تحریر: عالیہ کاشف عظیمی
ماڈل: بینش
میک اپ: روز بیوٹی پارلر
ملبوسات:ہائی فیشن ڈیزائنز، کلفٹن، کراچی
عکّاسی:ایس ایم ریاض
لے آؤٹ: نوید رشید
سرما رُت رختِ سفر باندھنے کو ہے، تو نیا موسم اپنے دِل کش رنگ بکھیرنے کو پَر تول رہا ہے اور ایسے میں جب موسم کی ٹرین کراسنگ لائن سے گزر رہی ہو، تو رُت کچھ اور بھی رنگین، نشیلی سی ہوجاتی ہے۔ دِل خود بخود ہی سجنے سنورنے، خوش رنگ و خوش نُما پیراہن زیبِ تن کرنے کو مچلنے لگتا ہے۔تو لیجیے، ہم بھی موسم، موقعے کی مناسبت سے پیراہن کے اسٹائل میں تھوڑی تبدیلی کے ساتھ حاضر ہیں۔ ذرا دیکھیے، نیلے رنگ کے ساٹن سِلک کے غرارے کے ساتھ نیٹ کی ٹیل فراک کیسی پیاری لگ رہی ہے۔فراک کا انر پلین ہے، جب کہ کلیوں والے نیٹ اَپر کے گھیر، گلے اور آستینوں پر دھاگے، موتی کے کام نے لباس کا حُسن دوآتشہ کردیا ہے۔ پھر سفید رنگ فُل ایمبرائڈرڈ ڈبل لئیر نیٹ میکسی کی دِل آویزی بھی کمال ہے۔ اسی طرح ایک جانب نیٹ کی اسکن رنگ فُل ایمبرائڈرڈ میکسی خوش گوار تاثر دے رہی ہے، تو کریم رنگ پلین غرارے کے ساتھ ایمبرائڈرڈ ٹیل فراک پر جابجا بیڈز اور ستاروں کی آرایش نے بھی گویا لباس کے حُسن کو چار چاند لگا دیئے ہیں۔
تو کہیے، ہمارا انتخاب کیسا لگا؟ ویسے اگر آپ کا کسی شادی بیاہ کی تقریب میں ذرا منفرد انداز سے شرکت کا ارادہ ہے، تو ان میں سے کسی بھی رنگ و انداز کا انتخاب، آپ کو اسٹائلش لُک کے ساتھ تقریب میں نمایاں کردے گا۔