کسی بھی گھر میں لگے نت نئے اور انوکھے ڈیزائن کے دروازے اس کی شان و شوکت کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ آپ کے گھر آئے مہمان بھی منفرد طرز کے دروازوں کو دیکھ کر متاثر ہوتے ہیں۔ دروازوں کی تنصیب عموماً گھر کی تعمیر یا پرانے گھر کی تزئینِ نو کے دوران کی جاتی ہے کیونکہ یہی وہ وقت ہوتاہے جب گھر کے اندرونی دروازوں کو جدید اسٹائل اور ٹرینڈز کے مطابق بنواکر گھر کی دلکشی میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔
اس کے علاوہ ان کو لگانے سے پہلے ان کی پائیداری کو بھی جانچا جاتا ہے اور ساتھ ہی یہ بھی دیکھا جاتا ہے کہ یہ پرائیویسی فراہم کرنے والے، شور شرابے کو دور رکھنے اور استعمال میں آسان ہوں۔ ویسے دیکھا جائے تو دروازے ہمارے کمروں اور گھر کا ایک کردار بن جاتے ہیں۔ لہٰذا ایسے دروازوں کا انتخاب کریں، جو آپ کے گھر کے انٹیریئر ڈیزائن سے ملاپ کھائیں۔ اگر آپ کو اس بارے میں زیادہ معلومات نہیں ہیں تو ہم بہتر اسٹائل اور ڈیزائن کو منتخب کرنے میں آپ کے لیے کچھ مقبول ڈیزائنز کا ذکر کررہے ہیں۔
ایتھرٹن ڈور
ایتھرٹن ڈور ایک ایسا اسٹائل ہے، جس میں چار ابھرے ہوئے پینلز ہوتے ہیں۔ ان میں سے دو بائیں طرف اور دو دائیں طرف عمودی طرز پر ہوتے ہیں۔ اس قسم کے دروازے دیکھنے میں بہت اچھے لگتےہیں اور ابھرے ہونے کی وجہ سے لوگوں کی توجہ کا مرکز بنتے ہیں۔ یہ دروازے ان لوگوں کے لیے آئیڈیل ہیں جو ڈبل ڈور دروازے استعمال کرتے ہیں۔ دو ایتھرٹن ڈورز ایک ساتھ لگے ہوں تو مزید خوبصورت دکھائی دیتے ہیں۔ وسیع انٹرینس کو تو یہ باکمال بنا دیتے ہیں، اس میں سے داخل ہونے والے مہمان بھی آپ کے ذوق کی داد دیے بنا نہیں رہ پاتے۔
بارن ڈور
ممکن ہے کہ اس کے نام سے آپ یہ سمجھیں کہ یہ گھر کے بیرونی حصے میں لگانے والا دروازہ ہے۔ تاہم، اگر آپ گھر کے اندرونی دروازوںکےڈیزائن یا ٹرینڈز پر غور کریں تو آپ کو اندازہ ہوجائے گاکہ بالخصوص مغربی ممالک میں بارن ڈور گھر کے اندراستعمال ہونے والے دروازوںمیں بہت مقبول ہیں۔ یہ دروازے گھر کے دیگر دروازوں سے مختلف ہوتے ہیں۔ اگر آپ اپنے گھر میں کنٹری اسٹائل آرائش اپنانے جارہے ہیں تو بارن ڈور اس کے لیے بہترین رہے گا۔ بہت سے لو گ اس دروازے کو ا پنے ماسٹر بیڈ روم کیلئے منتخب کرتے ہیں۔
اگر آپ اپنے گھر کے نقشے کو غیر معمولی اور مختلف ظاہر کرنا چاہتے ہیں تو اس قسم کے دروازے آپ کی خواہش پوری کرسکتے ہیں۔ ان کی تنصیب روایتی دروازوں سے مختلف ہوتی ہے کیونکہ انہیں اپنے فریم میں لٹکایا جاتا ہے اور یہ عام دروازوں سے سائز میں قدرے بڑے ہوتے ہیں۔ آپ عموماً انہیں بڑی اینٹرینس والی جگہ میں دیکھتے ہیں تاہم انہیں بیڈروم یا لیونگ رو م میں بھی لگایا جاسکتا ہے۔
کرافٹس مین ڈور
کرافٹس مین ڈور منفرد ہوتے ہیںکیونکہ یہ مختلف قسموں کے اسٹائل فراہم کرتے ہیں۔ ان دروازوں میں زیادہ تر پینلز ہوتے ہیں، جو عام طور پر عمودی یا افقی طرز پر لگائے جاتے ہیں۔ کچھ کرافٹس مین ڈور میں دونوں طرز کے پینلز لگے ہوئے ہوتے ہیں۔ بظاہر یہ عجیب لگتا ہے لیکن اس ڈیزائن کے دروازے کو بنانے کے لیے نیچے کی طرف دو لمبے عمودی پینلز لگائے جاتے ہیں۔
یہ پینلز مستطیل شکل میں لمبے اور ایک دوسرے کے متوازی ہوتے ہیں۔ دونوں مل کر ایک دلچسپ اسٹائل بناتے ہیں، جو بہت سے لوگوں کو بھاتاہے۔ اس ڈیزائن میں اوپر کی جانب فریم میں شیشہ بھی لگا ہوتا ہے جو اس دروازے کو خوبصورت بناتا ہے۔
فرنچ ڈور
گھر کے اندرونی حصے میں دروازوں کے ڈیزائن کے لیے فرنچ ڈور بہت مشہور ہیں۔ اس طرز کے دروازے دل کو بہت لبھاتے ہیں، اسی وجہ سے بعض اوقات ان کی منہ مانگی قیمت بھی ادا کی جاتی ہے۔ یہ حقیقت ہے کہ مہنگےہونے کے باوجود فرنچ ڈور بہت پریکٹیکل ہوتے ہیں اور اگر آپ کی جیب اجازت دے تو یہ گھر کے اندرونی دروازوں کے لیے بہتر ین انتخاب ثابت ہوتے ہیں، ان سے آپ کے گھر کو چار چاند لگ جاتے ہیں۔
کولونیل ڈور
اگر آپ نقش و نگار یا کاشی کاری والا دروازہ لگوانا چاہتے ہیں تو کولونیل ڈور بہترین ہے۔ یہ دروازہ سجاوٹی نقطہ نگاہ سے بہتر بھی ہے اور پریکٹیکل بھی۔ ان دروازوں کاڈیزائن دیکھنے والوں کو اپنی جانب متوجہ کرلیتا ہے، جو کہ آپ کے کمرے کی شان بڑھاتا ہے۔
اس دروازے کی سجاوٹ اور بیل بوٹوں کی وجہ سے لوگ اسے بیرونی دروازے کے طور پر زیادہ استعمال کرتے ہیں، تاہم یہ مکینوں کی منشا پر منحصر ہے۔ بہت سے لوگ اسے ڈائننگ روم کی اینٹرنس پر بھی لگالیتے ہیں۔ البتہ اسے آپ بیڈروم یا باتھ روم کیلئے استعمال نہیں کرسکتے کیونکہ اس قسم کے دروازے پرائیویسی برقرار نہیں رکھ پاتے۔