• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مرتب: محمّد ہمایوں ظفر

آج سے تقریباً 55 سال پہلے کی بات ہے۔ ہم کوئٹہ میں رہائش پذیر تھے۔ میرے والد صاحب ایک بینک میں منیجر تھے اور والدہ صاحبہ سیدھی سادی گھریلو خاتون۔ ہم تین بہنیں اور دو بھائی تھے۔ دونوں بھائی ملازمت کے سلسلے میں بیوی بچّوں سمیت بیرون ملک مقیم تھے۔ ایک سال بعد ایک ماہ کی رخصت پر گھر آتے، تو گھر میں رونق ہوجاتی، خوب ہلّا گلّا کرتے۔ ہماری سب سے بڑی بہن، جنہیں ہم آپی کہتے تھے، شادی شدہ تھیں، جب کہ ایک بہن مجھ سے چھوٹی تھی۔ میں نے میٹرک بڑے اچھے نمبروں سے پاس کیا، چھوٹی بہن ساتویں جماعت میں تھی۔ 

ان دنوں کوئٹہ میں صرف ایک گرلز اور ایک بوائز کالج ہی تھا۔ میٹرک کے بعد میں نے کالج میں داخلہ لیا، تو آمد و رفت کے لیے والد صاحب نے رکشا خرید کر ایک ڈرائیور بھی رکھ لیا، لہٰذا ہم دونوں بہنیں بغیر کسی دقت کے بہ آسانی اپنے رکشے پر کالج و اسکول جاتیں۔ اکثر ہمارے ساتھ والدہ بھی صبح ساتھ آجاتیں اور سودا سلف خریدنے کے بعد اسی رکشے پر واپس گھر چلی جاتیں۔

یہ اُن ہی دنوں کا واقعہ ہے جب ہمارے کالج میں فرسٹ ایئر کے داخلے ہورہے تھے۔ نومبر کا مہینہ تھا، شدت کی سردی پڑ رہی تھی۔ داخلوں کا سلسلہ ختم ہوا، تو ویلکم پارٹی کی تاریخ کا اعلان ہوا، کالج کی پرانی طالبات نے پارٹی پر ڈرامے وغیرہ پیش کرنے کے لیے زور و شور سے تیاریاں شروع کر دیں۔ ہم بہت خوش تھے۔ طے شدہ پروگرام کے مطابق پارٹی کے روز میری سب سہیلیاں تیار ہوکر میرے گھر جمع ہوگئیں، میں نے اپنی چھوٹی بہن کو بھی ساتھ لے لیا،اس طرح رکشےپر سوارآٹھ افراد پر مشتمل قافلہ خوش و خرم کالج پہنچا۔ وہاں بڑی رونق تھی۔ 

زرق برق لباس میں طالبات پہچانی نہیں جارہی تھیں۔ہم ساتوں سہیلیوں نے ایک جیسے کپڑے پہن رکھے تھے، اسی لیے ہم سب میں نمایاں تھیں۔ ویلکم پروگرام میں طالبات نے دل چسپ ڈرامے، مزاحیہ خاکے اور نظمیں وغیرہ پیش کیے۔ آخر میں پرنسپل صاحبہ کی تقریر کے بعد تقریب کا اختتام ہوا تو کھانے پینے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ 

بہرحال، بہترین انتظامات کے ساتھ اچھی تقریب منعقد کی گئی، جس میں سب ہی نے انجوائے کیا۔ تقریب کے بعدطالبات اور ٹیچرز آہستہ آہستہ رُخصت ہونے لگیں، چھے بج چکے تھے۔ خاصا اندھیرا چھا گیا تھا۔ کالج تقریباً خالی ہوچکا تھا، مگر ہمارا رکشے والا نہ آیا، تو مزید انتظار کرنے کے بجائےہم نے پیدل ہی گھر جانے کا فیصلہ کیا۔ کالج دُور نہیں تھا، سہیلیوں کے گھر بھی پاس پاس ہی تھے۔ ہم سب نے عبایا پہن رکھے تھے۔ ابھی ہم کالج سے نکلی ہی تھیں کہ چند اوباش قسم کے لڑکے ہمارے پیچھے پیچھے آتے ہوئے آوازیں کسنے لگے۔ 

ان کے بے ہودہ جملوں پر ہمارا خون کھول رہا تھا، لیکن ہم ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑے خاموشی سے چلتی رہیں۔ اسی لمحے اچانک ایک آواز نے ہمیں چونکا دیا۔ ان اوباش لڑکوں میں سے ایک کہہ رہا تھا ’’یار ! ان کے ساتھ تو بڑا زبردست باڈی گارڈ ہے، بچ کے رہنا۔‘‘ ہم نے ڈرتے ڈرتے مڑ کر دیکھا، تو ایک سیاہ رنگ کا موٹا تگڑا کتّا عین ہمارے پیچھے آرہا تھا۔ کتّے کو دیکھ کر رہی سہی جان بھی نکل گئی۔ میری ایک سہیلی نے آہستہ سے میرے کان میں کہا، ’’ڈرنے کی بجائے یہ ظاہر کرو کہ یہ ہمارا ہی کتّا ہے۔‘‘ بات بالکل ٹھیک تھی، لہٰذا خوف زدہ ہونے کے باوجود ہم بڑے اعتماد سے چلتی رہیں۔

ایک سہیلی کا گھر آیا، تو وہ اللہ حافظ کہہ کر اپنی گلی میں مڑ گئی۔ پھر اسی طرح ایک ایک کرکے سب ہی اپنے اپنے گھروں کو چلی گئیں۔ اب صرف ہم دو بہنیں ہی رہ گئی تھیں۔ ڈرتے ڈرتے مڑ کر دیکھا، تو کتّا بدستور تھوڑے فاصلے سے ہم دونوں کے پیچھے پیچھے آرہا تھا۔ ہماری گلی آئی تو ہم دونوں تقریباً بھاگتی ہوئی گھر کے دروازے تک پہنچیں۔ اللہ کا شُکر ہے کہ اتفاق سے دروازہ کُھلا ہوا تھا۔ ورنہ ہمیشہ بند ہی رہتا تھا۔ ہم دونوں تیزی سے گھر میں داخل ہوگئیں۔ حواس کچھ بحال ہوئے، تو تھوڑا سا دروازہ کھول کر باہر جھانکا، گلی میں کتّے کا نام و نشان تک نہ تھا۔

میں حیرت میں ڈوبی ہوئی کمرے تک آئی۔ میری والدہ نماز پڑھ کر دعا مانگ رہی تھیں۔ ہمیں دیکھ کر کہنے لگیں ’’تم لوگوں کو آنے میں بہت دیر ہوگئی، میں اللہ سے دعا مانگ رہی تھی کہ تم لوگ خیریت سے آجائو۔‘‘ پھر ہمیں حیران و پریشان، حواس باختہ سا دیکھ کر پوچھا ’’کیا بات ہے؟تم لوگ اتنا پریشان کیوں ہو؟‘‘ تو چھوٹی بہن نے ایک ہی سانس میں پورا واقعہ بیان کردیا۔ امّی نے یہ سنتے ہی ہم دونوں کو اپنے سینے سے لگایا اور بڑے پیار سے اپنا مخصوص جملہ دُہرایا، جو اکثر ایسے موقعوں پر کہتی تھیں ’’بیٹا، بس اللہ کی اللہ ہی جانے۔‘‘ (سعیدہ جاوید، بلال گنج، لاہور)

سُنیے…آپ سے کچھ کہنا ہے…!!

اگر آپ کے ذہن میں کوئی ایسا واقعہ محفوظ ہے، جو کسی کردار کی انفرادیت، پُراسراریت یا واقعاتی انوکھے پن کی بِنا پر قارئین کے لیے دل چسپی کا باعث معلوم ہو، تو فوراً قلم اٹھائیے اور اس صفحے کا حصّہ بن جائیے۔ یہ واقعات قارئین کے شعور و آگہی میں اضافے کے ساتھ اُن کے لیے زندگی کا سفر آسان کرنے میں بھی ممدومعاون ثابت ہوسکتے ہیں۔ واقعات بھیجنے کے لیے تحریر کا پختہ ہونا ضروری نہیں، صرف سچّا ہونا لازم ہے۔ نیز، اپنا نام و پتا بھی لکھیے تاکہ رابطے کی ضرورت محسوس ہو، تو رابطہ کیا جاسکے۔ ہمیں اپنی تحریریں اس پتے پر بھیجیں۔

ایڈیٹر، ’’سنڈے میگزین‘‘ صفحہ ناقابلِ فراموش، روزنامہ جنگ، شعبہ میگزین، اخبار منزل، آئی آئی چندریگر روڈ، کراچی۔

تازہ ترین