تحریر: عالیہ کاشف عظیمی
ماڈلز: ہنّہ بٹ اور فرح شاہ
ملبوسات: شیخ عمران
آرایش: دیوا بیوٹی سیلون
لوکیشن: پینٹ ہاؤس پی کے
عکّاسی: عرفان نجمی
لے آؤٹ: نوید رشید
موسمِ سرما کے حوالے سے نفسیات کے ماہرین کا کہنا ہے،’’ سردیوں میں ڈیپریشن ہونے کے زیادہ امکانات پائے جاتے ہیں‘‘، تو اس سے بچنے کا سب سے آسان حل یہی ہے کہ سرما کی چمکیلی دھوپ یا گلابی شاموں میں اپنوں کے سنگ خُوب انجوائے کیا جائے۔اور اگرکسی سکھی سہیلی کے ساتھ گھومنے پھرنے کا کوئی پروگرام بن جائے، تو سونے پر سہاگا ہوجائے کہ سہیلیوں کی سنگت ہی زندگی کی کئی الجھنوں، پریشانیوں کا احساس کم کردیتی ہے۔ تو لیجیے،موسم کی عین مناسبت سے آج ہم نے اپنی بزم آپ اور آپ کی سہیلیوں کے لیے کچھ حسین و دِل کش اورجدّت و ندرت سے بَھرپور پیراہن سے مرصّع کی ہے۔
ذرا دیکھیے، ایک سہیلی نے سیاہ رنگ ٹُو پیس سوٹ زیبِ تن کیا ہے، تو دوسری نے بلیو جینز کے ساتھ سیاہ رنگ ہائی نیک کا انتخاب کیا ہے۔ پھر ایک جانب فیروزی رنگ فِش میکسی کے ساتھ کنٹراسٹ میں سیاہ رنگ فر کوٹ خوش گوار تاثر دے رہا ہے، تو سفید رنگ جینز کے ساتھ قدرے چھوٹی اسٹائلش شرٹ کے ماڈرن لُک کا بھی جواب نہیں۔
ایک نے سیاہ جینز اور شرٹ کے ساتھ قدرے لمبے آف وائٹ فر کوٹ کا انتخاب کیا ہے، تو دوسری کی سیاہ جینز، شرٹ کے ساتھ ریکزین جیکٹ بھی بھلی معلوم ہورہی ہے۔ ایک اور انداز میں سفید اِنر کے ساتھ سیاہ رنگ ڈانگری (رومپر) جچ رہی ہے، تو دوسرے انداز میں ایک کی پِیچ رنگ شارٹ میکسی ;غضب ہے، تو دوسری کا سیاہ و سفید کے کامبی نیشن میں اسٹرائپڈ رومپر کے ساتھ سیاہ رنگ فر کوٹ اسٹائلش لُک دے رہا ہے۔