ویسے تو سوپ پینے کے شوقین افراد سارا سال ہی سوپ پیتے رہتے ہیں لیکن موسم سرما آتے ہی ہر کوئی مختلف اقسام کے لذیذ سوپ پینا پسند کرتا ہے۔ بچے ،بوڑھے اور نوجوان سبھی شوق سے سوپ پیتے ہیں۔ ریستوران اور بازاروں میں جگہ جگہ سوپ کی فروخت ہوتی ہے جبکہ گھروں پر بھی اسے بنانے کا خاص اہتمام کیا جاتا ہے۔ سرد راتوں میں گرما گرم سوپ ٹھنڈ کی شدت سے بھی بچاتے ہیں۔ سوپ کی مختلف اقسام میں سب سے زیادہ چکن کارن سوپ کھایا جاتا ہے۔
یہ جلد ہضم ہونے والی غذا ہے۔ سوپ افادیت کے لحاظ سے لاجواب ہے، جسے جسمانی کمزوری اور بیماری میں توانا غذا کے طور پراستعمال کیا جاتا ہے۔ سوپ نظامِ ہضم کی خرابیوں کو دور کرنے کے لیے بھی کار آمد ہے۔ ویسے تو مرغی اور بکرے کا سوپ بے حد مفید ہے لیکن سبزیوں سے تیار کردہ سوپ بھی انتہائی لذیذ اور قوت بخش ہوتا ہے۔ اسی لیے سوپ میں وٹامنز، معدنیات ، ریشہ اور پروٹین وافر مقدار میں موجود ہوتا ہے، جو اسے ایک مکمل، طاقتور اور توانائی فراہم کرنے والی غذا بناتا ہے۔ قارئین کے لیے کئی طرح کے مزیدار سوپ کی چند تراکیب پیش کی جارہی ہیں۔
چکن کارن سوپ
درکار اجزاء:
مکھن۔ ایک کھانے کا چمچ
کارن۔ اُبلے ہوئے دو پیالے
لہسن پیسٹ۔ ایک چائے کا چمچ
چکن۔250گرام (بون لیس کٹی ہوئی)
چکن اسٹاک۔ 4 کپ
پانی۔ 2 سے 3 کپ
نمک۔ حسب ذائقہ
کالی مرچ۔ 1/2چائے کا چمچ
سویا ساس۔ ایک کھانے کا چمچ
سرکہ۔2کھانے کے چمچ
کارن فلور۔ 4کھانے کے چمچ
انڈے کی سفیدی۔ 3عدد
ترکیب:
فرائی پین میں مکھن ڈالیں، بعد میں لہسن پیسٹ شامل کر کے دو منٹ کے لیے پکائیں۔ اب اس میں چکن شامل کرکے تب تک پکائیں جب تک اس کا رنگ تبدیل نہ ہوجائے۔ پھر چکن اسٹاک اور پانی شامل کرکے اسے اچھی طرح اُبال لیں۔ بعد میں نمک اور کالی مرچ ڈال کر مکس کریں۔ پھر اس میں سویا ساس اور سرکہ ملا کر 8 سے 10 منٹ تک پکائیں۔
آخر میں کارن فلور میں تھوڑا سا پانی ملائیں اور سوپ میں شامل کردیں، ساتھ ساتھ اسے مکس بھی کرتے رہیں۔ آخر میں اُبلے ہوئے کارن اور انڈے کی سفیدی مسلسل چمچ چلانے کے ساتھ شامل کریں۔ گرما گرم سوپ گھر والوں کو پیش کریں۔
ہاٹ اینڈ ساور چکن کارن سوپ
درکار اجزاء:
چکن۔ آدھا کلو
بند گوبھی۔ ایک کپ (کٹی ہوئی)
شملہ مرچ۔ ایک عدد (باریک کٹی ہوئی )
گاجر۔ 2عدد (کرش کی ہوئی)
ہری مرچ۔ 6عدد (باریک کٹی ہوئی)
کارن فلور۔ 6کھانے کے چمچ
مکئی دانے۔150گرام (اُبلے ہوئے)
نمک۔ حسبِ ضرورت
چکن پاوڈر۔ ایک کھانے کا چمچ
چائنیز نمک۔ ایک چائے کا چمچ
کالی مرچ۔ ایک کھانے کا چمچ
چلی سوس۔2کھانے کے چمچ
سویا سوس۔2کھانے کے چمچ
سفید سرکہ۔ 2کھانے کے چمچ
لہسن ادرک کا پیسٹ۔ ایک کھانے کا چمچ
انڈے کی سفیدی۔ ایک عدد
ترکیب:
ہاٹ اینڈ ساور چکن کارن سوپ بنانے کے لیے سب سے پہلے یخنی تیار کریں۔ اس کے لیے پریشر ککر میں 2 کھانے کے چمچ تیل اور لہسن ادرک کا پیسٹ ڈال کر تھوڑا سا بھون لیں۔ پھر اس میں چکن ڈال کر تھوڑی دیر کے لیے بھونیں۔ اس میں ایک کھانے کا چمچ نمک، کالی مرچ اور ایک عدد پیاز چھیل کر ثابت ڈال دیں۔ اب ڈیڑھ لیٹر پانی ڈال کر پریشرککر کا ڈھکن بند کر دیں۔ سیٹی بجنے کے بعد 5 منٹ تک انتظار کریں اور پھر چولہا بند کر دیں۔ چکن اچھی طرح گلنے پر یخنی تیار ہوجائے گی۔ یخنی میں سے چکن نکالیں اور اس کی ہڈیاں نکال کر پھینک دیں، پھر چکن کو ہاتھوں سے باریک باریک کر لیں۔
سو پ بنانے کے لیے ایک دیگچی میں یخنی ڈال کر گرم کریں۔ پھر اس میں بند گوبھی، شملہ مرچ، گاجریں، اُبلے ہوئے مکئی کے دانے اور ہری مرچ ڈال دیں۔ اس کے بعد حسبِ ضرورت نمک، چائنیز نمک اور چکن پاؤڈر ڈال دیں۔ اب اس میں چکن ڈال کر تھوڑا سا ہلائیں اور پھر اُبال آنے دیں۔ اس دوران ایک پیالی میں کارن فلور لیں اور اس میں تھوڑا سا پانی ڈال کر مکسچر بنالیں۔ اس مکسچر کو دیگچی میں ڈال دیں۔ اس دوران آنچ تیز رکھیں اور آرام سے چمچ ہلاتے جائیں تاکہ کارن فلور کی گٹھلیاں نہ بن جائیں۔
اب اس میں چلی سوس، سویا سوس اور سفید سرکہ ڈال دیں اور ہلائیں۔ انڈے کی سفیدی کو اچھی طرح پھینٹ لیں اور سوپ میں آرام سے ڈالیں، تقریباً2منٹ تک چمچ نہ ہلا ئیں تاکہ انڈہ بالکل سوپ میں شامل نہ ہوجائے۔ اب اس میں آہستہ آہستہ چمچ ہلاتے جائیں، اگر آپ کو لگے کہ سوپ کم گاڑھا ہے تو آپ اس میں 2چمچ کارن فلور اور ڈال سکتے ہیں۔ پھر کالی مرچ ڈالیں اور 3منٹ مزید پکنے دیں۔ لیجیے آپ کا ہاٹ اینڈ ساور سوپ تیار ہے۔
ٹماٹر کا سوپ
درکار اجزاء:
ٹماٹر۔ ایک کلو
پیاز۔ ایک کپ
لیموں کا عرق۔ چار کھانے کے چمچ
پانی۔ دو لیٹر
ادرک پیسٹ۔ ایک کھانے کا چمچ
لال مرچ پاؤڈر۔ دو کھانے کے چمچ
آلو۔ 2عدد (بڑے)
لہسن۔ 3جوئے
نمک۔ حسبِ ذائقہ
دھنیا۔ 3کھانے کے چمچ
تیل۔ 3کھانے کے چمچ
ترکیب:
تیل کو برتن میں گرم کرکے پیاز فرائی کرلیں۔ اب اس میں لہسن اور ادرک پیسٹ شامل کرکے پکائیں، تھوڑا پکانے کے بعد اس میں ٹماٹر کاٹ کر شامل کریں اور ایک منٹ کےلیے فرائی کریں۔ گاڑھا کرنے کے لیے اس میں آٹے کی جگہ آلو بھی استعمال کیا جاسکتا ہے کیونکہ اس میں آٹے سے زیادہ غذائیت ہے اور اس کے علاوہ سوپ کا ذائقہ بھی بہتر ہو گا۔
آلو کاٹ لیں، انھیںنمک، پسی ہوئی لال مرچ اور پانی کے ساتھ برتن میں شامل کریں، پھر تھوڑا سا نمک شامل کریں کیونکہ ٹماٹر اور لیموں کی کھٹاس کی وجہ سے نمک کا پتہ نہیں چلتا۔ سوپ اُبال لیں پھر ڈھک کر ہلکی آنچ پر 45منٹ پکائیں۔ اس کے بعد سوپ کو چھلنی سے چھان لیں اور دوبارہ پکائیں۔ اس دوران سوپ پر جھاگ آئیں تو صاف کردیں اور لیموں کا عرق شامل کریں۔ جب اچھی طرح پک جائے تو ڈش میں دھنیے سے گارنش کرکے گرما گرم پیش کریں۔
ویجیٹیبل اینڈ بین سوپ
درکار اجزاء:
آلو۔ ایک عدد
گاجر۔ ایک عدد
ٹماٹر۔ ایک عدد
بینگن۔ ایک عدد چھوٹا
تیل۔ دو کھانے کے چمچ
سفید لوبیا۔ آدھی پیالی
چکن کی یخنی۔ دو گلاس
نمک۔ حسبِ ذائقہ
کالی مرچ پاؤڈر۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ
بیزل۔ ایک چائے کا چمچ
بٹن مشروم۔ چار سے پانچ عدد
سویاں۔ آدھا پیکٹ
پستے۔ دس گرام (کٹے ہوئے)
پارمیزان چیز۔ دس گرام (سلائس)
ترکیب:
پہلے آلو، گاجر، ٹماٹر اور بینگن کو چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔ اب ایک کڑاہی میں تیل گرم کرکے تمام سبزیوں کو ہلکا سا فرائی کریں۔ ساتھ میں سفید لوبیا بھی ڈال دیں اور چار سے پانچ منٹ بعد اس میں چکن کی یخنی، کالی مرچ اور نمک شامل کردیں۔ پھر آنچ ہلکی کرکے ڈھک کر پکنے کے لیے چھوڑ دیں۔ تمام سبزیاں نرم ہو جائیں تو ان میں بیزل، بٹن مشروم اور سویاں شامل کرکے تین سے چار منٹ تک ہلکی آنچ پر پکائیں تاکہ وہ نرم ہو جائیں۔ پھر سوپ کو ڈش میں نکال کر پستے اور پارمیزان چیز سے گارنش کرکے پیش کریں۔
مشروم سوپ
درکار اجزاء:
مرغی کا گوشت۔ 250گرام (چھوٹی بوٹی)
مشروم۔ 1کپ (سلائس کرلیں)
دودھ۔ 1/2کپ
کریم۔ 2کھانے کے چمچ
سویا سوس۔ 1کھانے کا چمچ
لہسن کے جوئے۔ 3عدد (چوپ کرلیں)
تازہ لال مرچ۔ 3سے4عدد (باریک کاٹ لیں)
کارن فلور۔ 2کھانے کے چمچ
نمک ۔حسبِ ذائقہ
چائنیز نمک۔ 1/2چائے کا چمچ
لیموں۔ 1عدد
سفید مرچ پاؤڈر۔ 1/4چائے کا چمچ
ترکیب:
گوشت میں نمک، چائنیز نمک، مشروم اور سفید مرچ پاؤڈر ڈا ل کر یخنی بنا لیں۔ پھر اس میں لیموں کارس شامل کریں۔ تیار کی ہوئی یخنی کو گرائنڈر میں ڈال کر گرائنڈ کرلیں۔ اب اس میں دودھ شامل کرکے دوبارہ گرائنڈ کرکے سوس پین میں ڈال کر گرم کریں۔ کارن فلور اور کریم شامل کرکے سوپ گاڑھا ہونے تک پکائیں۔ پیالے میں نکال کر تازہ لال مرچ سے گارنش کرکے گرم گرم پیش کریں۔
تھائی فش سوپ
درکار اجزاء:
سرمئی مچھلی۔ ایک کپ
سول مچھلی۔ دو کپ
ریڈ اسنیپر فش۔ 250گرام
کارن فلور۔ آدھا کپ
نمک۔ حسبِ ذائقہ
سیلری کے پتے۔ دو عدد
فش سوس۔ چھ کھانے کا چمچ
لیموں کا رس۔ چار کھانے کے چمچ
ادرک۔ آدھا چائے کا چمچ
لہسن۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ
لیمن گراس۔ دو اسٹکس (کٹی ہوئی)
ہری پیاز۔ تین عدد
لال مرچ۔ حسبِ ضرورت
تیل۔ ایک تہائی کپ
میدہ۔ تین کھانے کے چمچ
انڈے۔ دو عدد
چکن کی یخنی۔ ایک سے ڈیڑھ کپ
تیز پات۔ ایک عدد
کالی مرچ۔ تھوڑی سی
ترکیب:
سب سے پہلے مچھلی کے کانٹے اور گو شت الگ کرلیں۔ اب ایک پین میں پانی، مچھلی کے کانٹے، تیز پات اور کالی مرچ ڈال کر ڈھانپ لیں اور اُبلنے کے لیے رکھ دیں۔ جیسے ہی اُبال آجائے تو آنچ ہلکی کردیں۔ کچھ دیر ہلکی آنچ پر پکنے کے بعد اس میں سیلری کے پتے، ہری پیاز اور لہسن ڈال کر پندرہ سے بیس منٹ ڈھانپ کر ایک بار پھر پکنے کے لیے رکھ دیں۔
اب اس میں فش سوس، لیمن گراس، دو کھانے کے چمچ لیموں کا رس، لال مرچ اور ادرک شامل کرکے ڈھانپ دیں اور مزید پندرہ سے بیس منٹ پکنے دیں۔ اب مچھلی کے کانٹوں کو الگ برتن میں چھان لیں۔ ساتھ ہی ایک الگ پین میں چکن کی یخنی اُبال لیں۔ اب مچھلی کے گوشت کو ایک پیالے میں ڈال دیں۔
اب اس میں میدہ، انڈے، لال مرچ، کارن فلور کی آدھی مقدار ، بقیہ لیموں کا رس اور نمک ڈال کر اچھی طرح مکس کرکے ایک سے دو گھنٹے کےلیے میری نیٹ کرلیں۔ ایک کڑاہی میں تیل گرم کرکے اس میں میری نیٹ کی ہوئی مچھلی کو تین سے چار منٹ کےلیے ہلکا فرائی کرلیں۔ مچھلی کو براؤن نہ کریں۔ ایک الگ برتن میں بقیہ کارن فلور میں تھوڑا سا پانی شامل کرکے مکس کرلیں۔
مچھلی کے سوپ میں پانی مکس کیا ہوا کارن فلور ڈال کر اچھی طرح مکس کرلیں تاکہ سوپ تھوڑا گاڑھا ہو جائے۔ پھر اس میں اُبلی ہوئی چکن کی یخنی شامل کرلیں اور آٹھ سے دس منٹ پکنے دیں، یہاں تک کہ اُبال آجائے۔ اب اس میں فرائی کی ہوئی مچھلی شامل کرکے کچھ دیر پکنے کے لیے رکھ دیں۔ لیجیے مزیدار تھائی فش سوپ تیار ہے۔
لبنانی چکن سوپ
درکار اجزاء:
کابلی چنے۔ ساڑھے تین کپ (سوڈا ملے پانی میں رات بھر بھگو دیں)
مرغی کی یخنی۔ 9 کپ
چاول۔ 1/2کپ (دھو کر 20منٹ تک بھگو دیں)
مرغی (اُبلی ہوئی)۔ 2کپ (کیوبز کاٹ لیں)
پیاز۔ 1عدد (چوپ کر لیں)
لہسن کے جوئے۔ 2عدد (کوٹ لیں)
زیتون کا تیل۔ 2کھانے کے چمچ
زیرہ پاوٴڈر۔ 1/2چائے کا چمچ
دار چینی پاوٴڈر۔ 1چائے کا چمچ
نمک۔ حسبِ ذائقہ
کالی مرچ پاوٴڈر۔ حسبِ ذائقہ
ترکیب:
چنوں کو دھو کر پتیلی میں ڈالیں، پھر اس میں مرغی کی یخنی ڈال کر ایک گھنٹے تک اُبال لیں (چنوں کو صرف نرم ہونے تک پکائیں)۔ اس میں چاول ڈال کر چمچ چلائیں اور 15منٹ تک پکائیں۔ ایک سوس پین میں تیل گرم کر کے اس میں پیاز ڈال کر فرائی کریں۔ اس کے بعد اس میں لہسن، زیرہ پاوٴڈر اور دار چینی پاؤڈر ڈال کر5منٹ تک پکائیں۔
اُبلی ہوئی مرغی، نمک اور کالی مرچ پاؤڈر ڈال کر مکس کریں اور اسے چنوں کے آمیزے میں ڈال کر دھیمی آنچ پر45سے50منٹ تک ڈھکن ڈھک کر پکائیں۔ لیجیے مزیدار لبنانی چکن سوپ تیار ہے۔ سرونگ باؤل میں نکالیں اورگارلک بریڈ کے ساتھ گرم گرم پیش کریں۔
اسپیشل چکن اینڈ پران سوپ
درکار اجزاء:
چکن بریسٹ۔ ایک عدد (سلائس)
جھینگے۔ چھ عدد
نمک۔ دو چائے کا چمچ
سفید مرچ۔ ایک چائے کا چمچ
مرغی کی یخنی۔ آٹھ کپ
گاجر۔ دو کھانے کے چمچ (کیوبز میں کٹی ہوئی)
بند گوبھی۔ دو کھانے کے چمچ (کیوبز میں کٹی ہوئی)
مشروم۔ چار عدد (کٹے ہوئے)
مٹر۔ 1/4چوتھائی کپ (اُبلے ہوئے)
ہری پیاز۔ دو کھانے کے چمچ
کارن فلور۔ پانچ کھانے کے چمچ
انڈہ۔ ایک عدد (پھینٹا ہوا)
بین کرڈ۔ ایک ٹکڑا
ترکیب:
چکن بریسٹ اور جھینگوں کو ایک چائے کا چمچ نمک اور آدھا چائے کا چمچ سفید مرچ کے ساتھ میری نیٹ کریں۔ اب مرغی کی یخنی گرم کرکے اس میں میری نیٹ کی ہوئی چکن، جھینگے، ایک چائے کا چمچ نمک، آدھا چائے کا چمچ سفید مرچ، گاجر، بند گوبھی، مشروم، مٹر اور ہری پیاز ڈال کر دس منٹ کے لیے پکائیں۔ پھر اسے کارن فلور کے پیسٹ سے گاڑھا کریں۔ آخر میں انڈہ اور بین کرڈ ڈال کر پیش کریں۔
کریمی مشروم سوپ
درکار اجزاء:
بٹن مشروم۔ 1کپ (کچھ مشروم الگ کرکے سلائس کرلیں)
تیل۔ 1کھانے کا چمچ
مکھن۔ 3کھانے کے چمچ
چھوٹے سائز کی پیاز۔ 1عدد (باریک چوپ کرلیں)
میدہ۔ 1کھانے کا چمچ
سبزی کی یخنی۔ 1کپ
دودھ۔ 1کپ
تلسی کے پتے۔ 1گٹھی
کریم۔ 2سے3کھانے کے چمچ
نمک۔ حسب ِ ذائقہ
کالی مرچ پاؤڈر۔ حسب ِ ضرورت
ترکیب:
مشروم کو صاف کرکے اس کے سلائس کاٹ لیں۔ اب سوس پین میں تیل گرم کرکے اس میں پیاز اور مشروم ڈال کر فرائی کریں۔ اس کے بعد ڈھکن ڈھک کر ہلکی آنچ پر 6سے7منٹ تک پکائیں۔ اس کے بعد اس میں میدہ ڈال کر مزید ایک منٹ پکائیں۔ سبزی کی یخنی، دودھ، تلسی کے پتے، نمک اور کالی مرچ پاؤڈر شامل کریں۔ ایک مرتبہ اُبالنے کے بعد آنچ کم کر دیں اورڈھکن ڈھک کر 15منٹ تک پکائیں۔
سوپ کے تھوڑا ٹھنڈا ہونے کے بعد اسے فوڈپروسیسر میں ڈال کر بلینڈ کرلیں۔ اب فرائنگ پین میں مکھن گرم کرکے اس میں بچے ہوئے مشروم ڈال کر فرائی کریں۔ بلینڈ کیے ہوئے سوپ کو سوس پین میں ڈال کرخوب گرم کریں اور اس میں فرائی کیے ہوئے مشروم ڈال کر حسب ِ ذائقہ نمک اور کالی مرچ شامل کریں، پھر اوپر سے کریم ڈال دیں۔ لیجیے کریمی مشروم سوپ پیش کرنے کے لیے تیار ہے۔
بیف اینڈ اَنین سوپ
درکار اجزاء:
یخنی۔2کپ
گوشت۔ 250گرام
پیاز۔ 1عدد (چوپ کرلیں)
سویا سوس۔ 3کھانے کے چمچ
کالی مرچ پاؤڈر۔ 1چائے کا چمچ
نمک۔ حسب ذائقہ
چلی سوس۔ 1کھانے کا چمچ
میکرونی۔ اُبلی 1/4کپ
کارن فلور پیسٹ۔ 1/2کپ
انڈہ۔ 1عدد (پھینٹ لیں)
ترکیب:
گوشت میں نمک اور پانی ڈال کر اچھی طرح اُبال لیں۔ پانی اتنا ڈالیں کہ گوشت گلنے کے بعد باقی بچ جانے والی یخنی میں ہی سوپ تیار ہوسکے۔ اس کے بعد اُبلا ہوا گوشت نکال کر ریشے کرلیں۔ ایک سوس پین میں یخنی ڈال کر گرم کریں۔ اس میں پیاز، گوشت، میکرونی، سویا سوس اور کالی مرچ پاؤڈر ڈال کر مکس کریں۔
آخر میں انڈہ اور کارن فلور ڈال کر چمچ چلائیں۔ گاڑھا ہونے تک اسے ہلکی آنچ پر پکائیں۔ لیجیے مزیدار بیف اینڈ اَنین سوپ تیار ہے۔ سرونگ باؤل میں نکالیں اور چلی سوس سے گارنش کرکے گرم گرم پیش کریں۔