• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مرتب: محمّد ہمایوں ظفر

مَیں محکمۂ پولیس میں 35برس سے ملازمت کررہا ہوں اور آج کل کراچی کے ایک تھانے میں شعبۂ تفتیش کا انچارج ہوں۔ یہاں جو واقعہ بیان کرنے جارہا ہوں، وہ میرے لیے ایک زندہ حقیقت کی مانند ہے، اس کی سچّائی کا ثبوت یہ ہے کہ ایک سخت گیر پولیس افسر ہونے کے باوجود ،جب بھی یہ واقعہ میں کسی کو سناتا ہوں، توبے اختیار آنکھوں سے آنسو چھلک پڑتے ہیں۔

2002ء کی بات ہے، میں اپنی والدہ، چھوٹے بھائی اور بیوی بچّوں کے ساتھ کورنگی نمبر3 پر کرائے کے ایک مکان میں رہائش پذیر تھا اور ان دنوں محمود آباد تھانے میں تعیّنات تھا۔ ایک روز ڈیوٹی سے گھر آیا، تو کھانا کھانے کے دوران اہلیہ نے مجھے بتایا کہ ’’آج امّی (ساس) آپ کے چھوٹے بھائی سے انتہائی دُکھ بھرے لہجے میں کہہ رہی تھیں کہ ’’آج اگر تیرا باپ زندہ ہوتا، تو میں تیرا سہرا دیکھ لیتی۔‘‘ یہ بتاتے ہوئے اہلیہ کے چہرے سے بھی اُداسی صاف نظر آرہی تھی۔ 

اہلیہ کی بات سُن کر میں نے ایک اچٹتی نگاہ اس پر ڈالی اور بے بسی سے کہا کہ ’’تم یہ بات مجھے کیوں بتا رہی ہو، سب کچھ تو تمہارے سامنے ہے، اس گرانی کے دور میں کتنی مشکلوں سے ہماری گزر بسر ہورہی ہے، ایسے میں، مَیں اپنے بھائی کی شادی کے اخراجات کیسے اٹھا سکتا ہوں۔‘‘ میری بے بسی دیکھتے ہوئے اہلیہ نے فوراً وضاحت کی کہ ’’میں آپ کو یہ بات اس لیے بتا رہی ہوں کہ بڑا بھائی بھی باپ کی جگہ ہوتا ہے۔‘‘اس کے جواب پر میں نے اسے سمجھانے کی کوشش کی اور کہا کہ شادیاں محض باتوں سے نہیں ہوتیں، تو وہ اچانک اٹھی اور ملحقہ کمرے میں چلی گئی۔ 

چند لمحوں بعد لوٹی، تو اس کے ہاتھ میں ایک لفافہ تھا۔ میں نے حیرت سے اس کی طرف دیکھا، تو بتایا کہ ’’یہ ایک لاکھ روپے ہیں، میں نے پلاٹ خرید نے کی غرض سے پچاس پچاس ہزار روپے کی دوکمیٹیاں ڈالی تھیں، جو اکٹھے ہی مل گئی ہیں۔ یہ آپ بھائی کی شادی کے لیے رکھ لیں، اللہ تعالیٰ مسبب الاسباب ہے، بقیہ رقم کا بندوبست بھی وہ کردے گا۔ ‘‘ میں نے محبت اور تشکّر آمیز انداز سے اہلیہ کو دیکھا اور اسے بتایا کہ ’’میرے پاس بھی تقریباً 50ہزار کے قریب رقم موجود ہے۔ 

اگر ہم سادگی کو ملحوظِ خاطر رکھیں، تو میرے خیال میں مزید رقم کی ضرورت نہیں پڑے گی۔‘‘ اس طرح ہم نے والدہ کی خواہش کی تکمیل کی خاطر بھائی کی شادی کے لیے تگ و دو شروع کردی۔ اتفاق سے جلد ہی اچھا رشتہ بھی مل گیا، تو دسمبر 2002ء میں سادگی سے اس کی شادی کردی۔ بھائی کو سسرال کی طرف سے جہیز میں ایک فلیٹ ملا، جو گلبرگ، کراچی میں تھا۔ وہ شادی کے بعد کچھ عرصے تک تو ہمارے ساتھ ہی رہا، پھر باہمی رضامندی سے اپنی نئی نویلی دلہن کو لے کرفلیٹ میں منتقل ہوگیا۔

ہمارے پڑوسیوں سے بہت اچھے تعلقات تھے، خصوصاً دائیں طرف رہنے والے پڑوسیوں سے تو بہت ہی گہرے مراسم تھے، ہم دونوں ہی ایک دوسرے کو خاندان کا حصّہ سمجھتے تھے، ان کا گھر کافی کشادہ تھا، اس میں ایک بڑا صحن بھی تھا۔ میری والدہ اکثر عصر اور مغرب کی نماز پڑوس کے صحن میں ادا کیا کرتی تھیں۔ مارچ2003ء میں وہ اچانک انتقال کرگئیں۔ اگلے ماہ ان کا چالیسواں کیا، تو خاندان بھر کے لوگ شریک ہوئے، فاتحہ خوانی کے بعد جب سب رخصت ہونے لگے، تو میرے ایک عزیز نے مجھ سے کہا ’’امجد بھائی! آپ کب تک کرائے کے مکان میں رہیں گے، اپنا مکان کیوں نہیں خرید لیتے۔‘‘

میں نے کہا ’’بھائی مکان خریدنے کے لیے بہت رقم کی ضرورت ہوتی ہے، میرے پاس کوئی انتظام نہیں ہے، اپنی لگی بندھی تن خواہ میں مکان کیسے خرید سکتا ہوں؟‘‘ میرا جواب سن کر اس نے کہا ’’ہائوس بلڈنگ فنانس کارپوریشن مکان خریدنے کے لیے آسان شرائط پر قرضہ دیتی ہے، اگر آپ کوئی مکان خریدنا چاہیں، تو آپ کو صرف 10فی صد ادائیگی کرنی ہوگی، بقیہ 90فی صد بطور قرضHBFC فراہم کرے گا، جو آپ اپنے مکان میں رہتے ہوئے بہ آسانی ادا کرسکتے ہیں۔‘‘

اس عزیز کی بات میرے دل کو لگی، میں نے شدّومد کے ساتھ مکان کی تلاش شروع کردی۔ جلد ہی ناصر کالونی میں 80گز کا ایک منزلہ مکان 7لاکھ 35ہزار میں مل گیا۔ مکان کے لیے ایڈوانس کی مد میں ایک لاکھ روپے کا انتظام اہلیہ کا زیور بیچ کر کیا اور ایگریمنٹ کروانے کے بعد فوری طور پر ایچ بی ایف سی سے قرض کے حصول کے لیے درخواست جمع کروادی۔ درخواست جمع کروانے کے بعد متعدد بار زونل اور ہیڈآفس کے چکّر لگانے پڑے، بالآخر چند ماہ میں 6لاکھ30ہزار روپے کا قرضہ مل گیا، تو مالک مکان کو ادا کرکے مکان کا قبضہ حاصل کرلیا۔ جس روز کرائے کے مکان سے اپنے نئے مکان میں شفٹ ہونے کے لیے گھر کا سامان ٹرک پر لوڈ کروانے لگا، تو پڑوسن ہمارے گھر آگئیں اور حیرت سے بولیں ’’بھائی کہاں جارہے ہیں، کیا کوئی دوسرا مکان کرائے پر لے لیا ہے؟‘‘ 

میں نے پُرجوش لہجے میں کہا ’’نہیں باجی! ہم نے اپنا ذاتی مکان لے لیا ہے، وہیں شفٹ ہورہے ہیں۔‘‘ یہ سنتے ہی پڑوسن نے کہا، ’’لو، آج تمہاری والدہ کی دُعا اللہ تعالیٰ نے قبول کرلی۔‘‘ میں نے حیرت سے پوچھا ’’کیسی دعا؟‘‘ جس پر انہوں نے بتایا کہ ’’جب سے آپ نے اپنے بھائی کی شادی کی، تب سے خالہ روز مغرب کی نماز کے بعد دعا کرتی تھیں کہ ’’اے اللہ! میرے بیٹے نے میرا دل خوش کیا ہے، اب تو بھی اسے کرائے کے مکان سے نجات دلا کر اپنا ذاتی مکان خریدنے کی توفیق عطا فرمادے۔‘‘ یہ سُن کر میری آنکھوں میں آنسو آگئے اور اس بات میں کوئی شک کی گنجائش نہیں رہی کہ یہ سب کچھ میری ماں کی دعائوں کی بدولت ہوا کہ مکان کے حصول کے لیے ہمیں اتنی آسانی سے قرضہ ملا اور تمام مراحل باآسانی طے ہوگئے۔ اللہ انہیں جنّت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، آمین۔ (امجد یامین، ملیر، کراچی)

سُنیے…آپ سے کچھ کہنا ہے…!!

اگر آپ کے ذہن میں کوئی ایسا واقعہ محفوظ ہے، جو کسی کردار کی انفرادیت، پُراسراریت یا واقعاتی انوکھے پن کی بِنا پر قارئین کے لیے دل چسپی کا باعث معلوم ہو، تو فوراً قلم اٹھائیے اور اس صفحے کا حصّہ بن جائیے۔ یہ واقعات قارئین کے شعور و آگہی میں اضافے کے ساتھ اُن کے لیے زندگی کا سفر آسان کرنے میں بھی ممدومعاون ثابت ہوسکتے ہیں۔ واقعات بھیجنے کے لیے تحریر کا پختہ ہونا ضروری نہیں، صرف سچّا ہونا لازم ہے۔ نیز، اپنا نام و پتا بھی لکھیے تاکہ رابطے کی ضرورت محسوس ہو، تو رابطہ کیا جاسکے۔ ہمیں اپنی تحریریں اس پتے پر بھیجیں۔

ایڈیٹر، ’’سنڈے میگزین‘‘ صفحہ ناقابلِ فراموش، روزنامہ جنگ، شعبہ میگزین، اخبار منزل، آئی آئی چندریگر روڈ، کراچی۔

تازہ ترین