بالی ووڈ کے معروف اداکار، ہدایتکار و پرڈیوسر رندھیر کپور نے اپنی بیٹی کرینہ کپور کے دوسرے بچے کی پیدائش کی تاریخ بتادی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رندھیر کپور نے کہا ہے کہ 15 فروری کو کرینہ کپور کے دوسرے بچے کی پیدائش متوقع ہے۔
اس سے قبل سیف علی خان نے بھارتی میڈیا کو بتایا تھا کہ اُن کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش فروری کے شروع میں متوقع ہے تاہم اب اُن کے سُسر رندھیر کپور نے اپنے حالیہ بیان میں بچے کی پیدائش کی نئی تاریخ سے آگاہ کردیا ہے۔
یاد رہے کہ کرینہ کپور اور سیف علی خان سال 2012 میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔
کرینہ کپور اور سیف علی خان کے ہاں پہلے بچے کی ولادت 20 دسمبر 2016 میں ہوئی تھی جبکہ اس معروف فلمی جوڑے نے دوسرے بچے کے حوالے سے کرینہ کے امید سے ہونے کا اعلان گرشتہ برس اگست میں کیا تھا۔
فلم فیئر کے مطابق سیف علی خان نے کہا کہ وہ دوسرے بچے کی ولادت سے کچھ پریشان تو ہیں لیکن وہ پرجوش بھی ہیں کہ گھر میں ایک چھوٹا بچہ کھیلتا کودتا نظر آئے۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق نجومی پنڈت جگناتھ گروجی نے کہا تھا کہ سیف علی اور کرینہ کپور انڈسٹری کی طاقتور جوڑی ہے اور اُن کے چہروں کو دیکھتے ہوئے یہ پیش گوئی کی ہے کہ تیمور کے بعد اس بار ان کے گھر بیٹی کی ولادت ہوگی۔
پنڈٹ جگناتھ نے یہ بھی کہا تھا کہ علم نجوم اور چہرہ شناسی کی بنیاد پر یہ کہا جا رہا ہے ان کی بیٹی ذہانت سے مالا مال ہوگی کیوں کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ خود والدین اور اُن کا خاندان ذہانت سے بھرپور ہے۔