اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کی جانب سے 8 لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
وزیرخزانہ حفیظ شیخ کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔
ذرائع کے مطابق ای سی سی کے اجلاس کے دوران 8 لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کی منظوری دی گئی ہے جبکہ پانچ لاکھ ٹن چینی ٹریڈ کارپوریشن آف پاکستان درآمد کرے گی۔
ذرائع کے مطابق پرائیویٹ سیکٹر کو 3 لاکھ ٹن خام چینی درآمد کرنے اجازت دے دی گئی جبکہ چینی کی درآمد پر 30 جون تک ٹیکس چھوٹ کی منظوری بھی دی گئی ہے ۔
ذرائع کے مطابق ای سی سی کے اجلاس کے دوران نئی 5 سالہ ٹیکسٹائل پالیسی منظوری اور وزارت مذہبی امور کی روڈ ٹو مکہ منصوبے کی سمری موخر کر دئی گئی ہے۔
ای سی سی کے اجلاس کے دوران وزارت داخلہ کو برطانیہ میں مقدمات کی پیروی کے لیے سپلیمنٹری گرانٹ دینے کی منظوری دی گئی ہے جبکہ پاکستانیوں کی بیرون ملک سرمایہ کاری کی ڈرافٹ پالیسی منظور کر لی گئی ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک کروڑ ڈالرتک کی بیرون ملک سرمایہ کاری کی اجازت اسٹیٹ بینک سے لینا ہوگی جبکہ نیشنل فریٹ اینڈ لاجسٹکس پالیسی کی منظوری مؤخر کر دی گئی ہے ۔
ای سی سی کے اجلاس کے دوران مزید ایف سی بلوچستان نارتھ کے ہیلی کاپٹرمینٹیننس کے پرزہ جات کے لیے فنڈز کی سمری منظور کر لی گئی ہے جبکہ ای سی سی نے روز ویلٹ ہوٹل کے مالی معاملات کے لیے کمیٹی قائم کردی ہے۔