سینئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے یورپی ملک آسٹریا کے اعزازی قونصل راجہ بابر تجمل کے انتقال پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قریبی دوست کے یوں اچانک چلے جانے کا خلا کبھی پُر نہیں ہوگا۔
عتیقہ اوڈھو نے بابر تجمل کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عالمی کورونا وائرس کا شکار اپنے ایک بہترین دوست کو کھو دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ زندگی کو بھرپور طریقے سے جینے والے بابر تجمل کو ہمارا پورا کنبہ بہت یاد کرے گا۔
عتیقہ اوڈھو نے کہا کہ ’اللہ کے منصوبے بہترین ہوتے ہیں وہی بہتر جانتا ہے کہ ایسے اچھے لوگ جلدی کیوں چلے جاتے ہیں۔‘
سینئر اداکارہ نے بتایا کہ بابر اُن کے بہت اچھے قریبی دوست تھے، وہ بلاشبہ ایک عظیم شوہر اور باپ تھے، اللہ ان کی مغفرت کرے۔‘
خیال رہے کہ یورپی ملک آسٹریا کے کراچی میں قائم قونصلیٹ آفس میں بابر تجمل کو 2015 میں اعزازی قونصل مقرر کیا گیا تھا۔