• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مرتب: محمّد ہمایوں ظفر

دادا ابّو کے انتقال کے بعد اسٹور کی صفائی کرتے ہوئے پھوپھی جان کو پرانی چیزوں میں سے تنکوں سے بنی ایک کانگڑی (یہ تنکوں سے بنی ایک ٹوکری ہوتی ہے، جس کے اندر مٹّی کا پیالہ پیوست ہوتا ہے) مِلی۔ اس پیالے میں کوئلے کی سیاہی واضح تھی۔ پھوپھی جان اس کانگڑی کو احتیاط سے ہاتھ میں لیے کمرے میں آکر بیٹھ گئیں اور اُداس چہرے سے اُسے دیکھنے لگیں، اُن کی آنکھیں نم ہورہی تھیں۔ اگرچہ دادا جان کی سب ہی چیزیں اُن کی نشانیاں تھیں، ہرایک سے اُن کی یادیں جُڑی تھیں۔ 

مگر، میں پھوپھی جان کی دل جوئی کے لیے اُن کے ساتھ لگ کربیٹھ گئی اور اُن سے اُداسی کا سبب پوچھا، تو ایک کھوئی ہوئی نگاہ میری طرف اٹھا کر چند ثانیے مجھے دیکھتی رہیں، پھرگویا ہوئیں…’’آج اتنے عرصے بعد یہ کانگڑی ملی، تو اس سے متعلق وہ ساری باتیں ذہن کے دریچوں میں تازہ ہوگئیں۔ وہ سارے منظر، ساری باتیں، جہاں سے ہم نے یہ خریدی تھی، وہ جگہ، وہ دُکھ بھرا ماحول، سب ہی کچھ میرے ذہن میں ہل چل مچا رہا ہے۔ 

یوں محسوس ہورہا ہے، جیسے ابھی کل ہی کی بات ہو۔‘‘ پھوپھی جان کی بات سے میرے اندر تجسّس پیدا ہوگیا، میں ان کا ہاتھ تھامے پاس ہی بیٹھ گئی۔ ’’پھوپھی جان!آپ تو دادا کی سب سے چہیتی بیٹی تھیں، آپ کے پاس تو اُن کی سب سے قیمتی یادیں ہوں گی، مجھے بھی کچھ بتائیں۔‘‘ پھوپھی جان نم آنکھوں سے مسکرادیں۔ ’’اپنوں سے اپنوں کی یادیں بانٹنا بھی بہت خُوب صُورت لمحے ہوتے ہیں۔‘‘

کچھ لمحہ توقف کے بعد سوچ کی وادی میں جاتے ہوئے گویا ہوئیں۔ ’’یہ کوئی35سال پرانی بات ہے، ابّا میاں کو اپنی خالہ کی وفات پر تعزیت کے لیے جموں وکشمیر بارڈر کے نزدیکی گائوں جانا تھا۔ مَیں اُس وقت کوئی 12،13 سال کی تھی۔ ابّا میاں کی لاڈلی تھی، بس ضد پکڑلی کہ مجھے بھی آپ کے ساتھ جانا ہے، سب نے بہت سمجھایا، بہلایا، مگر میری ضد کے آگے کسی کی نہ چلی۔ بالآخر وہ مجھے اپنے ساتھ لے جانے پر مجبور ہوگئے۔ اگلے روز ہم صبح فجر کی نماز کے بعد ناشتا کرکے بس اڈّے کی جانب روانہ ہوگئے۔ تقریباً6گھنٹے کا سفر تھا۔ 

دل کش مناظر سے لُطف اندوز ہوتے ہوئے بالآخر اُس حسین وادی میں پہنچ گئے۔ بس سے اترے، تو سامنے ہی پگ ڈنڈی کی صُورت اونچا نیچا راستہ وادی کی طرف جارہا تھا۔ یہاں لکڑی کے بنے چھوٹے بڑے خُوب صُورت مکانات کسی دیو مالائی دنیا کا منظر لگ رہے تھے، آبادی بہت زیادہ نہیں تھی۔ خالہ کے گھر پہنچنے کے بعد ابّا میاں اور ان کے رشتے دار گھر کے وسیع کمرے میں گفت و شنید میں مصروف ہوگئے۔ 

برابر والے کمرے میں دیگر مہمانوں کے ساتھ آئے ہوئے بہت سے بچّے سہمے بیٹھے تھے۔ ان تمام بچّوں کے ہاتھ، پیر اور جسم کے مختلف حصّوں پر زخموں کے نشانات تھے، کئی بچّوں کے ہاتھوں اور پیروں پر پٹّیاں بندھی بھی نظر آرہی تھیں۔ ایک7،8سالہ بچّی اپنے چھوٹے بھائی کو سنبھالے ہوئے تھی، جس کی آنکھ پر پٹّی بندھی تھی، وہ کہیں پڑوس کے گھر سے آئی ہوئی تھی۔ سب ہی بچّوں کے چہروں سے خوف عیاں تھا، بلکہ اس پوری وادی ہی میں ایک عجیب خوف اور دہشت کی فضا طاری تھی۔ 

میں نے اُس بچّی سے پوچھا کہ ’’تمہارے بھائی کی آنکھ کو کیا ہوا ہے؟‘‘ تو اس نے اُداسی سے بتایا کہ ’’پیلٹ گن کی اندھا دُھند فائرنگ سے میرے معصوم بھائی کی ایک آنکھ ضائع ہوگئی ہے۔‘‘ یہ کہتے ہوئے اس کے گلابی گال آنسوئوں سے تر ہوگئے، اپنے رخسار سے آنسو پونچھتے ہوئے بولی ’’کاش!وہ چَھرّا مجھے لگ جاتا۔‘‘ میری ریڈھ کی ہڈی تک سنسناہٹ دوڑ گئی تھی اور اس کے درد بھرے الفاظ اور وہ ٹوٹے ٹوٹے جملے میں نے اپنی رُوح کی گہرائی تک محسوس کیے۔ 

بچّے ہی کیا، یہاں چھوٹے، بڑے سبھی اسی کرب اور دُکھ کا شکار تھے۔ مَیں ابھی اس اندوہ ناک صورتِ حال پر غور ہی کر رہی تھی کہ کہیں دُور سے زور دار دھماکوں کی آواز پوری وادی میں گونجنے لگی۔ دھماکوں کی گھن گرج سے بچّوں میں خوف اور گھبراہٹ بڑھ گئی تھی، کچھ تو اتنے خوف زدہ ہوئے کہ کمرے میں رکھے لکڑی کے تخت کے نیچے گھس گئے۔ میں حیران پریشان انہیں دیکھ رہی تھی۔ پھر کچھ دیر بعد گھن گرج کی خوف ناک آوازیں تھم گئیں، سورج ڈھلنے لگا، آس پڑوس سے آئے ہوئے لوگ آہستہ آہستہ اپنے اپنے گھروں کی طرف چل دیئے۔

صبح ابّا میاں نے ظالم جن کے پنجے میں جکڑی اس حسین وادی سے نکلنے کے لیے سب سے رخصت لی۔ بس اسٹاپ تک پہنچنے کے لیے ایک بار پھر اسی پگ ڈنڈی پر سفر شروع ہوا، چھوٹی بڑی پگ ڈنڈیوں پرچلتے کچھ دُور گئے، تو وہاں ایک چھوٹے سے لکڑی کے بنے مکان کے باہر ایک چھوٹی سی دکان پر ایک ادھیڑ عُمر خاتون ممتابھری چاہت اور خوب صُورت مسکان لیے مجھے دیکھ رہی تھیں۔ اُن کی چھوٹی سی دکان پر مختلف رنگوں اور سائز کی کانگڑیاں رکھی تھیں۔ 

یہ کانگڑیاں وہاں ہیٹر کے طور پر استعمال کی جاتی ہیں، شدید ترین سردی میں لوگ اس میں کوئلے جلا کر اپنے پاس رکھتے ہیں۔ دکان کے سامنے لٹکی خوب صورت کانگڑیاں دیکھ کر میں نے ابّا میاں کا ہاتھ کھینچ کر ان سے یہ کانگڑی خریدنے کی خواہش ظاہر کی، تو انہوں نے مجھے میری پسند کی ایک کانگڑی دلادی۔ مجھے کانگڑی تھماتے ہوئے وہ خاتون ایک بار پھر مُسکرائیں، مگر اُن کی آنکھیں نم تھیں۔ 

پھر یک دَم مجھ سے بولیں ’’بیٹا! ذرا رُکو۔‘‘ پھر تیزی سے گھر کے اندر گئیں اور جب باہر آئیں، تو اُن کے ہاتھوں میں دو سیب تھے۔ انہوں نے سیب میری طرف بڑھادیئے۔ مَیں ہچکچانے لگی، تو ابّا میاں نے اشارے سے کہا کہ لے لو۔ میں نے سیب لے کر اُن کا شکریہ ادا کیا، تو اُن کی آنکھوں میں آنسو امڈآئے، بولیں ’’شکریہ مت کہو بیٹا، میری بیٹی بھی تمہارے جتنی ہی تھی۔‘‘ یہ کہتے ہوئے اُن کی آواز رندھ گئی، اور انہوں نے سسکتے ہوئے اپنا منہ موڑ لیا۔ ابّا میاں نے صورتِ حال سمجھتے ہوئے میرا ہاتھ پکڑ کر آگے چلنے کا اشارہ کیا۔ 

ہم بھاری قدموں سے آگے بڑھ رہے تھے، میں نے ابّا میاں سے کہا ’’یہ کتنی پیاری تھیں، مگر کتنی دُکھی۔ اللہ پاک اُن سب کا امتحان کیوں لے رہا ہے؟‘‘ میں اپنی ہی دُھن میں مگن بولتے ہوئے ابّا میاں کا ہاتھ تھامے چل رہی تھی، مگر میری بات سن کر ابّا میاں رُکے اور میری طرف جُھک کربولے’’بیٹا!یہ ان مظلوموں کا امتحان نہیں، یہ تو ہمارا امتحان ہے۔‘‘ میں حیرانی سے اُن کی طرف دیکھنے لگی’’ ہمارا کیسا امتحان ابّا؟‘‘ اس بار ابّا میاں کی آنکھوں میں بھی نمی واضح تھی ’’بیٹا!اللہ ہم سے پوچھے گا کہ ان لوگوں کو ظلم و بربریت سے نجات دلانے کے لیے ہم نے کیا کیا۔ ہمارے بھائی بہن یہاں اذیّت کا شکار تھے، تو ہم اپنے گھروں میں کیوں سکون سے سو رہے تھے۔‘‘

پھپھو کی زبانی دادا ابّو کی باتیں سُن کر میری آنکھیں ٹپ ٹپ برس رہی تھیں۔ دل میں درد اور جواب دہی کا احساس جگا رہی تھیں۔ پھپھو کا ہاتھ تھامے، اُن اُداس آنکھوں والے لوگوں کے متعلق سوچ رہی ہوں۔ واقعی، دادا ابّو نے سچ کہا تھا، ’’امتحان اُن کا نہیں، ہمارا ہے۔‘‘ (ثمرین مسعود، ضلع قائدین، کراچی)

سُنیے…آپ سے کچھ کہنا ہے…!!

اگر آپ کے ذہن میں کوئی ایسا واقعہ محفوظ ہے،جو کسی کردار کی انفرادیت، پُراسراریت یا واقعاتی انوکھے پن کی بنا پر قارئین کے لیے دل چسپی کا باعث معلوم ہو، تو فوراً قلم اُٹھایئے اور اس صفحے کا حصّہ بن جائیے۔ یہ واقعات قارئین کے شعور و آگہی میں اضافے کے ساتھ اُن کے لیے زندگی کا سفر آسان کرنے میں بھی ممدومعاون ثابت ہوسکتے ہیں۔واقعات بھیجنے کے لیے تحریر کا پختہ ہونا ضروری نہیں،صرف سچّا ہونا لازم ہے۔ نیز اپنا نام و پتا بھی لکھیے تاکہ رابطے کی ضرورت محسوس ہو، تو رابطہ کیا جاسکے۔ہمیں اپنی تحریریں اس پتے پر بھیجیں۔

ایڈیٹر،’’سنڈے میگزین‘‘ صفحہ ناقابلِ فراموش، روزنامہ جنگ، شعبہ میگزین، اخبار منزل، آئی آئی چندریگر روڈ، کراچی۔

تازہ ترین