• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شمیتا شیٹھی نے فلم’لگان‘ مسترد کر کے ’محبتیں‘میں کام کیا تھا

نامور بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹھی نے انکشاف کیا ہے کہ اُن کی بہن شمیتا شیٹھی نے بالی ووڈ میں ڈیبیو کے لیے عامر خان کی فلم ’لگان‘ کو مسترد کرکے شاہ رخ خان کی فلم ’محبتیں‘ کا انتخاب کیا تھا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شلپا شیٹھی کی چھوٹی بہن شمیتا شیٹھی نے بالی ووڈ میں ڈیبیو شاہ رخ خان کی بلاک بسٹر فلم ’محبتیں‘ سےکیا تھا جو کہ سال 2000 میں ریلیز ہوئی تھی۔

اس فلم میں انہوں نے’ ایشیقہ‘ کا کردار بخوبی نبھایا تھا جس پر اُنہیں بہترین ڈیبیو اسٹار کا ائیفا 2001 ایوارڈ بھی ملا تھا۔

جس سال شمیتا شیٹھی کو فلم محبتیں آفر ہوئی تھی اُسی سال اُن سے عامر خان کی فلم ’لگان‘ کے لیے بھی رابطہ کیا گیا تھا لیکن انہوں نے فلم لگان کو مسترد کر دیا اور اُس کی جگہ فلم محبتیں کا انتخاب کیا۔

عامر خان کی فلم لگان اور شاہ رخ خان کی فلم محبتیں دونوں ہی باکس آفس پر بلاک بسٹر ثابت ہوئیں۔ شمیتا شیٹھی کے انکار کے بعد اس فلم میں اداکارہ گریسی سنگھ کو عامر خان کے مدمقابل کاسٹ کرلیا گیا تھا۔

حیران کن بات یہ ہے کہ شمیتا شیٹھی اور گریسی سنگھ دونوں وہ اداکارائیں ہیں جنہوں نے بالی ووڈ میں ڈیبیو بلاک بسٹر فلموں سے کیا لیکن دونوں ہی بھارتی فلم انڈسٹری میں اپنی جگہ بنانے میں ناکام رہیں اور بہت ہی کم اسکرین پر نظر آئیں۔

واضح رہے کہ اداکارہ شمیتا شیٹھی نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ اُن کو اپنے کیے ہوئے بعض فیصلوں پر پچھتاوا ہے۔ اداکارہ کے پاس ایک عرصہ سے بولی ووڈ کا کوئی پروجیکٹ نہیں ہے۔

انہوں نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ میں نے اپنے کیریئر کے بہت سے ایسے فیصلےکیے جو مجھے نہیں کرنے چاہیے تھے تاہم وہ اس بات پر بھی یقین رکھتی ہیں کہ زندگی غلطیاں کرنے اور ان کو سدھارنے کا نام ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ ہم لوگ اپنے فیصلوں کی اچھائی اور برائی سے سیکھتے اور سیکھاتے ہیں اور یہی میری زندگی ہے۔ 

تازہ ترین