مرتب: محمّد ہمایوں ظفر
سنڈے میگزین ہی میں ایک مضمون ’’70برس پہلے کی معصوم زندگی‘‘ پڑھا، تو دل میں خواہش پیدا ہوئی کہ مَیں بھی اس دَور کی کچھ ناقابلِ فراموش یادیں شیئر کروں۔ بلاشبہ، اُس دور کی سادہ اور معصوم زندگی اس قدر بھرپور تھی کہ ایک دوسرے کا احترام، خلوص اور رواداری عام تھی۔ سات دہائی قبل کے دن بھی کیا دن تھے کہ جب نظر میں خزاں بھی بہار تھی۔ اپنی 69برس کی عُمر میں، اپنے بچپن کی زندگی کا آج کے دور سے موازنہ کرتی ہوں، تو بہت کچھ بدلا ہوا نظر آتا ہے۔اُف! کیا سہانے دن تھے، کتنے سادہ لوگ اور کتنی معصوم زندگی تھی۔ ہرچند غم بھی تھا، مگر احساسِ غم نہ تھا۔ آج کے اس دورِ خزاں میں جب ہر دل بے قرار ہے، تو سات دہائی قبل کی خزاں بھی بہار تھی۔ محنت و مشقّت، جفاکشی مَیں نے اپنے گھر میں دیکھی۔ مَیں اپنے والدین کی سب سے بڑی بیٹی تھی۔ مَیں نےوالد صاحب کو کئی کئی میل پیدل چلتے دیکھا۔
وہ بتاتے تھے کہ 1947ء میں پاکستان کے قیام کے بعد ہم لوگ لدھیانہ (مشرقی پنجاب) سے ہجرت کرکے اٹک (کیمبل پور) آکر بسے۔ میرے والد ڈاک خانے میں ملازم تھے۔ پاکستان ہجرت کے بعد اٹک میں ان کی ڈیوٹی لگی۔ شروع میں مسائل ہی مسائل تھے۔ ایک دفعہ تو وہ مانسر کیمپ، جی ٹی روڈ سے تقریباً بیس کلومیٹر پیدل چل کر کیمبل پور تک آئے۔ بہرحال، یہ تو میری پیدایش سے پہلے کا واقعہ ہے، مگر اپنے ہوش میں مَیں نے دیکھا، وہ ڈاک خانہ جات کی انسپیکشن کے لیے اردلی کے ساتھ جاتے، تو دس سے پندرہ میل چلنا تو اُن کا معمول تھا۔
چھوٹے چھوٹے ڈاک خانے ضلع کیمبل پور کے دُور دراز علاقوں میں واقع تھے۔ راستے بھی پُرخطر تھے۔ ایک دفعہ تلہ گنگ یا مکھڈ کے کسی پہاڑی علاقے میں اُن کا سامنا ایک شیر سے ہوگیا۔ اردلی نے تو دہشت کے مارے رونا شروع کردیا، لیکن والد صاحب شیر کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر حوصلے سے کھڑے رہے۔ کہتے ہیں کہ اگر شیر کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر اسے گھورا جائے، تو وہ گھبرا جاتا ہے، مگر اس طرح کرنا ہر کسی کے بس کی بات نہیں ہوتی، یہ عمل انتہائی بہادری اور جرأت کا متقاضی ہے۔ بہرحال، جب شیر نے والد صاحب کو اس طرح بہادری سے گھورتے دیکھا، تو چند لمحوں بعد خود ہی جنگل کی طرف لوٹ گیا۔ پاکستان کے معرضِ وجود میں آنے سے قبل والد صاحب اس طرح کے بہت سے خوف ناک واقعات کا سامنا کرچکے تھے، جس کی وجہ سے اُن میں خاصی دلیری آگئی تھی۔
بچپن میں ہمارے گھر ایک خاتون کام کاج کے لیے آتی تھیں، جنہیں ہم مرزے والی ماسی (مرزا ایک گائوں کا نام ہے) کہتے تھے۔ وہ روزانہ پانچ چھے کلومیٹر کا فاصلہ طے کرکے اپنے گائوں ’’مرزا،، سے شہر میں گھروں میں کام کاج کرنے آتی تھیں۔ ہمارے گھر کے بھی چھوٹے موٹے کام کردیا کرتیں۔ میری والدہ اُن کی بہت عزت کرتی تھیں، انہیں اپنے پاس بٹھاتیں اور ان کی خوشی، غمی اور ہر طرح کے مسائل سنتیں۔ آج تک اُن کی شبیہہ میرے ذہن میں محفوظ ہے۔ اُن کی وفات کو چالیس برس کا عرصہ بیت چکا ہے، مگر اُن کا روشن، گہرا سانولا چہرہ آج بھی ذہن پر نقش ہے، وہ جوتے، چپل وغیرہ نہیں پہنتی تھیں، ہر جگہ ننگے پائوں ہی گھوما کرتیں۔ ایک بڑی سا چھابڑی نما ٹوکری سر پر اور جوتا اس کے اندر رکھا ہوتا۔ غالباً شدید ضرورت کے وقت پہننے کے لیے رکھتی تھیں۔ اُس زمانے میں گھروں کے تمام کام خود ہی کیے جاتے تھے۔ مشینوں کا کوئی تصوّر نہیں تھا۔
والدہ صبح فجر کی نماز کے ساتھ ہی کام کاج میں مصروف ہوجاتیں۔ دوپہر کو صرف 10منٹ کے لیے آنکھیں بند کرکے لیٹ جاتیں (ہم بہن بھائیوں سے کہتیں، مجھے 10منٹ کے لیے آنکھ لگالینے دو) اور بس یہی اُن کا آرام ہوتا۔ پھر عشاء تک مصروف رہتیں۔ ہم نو بہن بھائی، ابّا جی، دادا جی اور دو پھوپھیوں کے لیے کھانا پکانا، کپڑے دھونا، انہیں سیڑھیاں چڑھ کر چھت پر ڈالنا، برتن مانجھنا، دھونا وغیرہ اُن کی روز مرّہ کی مصروفیات تھیں۔ کچھ فراغت ملتی، تو سلائی کڑھائی میں لگ جاتیں، والد صاحب سمیت ہم سب بہن بھائیوں کے کپڑے اپنے ہاتھ سے سیتیں۔
عید، بقرعید پر چچا اپنی فیملی کے ساتھ دوسرے شہر سے آتے، تو اُن کے بچّوں کے کپڑے بھی سیتیں۔ رات کو بستر پہ جاتیں، تو اون، سلائیاں لے کر بیٹھ جاتیں، ہم سب بہن بھائیوں نے اُن ہی سے قرآنِ پاک پڑھا اور ابتدائی تعلیم حاصل کی۔ تختی اور سلیٹ ہمارے بستے کا لازمی جُزو تھے۔ سلیٹ پر حساب کا کام کرتے اور تختی پر اردو کی لکھائی، سیاہ روشنائی اور قلم سے کی جاتی۔ سرکنڈے سے قلم بنائے جاتے۔ جب تختی کی سطح ہماری لکھائی سے مکمل پُر ہو جاتی، تو پھر تختی کو دھونا، گاچی لگانا، اسے خشک کرنے کے لیے کبھی دھوپ میں رکھ دینا، کبھی آگ کے پاس اور کبھی ہاتھ میں پکڑ کر لہرا لہرا کر گاتے ہوئے سُکھانے میں بہت مزہ آتا تھا۔
ہم لوگ کھانا اکثر چولھے کے گرد ماں جی کے بالکل قریب بیٹھ کر کھاتے۔ خصوصاً یخ بستہ سردیوں میں جس طرح سکون و اطمینان اور مسّرت و شادمانی کے ساتھ اکٹھے بیٹھ کر کھانا کھاتے، وہ لمحات بُھلائے نہیں بُھولتے۔ ہم سب گھی، شکر کے ساتھ روٹی بہت شوق سے کھاتے تھے۔ کھانے کے ساتھ والد صاحب والدہ سے کہہ کر سوجی کا دیسی گھی والا حلوہ ضرور بنواتے۔ کسی بڑے سے برتن میں دیسی گھی ہر وقت گھر میں موجود ہوتا تھا۔ بناسپتی گھی سے کوئی واقف ہی نہیں تھا۔ 60ء کی دہائی میں ایک دن ہمارے گھر جب پہلی بار بناسپتی گھی آیا، تو بہت سبکی محسوس ہوئی۔ آج بھی یاد آتا ہے، تو ایک کسک سی دل میں اٹھتی ہے۔ سردی سے ٹھٹھرتے ہوئے ہر ایک کی کوشش ہوتی کہ اسے چولھے کے قریب ہی جگہ ملے۔ اب اس طرح کا ماحول کہیں نظر نہیں آتا۔ ہماری پھوپھیاں ہاسٹل میں رہتی تھیں، جب چھٹیوں میں گھر آتیں، تو انہیں کوئی کام نہیں کرنے دیا جاتا۔
کھانا لکڑیوں کی آگ پر پکتا تھا۔ لوہے کی لمبی سے پھونکنی اور بڑا سا چمٹا چولھے کے پاس ہی پڑے رہتے۔ کھانا پکاتے ہوئے امّی ہم سب کو پڑھاتی بھی جاتیں، اس موقعے پر اگر کوئی غلطی ہوجاتی تو سزا کے طور پر چمٹے کا آزادانہ استعمال کرتیں۔ ایک دفعہ مجھے حساب کا جمع تفریق سمجھا رہی تھیں، کسی سوال کا جواب پوچھا، مَیںدرست جواب نہ دے سکی، تو اچانک ہی چمٹا مجھ پر آن پڑا اور گھٹنے سے خون بہنے لگا۔ یہ دیکھ کر امّی نے جھٹ توے سے روٹی اتار کر پرے رکھی اور یہ کہتے ہوئے جلدی سے مجھے ساتھ لپٹا لیا کہ ’’ہائے میری بچّی، کہاں لگ گئی چوٹ؟‘‘ اورپھر جلدی جلدی پٹّی کی اس کے بعد اس بات پربہت پچھتاتی رہیں۔ جب وہ چولھے پر کام کررہی ہوتیں، اور لکڑیوں کو جلانے کے لیے پھونکنی سے پھونکیں مار مار کر تھک جاتیں، تو ہم بھی اُن سے پھونکنی لے کر کچھ پھونکیں مارتے۔
آگ تیز جلنے میں دقّت ہوتی تو ان کا مخصوص جملہ ہوتا ’’ٹال والے نے گیلی لکڑیاں دے دیں، دھوپ میں ڈالو ان کو۔‘‘دانت صاف کرنے کے لیے ٹوتھ پیسٹ کا کوئی تصوّر نہ تھا، کوئلہ پیس کر نمک ملا کر منجن بنالیا جاتا۔ کوئلے کی استری سے کپڑے پریس ہوتے تھے، آج کل کی نسل تو اس معصوم اور سادہ زندگی کا سوچ بھی نہیں سکتی۔ اور ہاں، سب سے بڑھ کر مہمانوں کی آمد پر سب کو بہت خوشی ہوتی تھی۔ باغوں میں سیرو تفریح کا رواج عام تھا۔ ہمارے شہر میں ایک نہایت وسیع و عریض ’’کمپنی باغ‘‘ ڈپٹی کمشنر کے وسیع و عریض بنگلے کے ساتھ واقع تھا۔ ہم اکثر وہاں جاتے اور خوب چاق چوبند اور تروتازہ ہوکر واپس لوٹتے۔
ایک دفعہ اسکول سے چھٹّی کے بعد میں اپنی چند سہیلیوں کے ساتھ کمپنی باغ چلی گئی۔ میری ایک سہیلی جو ہمارے ساتھ نہیں گئی تھی، اس نے امّی سے شکایت لگادی، بس پھر کیا تھا، مَیں گھر پہنچی، تو امّی ٹاٹ کے پردے کے پیچھے کھڑی میرا انتظار کررہی تھیں، گھر میں داخل ہوتے ہی انہوں نے میرے ہاتھ سے تختی لے کر جو پٹائی کی، تو اس کے بعد کبھی انہیں بتائے بغیر کہیں نہیں گئی۔
وہ دَور بہت یاد آتا ہے۔ بہت ہی اچھے تھے، وہ سادہ اور معصوم لوگ، جن میں سے بہت سے اس عارضی دنیا سے دائم آباد کی طرف جاچکے اور باقی تیار بیٹھے ہیں۔ (پروفیسر (ر) نگہت زاہد، لاہور)
سُنیے…آپ سے کچھ کہنا ہے…!!
اگر آپ کے ذہن میں کوئی ایسا واقعہ محفوظ ہے، جو کسی کردار کی انفرادیت، پُراسراریت یا واقعاتی انوکھے پن کی بِنا پر قارئین کے لیے دل چسپی کا باعث معلوم ہو، تو فوراً قلم اٹھائیے اور اس صفحے کا حصّہ بن جائیے۔ یہ واقعات قارئین کے شعور و آگہی میں اضافے کے ساتھ اُن کے لیے زندگی کا سفر آسان کرنے میں بھی ممدومعاون ثابت ہوسکتے ہیں۔ واقعات بھیجنے کے لیے تحریر کا پختہ ہونا ضروری نہیں، صرف سچّا ہونا لازم ہے۔ نیز، اپنا نام و پتا بھی لکھیے تاکہ رابطے کی ضرورت محسوس ہو، تو رابطہ کیا جاسکے۔ ہمیں اپنی تحریریں اس پتے پر بھیجیں۔
ایڈیٹر،سنڈے میگزین صفحہ ’’ناقابلِ فراموش‘‘، روزنامہ جنگ، شعبہ میگزین، اخبار منزل، آئی آئی چندریگر روڈ، کراچی۔