• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی گرفتاری قابل مذمت اور شرمناک ہے، جاوید قادر

 بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل ) مسلم لیگ ن آزادکشمیر بریڈفورڈ کے صدر سابق امیدوار ممبر قانون ساز اسمبلی آزادکشمیر جاوید قادر نے کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کی پُر زور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عمران نیازی پی ڈی ایم کے صرف دو جلسوں سے اس قدر بوکھلا گئے ہیں کہ انہیں اپنے قول اور فعل میں اخلاقی حدیں بھی یاد نہیں رہیں، جس طرح کمرے کا دروازہ توڑ کر چادر اور چار دیواری کو پامال کر کے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو گرفتار کیاگیا وہ انتہائی قابل مذمت اور شرمناک عمل ہے، عمران نیازی نفرت کے بیج بو کر ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانا چاہتا ہے، اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے احتساب کے نام پر اپوزیشن کا استحصال کیا جارہا ہے، آج ملک کے غریب عوام کا نااہل سلیکٹڈ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے جینا دوبر ہو گیا ہے، ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ صرف سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کا ہی نہیں بلکہ پوری قوم کا بیانیہ ہے ،آج ثابت ہو گیا ہے کہ جب ووٹ اور مینڈیٹ چرایا جاتا ہے تو ملک عدم استحکام کا شکار ہو جاتا ہے، معاشی لحاظ سے آج جو ملک کی حالت ہے تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی، نواز شریف کے دور میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن تھا آج عمران نیازی جس نواز شریف کو غدار کہہ رہا ہے یہ وہی نواز شریف ہے جس نے ملک کو دفاعی لحاظ سے مضبوط کیا ،بھارت کے پانچ ایٹمی دھماکوں کے جواب میں چھ ایٹمی دھماکے کیے۔ یہ وہی نواز شریف ہے جس نے پاکستان کے لیے جے ایف 17 تھنڈر بنایا،آپریشن ضرب عضب میں نواز شریف آگے کھڑا ہوا اور ملک سے دہشت گردی کا قلع قمع کر کے محفوظ بنایا ۔وقت آگیا ہے کہ عوام اٹھ کھڑے ہوں عوامی طاقت سے اس نااہل حکومت کے ٹولے کو گھر بھیجیں افواج پاکستان کو ہر سچا پاکستانی سلوٹ کرتا ہے مگر جو بھی آئین اور قانون کو اپنے جوتوں تلے روندتے ہیں وقت آگیا ہے کہ ان کو بے نقاب کر کے عوام کی عدالت میں بے نقاب کیا جائے ۔ 
تازہ ترین