• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریر: عالیہ کاشف عظیمی

ماڈل: صلہ خان

ملبوسات:ٹی ایس کلیکشن

بائے تسلیم شاہد

آرایش:ماہ روز بیوٹی پارلر

کوآرڈی نیشن:کامران شیخ

عکّاسی: ایم کاشف

لے آؤٹ: نوید رشید

رنگ و انداز کی دُنیا میں جدّت و ندرت کا سفر جاری ہے، کبھی ٹراؤزر زکے ساتھ قمیص کا رواج زور پکڑتا ہے، تو کبھی فراک یا پیپلم کا۔ ویسے آج کل قدرے لمبی قمیص کے ساتھ ٹراؤزر یا شلوار کا انتخاب فیشن میں اِن ہے۔سو، ہم نے بھی آج اپنی بزم ایسے ہی کچھ دِل کش اورجدّت و ندرت سے بَھرپور پیراہنوں سے مرصّع کی ہے۔

ذرا دیکھیے، تو سیاہ اورفون رنگ کے امتزاج میں پیراہن کس قدر جاذبِ نظر ہے۔ اسٹرائپڈپرنٹڈ ٹراؤزر کے ساتھ سیاہ رنگ قمیص کے فرنٹ پرملٹی شیڈڈستاروں، نلکیوں، نگوںاورموتی سے انتہائی خوب صُورت مور پرنٹ کڑھت کی گئی ہے،تو دوپٹے پر جا بجا تتلی پرنٹ کڑھت کا بھی جواب نہیں ۔پھرسلور گرے رنگ ساٹن سِلک ٹراؤزر کے ساتھ ہلکے گلابی رنگ کی قمیص سادہ ہونے کے باوجود خُوب کِھلا کِھلا، نکھرا نکھرا سا تاثر دے رہی ہے۔جامنی رنگ ٹراؤزر کے ساتھ اسکن رنگ پرنٹڈ قمیص کا لُک اسٹائلش ہے، تو جارجٹ فیبرک میں موتی ورک سے آراستہ براؤن رنگ قمیص بھی ایک دِل آویز پہناوا ہے۔

بیج رنگ پلین ٹراؤزر کے ساتھ فیروزی، آتشی گلابی، نارنجی اور پیلے رنگوں کے کنٹراسٹ میں تھریڈ اور موتی ورک سے آراستہ قمیص ہے، جس کے دامن پر کہیں کہیں ریڈی میڈپھول ٹانکے گئے ہیں، تو طلائی رنگ بنارسی ٹراؤزر کے ساتھ پستٔی رنگ قمیص کے فرنٹ پر موتی ورک سے آراستہ کیری بنچزبہت خوش نما معلوم ہو رہے ہیں۔

بلیو جینز کے ساتھ سِلک فیبرک میں سیاہ رنگ قدرے لمبی ڈھیلی ڈھالی قمیص ایک بہترین انتخاب ہے کہ کنٹراسٹ میں تھریڈ اور موتی ورک سے آراستہ سفید رنگ دوپٹا خُوب جچ رہا ہے۔ پھرسرخ ساٹن سِلک شلوار کے ساتھ پیلے رنگ کی ایمبرائڈرڈ فراک بھی بھلی لگ رہی ہے، خصوصاً اس کے ساتھ ایمبرائڈرڈ نیٹ دوپٹے کی ہم آمیزی کا جواب نہیں۔

تازہ ترین
تازہ ترین