• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مرتب: محمّد ہمایوں ظفر

بچپن سے سُنتے تھے کہ کوئی گھڑی قبولیت کی ہوتی ہے۔ لیکن سمجھ نہیں آتاتھا، کون سی گھڑی، مگر پھر ایک ایسا واقعہ میرے ساتھ پیش آیاکہ یقینِ کامل ہوگیا کہ واقعی کچھ اوقات، لمحے قبولیت کے ہوتے ہیں۔

اُن دنوں نہ صرف میں، بلکہ میرے اکثر دوست بھی گریجویشن کے بعد بے روزگاری کے دن کاٹ رہے تھے، لہٰذا فراغت کے ان لمحات میں فٹ بال کھیلنا اور مختلف ٹورنامنٹ وغیرہ منعقد کروانا ہمارے مشاغل تھے۔ دن میں کھیل کودکرتے اور رات کو کھانا کھانے کے بعد تمام دوست مرکزی بازار چلے جاتے، جہاں رات گئے گپ شپ میں اپنا وقت گزارا کرتے۔ ہمارے چھوٹے سے شہر، میرپور ساکرو میں بازار رات 10بجے ہی بند ہوجاتا تھا، بس اِکّا دُکّا ہوٹل یا پان، سگریٹ کے کیبن ہی کُھلے رہتے۔ ہم دوست ایک دکان کے باہر لگی بینچز پر بیٹھے رہتے اور خوب ہنسی مذاق کرتے۔ 

یہ جولائی 1980ء کی بات ہے۔ ایک رات میں تمام دوستوں کے ساتھ بیٹھا تھا کہ میرا ایک دوست عبدالرشید قریشی بھی آگیا اور بتانے لگا ’’یار غفّار! میرا بھانجا سعودی عرب چلا گیا، بڑا محنتی اور پڑھا لکھا ہے، اُسے نوکری بھی بہت اچھی جگہ ملی ہے۔‘‘ اُس کی بات سُن کر بے اختیار ہی میرے منہ سے شکوے کے انداز میں نکلا۔ ’’یااللہ! تُونے عبدالستار کو تو اپنے گھر بلالیا، عبدالغفار نے کیا قصور کیا ہے، جو اُسے نہیں بلا رہا۔ میرے مولا، مجھے بھی اپنے گھر بلالے۔‘‘ میری دُعائیہ کلمات پر سارے دوستوں نے مشترکہ طور پر بلند آواز سے ’’آمین‘‘ کہا۔ پھر کچھ دیر اِدھر اُدھر کی باتیں کرنے کے بعد سب اپنے اپنے گھروں کو چلے گئے۔

دوسرے دن مَیں ناشتے کے دوران اخبار پڑھ رہا تھا کہ اچانک ایک اشتہار پر نظر پڑی، جو اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن کی طرف سے تھا، اس میں سعودی عرب میں ملازمت کے لیے درخواستیں مانگی گئی تھیں۔ اشتہار میں ایک اسامی ہارٹیکلچر اسپیشلسٹ کی بھی تھی۔ میں چوں کہ ایگریکلچر میں گریجویٹ تھا اور اس شعبے میں کچھ تجربہ اور علم بھی رکھتا تھا، لہٰذا اشتہار میں درج ہدایات کے مطابق ہاتھ سے درخواست لکھ کر اُس میں اپنے تمام کوائف درج کیے اور لفافے میں ڈال کر اُسی دن پوسٹ کردیا۔ ذہن ہلکا ہوگیا کہ میں نے کوشش تو کی، اب اللہ کی مرضی۔ چند روز بعد مَیں بھول بھال بھی گیا کہ میری درخواست کا کیا بنا۔ مگر دو ہی ہفتے بعد دروازے پر دستک ہوئی، دیکھا تو پوسٹ مین کھڑا تھا، اُس نے مجھے دیکھتے ہی کہا ’’چلو، چائے پلائو، تمہارا لیٹر آیا ہے، لگتا ہے کوئی سرکاری لیٹر ہے۔‘‘ 

اس نے لیٹر میرے ہاتھ میں تھمایا، تو میں نے جلدی سے کھول کر دیکھا، وہ اسی اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن کی طرف سے تھااور انٹرویو کے لیے ڈاکٹر دائود پوتا روڈ کراچی پہنچنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ پوسٹ مین کے جانے کے بعد میں سوچتا رہا کہ بے روزگاری کی وجہ سے جیب میں پھوٹی کوڑی تک نہیں ہے، تو کراچی جانے کے لیے کرائے کا بندوبست کہاں سے کروں گا۔ کافی دیر تک اسی ادھیڑ بن میں رہنے کے بعد یہ معاملہ بھی اللہ کے سپرد کردیا کہ اللہ کی مرضی، وہی کارساز ہے۔ دوسرے روز شام کو اپنے دوستوں سے ملنے کے لیے جانے لگا، تو والدہ نے مجھے روک کر تین سو روپے دیئے اور کہا کہ ’’بیٹا!کراچی چلے جائو اور اپنے بھائی سے کچھ پیسے لے آئو۔‘‘ 

میرے بھائی ملازمت کے سلسلے میں اپنی فیملی کے ساتھ کافی عرصے سے کراچی میں مقیم تھے اور ہر مہینے خرچے کے لیے کچھ رقم بھیج دیا کرتے تھے۔ اس بار کئی مہینے گزرگئے تھے، مگر انہوں نے رقم نہیں بھیجی تھی۔والدہ نے کرائے کے پیسے دیئے، تو میں اپنے تمام کاغذات، سرٹیفکیٹ اور اچھاسا جوڑا پہن کر صبح سویرے کراچی روانہ ہوگیا۔ کراچی پہنچ کر بھائی کے گھر جانے سے پہلے ہی اوورسیز کے دفتر پہنچ گیا۔ وہاں بے پناہ رش تھا۔ استقبالیے پر بیٹھے کلرک کو انٹرویو لیٹر دکھایا، تو اس نے رجسٹر میں درج میرا نام دیکھ کر انتظار کرنے کو کہا۔ خیر، بڑی دیر کے بعد میرا نام پُکارا گیا، انٹرویو کے کمرے میں داخل ہوا، تو وہاں تین افراد بیٹھے تھے۔ انہوں نے میرے سرٹیفکیٹس، تجربے اور تعلیم کے بارے میں کئی سوالات کیے، میرے تسلّی بخش جواب کے بعد مجھے باہر بیٹھنے کو کہا۔ 

کچھ دیر بعد استقبالیے پر بیٹھے اُسی کلرک نے مجھے ایک لیٹردے کر کہا کہ ’’اپنا میڈیکل کروا کر دو دن بعد آجائیں۔‘‘ دو روز بعد میڈیکل کرواکر گیا، تو پتا چلا کہ اب ٹریڈ کے حوالے سے ٹیسٹ ہوگا،اس میں پاس ہونے کے بعد ہی سلیکشن کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ ٹریڈ ٹیسٹ کے لیے گیا، تو وہاں پچاس ساٹھ امیدواروں کو دیکھ کر میری ہمّت جواب دے گئی، مگر دل سے یہی دعا نکلی کہ ’’یااللہ! تیرا ہی آسرا ہے، میرے مولا عزت، ذلّت تیرے ہی ہاتھ میں ہے، مجھے اس امتحان میں بھی سرخ رُو کرنا۔‘‘ خیر، ٹیسٹ کے لیے جب میری باری آئی، تو ڈائریکٹرنے ٹریڈ سے متعلق مختلف سوالات پوچھے، یہاں بھی میں نے اپنی تعلیم اور تجربے کی روشنی میں اعتماد کے ساتھ تسلّی بخش جوابات دیئے۔ چوں کہ میرا تجربہ اور تعلیم پوسٹ سے مطابقت رکھتی تھی، جب کہ دوسرے امیدواروں میں یہ اہلیت نہ تھی۔ سو، میرا فائنل سلیکشن ہوگیا۔ 

میں نے اُسی وقت اللہ تعالیٰ کے حضور سربسجود ہوکر لاکھ لاکھ شُکر ادا کیا۔ سلیکشن کے تین روز بعد ہی جدّہ، سعودی عرب روانگی سے قبل ٹکٹ اورپاسپورٹ دے دیا گیا تھا۔ کمپنی کی طرف سے جدّہ پہنچتے ہی پہلے عُمرے کی سعادت حاصل کرنے کے لیے ائرپورٹ سے ہمیں مکّہ مکرّمہ لے جایا گیا، تو خانہ کعبہ کو دیکھتے ہی جیسے آنسوئوں کی جھڑی لگ گئی۔ خانہ کعبہ کے سامنے بیٹھ کر خوب رویا، بہت دیرتک آنسو بہاتا رہا۔ رو رو کر اپنے ربّ کی عنایات کا شُکر ادا کرتا رہا کہ ’’یااللہ! تیرے یہاں دیر ہے، اندھیر نہیں، تُو ہی اپنے پیارے بندوں کو اپنے گھر کا دیدار کرواتا ہے۔‘‘ عُمرے کے بعد جب ہمیں یہ بتایا گیا کہ مدینہ منوّرہ میں مسجدِ نبوی ؐ کے قریب ہی جائے ملازمت ہے، تو خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہ رہا۔ یہاں میں نے برسوں ملازمت کی۔ اللہ تعالیٰ نے دین و دنیا کی نعمتوں سے اس قدر نوازا کہ جتنا شُکر ادا کروں، کم ہے۔ الحمدللہ کئی حج کیے، والدہ کو بھی حج کروایا اور خشوع و خضوع سے دین کی طرف راغب ہوگیا۔ (قاضی عبدالغفار ناگوری، میرپور ساکرو، ٹھٹھہ)

سُنیے…آپ سے کچھ کہنا ہے…!!

اگر آپ کے ذہن میں کوئی ایسا واقعہ محفوظ ہے،جو کسی کردار کی انفرادیت، پُراسراریت یا واقعاتی انوکھے پن کی بنا پر قارئین کے لیے دل چسپی کا باعث معلوم ہو، تو فوراً قلم اُٹھایئے اور اس صفحے کا حصّہ بن جائیے۔ یہ واقعات قارئین کے شعور و آگہی میں اضافے کے ساتھ اُن کے لیے زندگی کا سفر آسان کرنے میں بھی ممدومعاون ثابت ہوسکتے ہیں۔واقعات بھیجنے کے لیے تحریر کا پختہ ہونا ضروری نہیں،صرف سچّا ہونا لازم ہے۔ نیز اپنا نام و پتا بھی لکھیے تاکہ رابطے کی ضرورت محسوس ہو، تو رابطہ کیا جاسکے۔ہمیں اپنی تحریریں اس پتے پر بھیجیں۔

ایڈیٹر،’’سنڈے میگزین‘‘ صفحہ ناقابلِ فراموش، روزنامہ جنگ، شعبہ میگزین، اخبار منزل، آئی آئی چندریگر روڈ، کراچی۔

تازہ ترین