٹل، آئس یہاں تک کہ عارضی سکون کی خاطر ادویہ کے بے جا استعمال تک سے گریز نہیں کرتے ۔
گرچہ پاکستان کے قبائلی علاقے اب خیبرپختون خوا کا حصّہ بن چُکے ہیں اور ان کی قبائلی حیثیت ختم ہوچُکی ہے۔ تاہم، ماضی میںان علاقوں میں افیون کاشت کی جاتی رہی ہے، جسے گھریلو دوا کے طورپر بھی استعمال کیا جاتا ، مگر افیون کی کاشت اور اس سے تیار ہونے والی ہیروئن کا سب سے بڑا مرکز افغانستا ن ہے۔ یہاں سے ہزاروں ٹن افیون اور ہیروئن تیارکرکے پاکستان سمیت عالمی مارکیٹ میںفروخت کے ذریعےسالانہ اربوں ڈالرز کمائے جا رہے ہیں اور پھر یہی پیسا بعد میں دہشت گردی کے لیےبھی ا ستعمال ہوتا ہے۔
اقوامِ متحدہ کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ سا ل افغانستان میں ایک لاکھ 63ہزار ایکٹر اراضی پر پوست کی فصل کاشت کی گئی ،جس سےمجموعی طورپر 6ہزارچار سو میٹرک ٹن افیون تیارہوئی ۔ اب ڈیمانڈاور سپلائی کا توازن بگڑنے کے باعث ہیروئن اور چرس کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ ہو چُکا ہے، یہی وجہ ہے کہ نوجوانوں میں ہیروئن کے ساتھ ساتھ آئس اور دوسری نشہ آور ادویہ کے استعمال کا رجحان بڑھتا جارہا ہے۔ ماہرین کے مطابق آئس کا نشہ ہیروئن سے بھی زیادہ خطرناک ہے۔
منشّیات کے استعمال کی پہلی سیڑھی سگریٹ نوشی ہے، جب کہ منشّیات فروش اور اُن کے آلۂ کار پہلے پہل نوجوانوں کو مفت منشّیات مہیّا کرکے، لت لگ جانے کے بعد منہگےداموں فروخت کرتے ہیں۔ اور پھریہ لَت ان نوجوانوںسے ہر جائز و ناجائز کام کروا لیتی ہے۔اسی لیے مُلک میں جرائم اور بے راہ روی بڑھنے کی ایک بڑی وجہ منشّیات کا استعمال بھی ہے۔
اقوامِ متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق اس وقت دنیا بھر میں 15سے 64سال کی عُمر کے قریباً 35کروڑ افراد منشّیات کے عادی ہیں۔ جب کہ پاکستان میں 76لاکھ سے زائد افرادنشے کی لَت میں مبتلا ہیںاوراس تعداد میں سالانہ ساڑھے چار سے پانچ لاکھ افراد کا اضافہ ہورہا ہے۔ یہ ایک انتہائی الارمنگ صورتِ حال ہے کہ منشّیات کا یہ زہر دھیرے دھیرے پورے معاشرے کی رگوں میں سرایت کرتا جا رہا ہے۔اور بد قسمتی سے ہمارے مُلک میں 12سے 24سال کی عُمر کے نوجوان لڑکے ، لڑکیاں اس طرف زیادہ راغب ہو رہے ہیںاور ستم بالائے ستم یہ کہ ہمارے یہاں منشّیات کے عادی افراد کےعلاج کےلیے اسپتالوں کی تعداد بھی نہ ہونے کے برابر ہےاور جو ہیں ،وہاں بھی سہولتیں ناکافی ہیں، جب کہ نجی اسپتالوں کا منہگا علاج ہر کسی کی دسترس میں نہیں۔
پاکستان میں انسدادِ منشّیات کے قوانین پر عمل درآمد کروانے اور اس مکروہ فعل میں ملوّث افرادکی سرکوبی کے لیےاینٹی نارکوٹکس فورس، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور پولیس سمیت کئی دیگر ادارے سرگرمِ عمل توہیں، مگر مجموعی طور پرتا حال اس حوالے سے کوئی خاطر خواہ کام یابی سامنےنہیں آئی۔ آئے روز بھاری مقدار میں منشّیات اسمگل کرنے کی کوششیں ناکام بنانے کے دعوے تو ہوتے ہیں،مگر کبھی اصل مجرم قانون کی گرفت میں نہیں آتے۔ اکثر منشّیات فروش مالی طورپر مجبور و لاچار لوگو ں کو تلاش کرکے انہیں
چند روپوں کے عوض بطور کیرئیر استعمال کرتے ہیں۔تاہم، مُلک دشمن عناصر اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کے لیے خواہ کیسے ہی طریقے کیوں نہ ایجاد کرلیں، پولیس بھی ان قومی دشمنوں کے تعاقب میں لگی ہی رہتی ہے اور اس حوالے سے کے پی کے پولیس کی کار کر دگی دوسرے صوبوں کی نسبت کافی بہتر ہے۔
صوبے کے نئے آئی جی پولیس، ثناء اللہ عباسی نے چارج سنبھالتے ہی افیون کےکاشت کاروں اور منشّیات فروشوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کے احکامات جاری کرتے ہوئے فورس کو واضح ہدایت دی کہ’’ پوست کی کاشت کرنے والوںاور نوجوان نسل کی رگوں میں منشیات کی صُورت زہر گھولنےوالوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائےگا ۔اُن ہی احکامات کی روشنی میں خیبرپختون خوا پولیس نے صوبے بھر میں بشمول ضم شدہ سابقہ قبائلی علاقوں میں پوست کی کاشت کے خاتمے سمیت انسدادِ منشیات کی ایک بھرپور مہم بھی چلائی۔جس کے دوران کے پی کےپولیس نے ضم شد ہ اضلاع کے مختلف علاقوں میں 104ایکڑ اراضی پر کاشت ہونے والی پوست کی فصل تلف کی اور صوبے کے بندوبستی علاقوں جیسے مردان ، صوابی اور بنّوں میں بھی پوست کی فصل کا خاتمہ کیا۔ اس کے علاوہ گلی کُوچوں میں منشّیات سپلائی کرنے والوں کے خلاف بھی مہم چلائی۔
واضح رہے کہ گزشتہ چھے ماہ کے دوران 10741 سے زائد منشّیات فروشوں کو گرفتار کیا گیاہے ، 10,000سے زائد ایف آئی آرز (فوج داری مقدمات) درج کی گئیں اور مجموعی طور پر 9,231کلوگرام چرس ، ہیروئن ، افیون ، اور آئس برآمد کی گئی، جس میں 423 کلو گرام ہیروئن ، 8104کلوگرام چرس ، 640کلو افیون ، 64 کلوگرام آئی سی ای اور شراب کی 17.101 بوتلیں شامل ہیں۔نیز، شکایات کی شرح کم ہونےاور گواہوں کی کمی کے باوجود عدالتوں سے منشّیات کے مقدمات میں سز ا پانے والوں کی شرح بھی دوسرے جرائم سے متعلق مقدمات کے مقابلے میں کافی بہتر رہی ۔
توقع ہے کہ منشّیات کے حوالے سے پولیس کا فعال کردار گھریلو تشدّد سے لے کر اسٹریٹ کرائمز تک اور معاشرے میں بڑے پیمانے پر منظم کرائمز کی شرح میں کمی لانے میں ضرور مددگار ثابت ہوگا۔ تاہم ،ضرورت اس امر کی ہے کہ معاشرے سے منشّیات جیسی لعنت کا قلع قمع کرنے کے لیےپوست کے کاشت کاروں اور منشّیات فروشی میں ملوّث مڈل مین کے ساتھ ساتھ بڑی مچھلیوں کو بھی کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے، تاکہ معاشرے سے اس ناسورکاہمیشہ ہمیشہ کے لیے خاتمہ ہوسکے ۔