تحریر : عالیہ کاشف عظیمی
ماڈل:عریشہ ارشد
ملبوسات اورشالز: ہائی فیشن ڈیزائنز، کلفٹن،کراچی
آرایش:روز بیوٹی پارلر
عکّاسی: ایس ایم ریاض
لے آئوٹ: نوید رشید
سرما رُت میں کسی سکھی سہیلی، عزیز و اقارب کے گھر جانا ہو یا پھر شادی بیاہ کی کوئی تقریب ہو، عموماً لڑکیاں دیدہ زیب پیراہن کے ساتھ دِل کش انداز کی شالز ہی کا انتخاب کرتی ہیں۔ تو اسی لیے آج ہم نے اپنی بزم کچھ خوش نما، دیدہ زیب اور اسٹائلش سی رنگ برنگی ویلویٹ شالز سے مرصّع کی ہے۔
ذرا دیکھیے، سیاہ جینز اور میجنٹا رنگ ہائی نیک کے ساتھ سیاہ ویلویٹ شال کس قدر حسین و دِل فریب لگ رہی ہے، زری کے ساتھ تھریڈ ورک کیا خُوب جچ رہاہے۔پھر جامنی رنگ ویلویٹ شال بھی کچھ کم غضب نہیں ڈھا رہی، شال کے بارڈرز پر طلائی رنگ زری اور دبکے کی بیل ہے، تو کہیں کہیں چھوٹی بُوٹیاں بھی بے حد حسین لگ رہی ہیں۔
سیاہ جینز اور سُرخ رنگ شرٹ کے ساتھ ڈارک برائون رنگ ویلویٹ شال کے بھی کیا ہی کہنے،شال کے اطراف میں گوٹے اور ستارےکی ریڈی میڈلیس کی آرایش ہے، توپوری شال پر گول دائروں میں ستارہ ورک نے بھی شال کا حُسن بڑھا دیا ہے۔ نیلے رنگ کی شال کے منفرد انداز کا بھی جواب نہیں، شال کے بارڈرز پر طلائی رنگ موتی لیس اور پلّوکا اسٹائل خُوب کِھل رہا ہے، تو پوری شال کے ستارہ وَرک کا لُک بھی خاصا شان دار ہے۔ جب کہ سیاہ لباس کے ساتھ طلائی رنگ کام سے مرصّع سیاہ رنگ ہی کی شال کے دِل رُبا انداز کا تو کوئی مول ہی نہیں۔
ہماری بزم میں سجی ان اسٹائلش، دیدہ زیب شالز میں سے کوئی سا بھی رنگ و انداز چُن لیں،شرطیہ کئی نظریں آپ کی اعلیٰ ذوق کو داد دیئے بغیر نہ رہ پائیں گی۔