جب کبھی روز مرہ کھانوں سے کچھ مختلف کھانے کا دل کرتا ہے تو سب سے پہلے فاسٹ فوڈ کھانے کا خیال ہی دل میں آتا ہے۔ ویسے تو فاسٹ فوڈ میں شامل غذائیں ہر عمر کے افراد کو مرغوب ہوتی ہیں لیکن نوجوان اور بچے تو ان کے دلدادہ ہیں۔ کئی بار کچھ کھانے کو دل نہیں چاہتا یا پیٹ بھرا ہوتا ہے تو بھی اکثر لوگ فاسٹ فوڈ سامنے آنے پر اسے کھانے سے اپنا ہاتھ روک نہیں پاتے۔ فاسٹ فوڈ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ صحت کے لیے مفید نہیں، جس کی بنیادی وجہ اس میں استعمال ہونے والے فیٹ پر مبنی اجزاء اور ہمارا طرزِ زندگی ہے۔
اگر فاسٹ فوڈ ہفتے میں ایک بار کھایا جائے اور ساتھ ورزش یا چہل قدمی بھی کی جاتی رہے تو اس کے نقصانات کو زائل یا محدود کیا جاسکتا ہے۔ اس کا ایک بہترین حل یہ بھی ہے کہ فاسٹ فوڈ گھر پر تیار کرلیا جائے، اس طرح آپ اعلیٰ معیار کے اجزاء اور صاف تیل استعمال کرکے اپنی اور اپنے گھروالوں کی فاسٹ فوڈ کھانے کی خواہش کو پورا کرسکتے ہیں۔ چونکہ کرونا وائرس کی وجہ سے لوگوں کا زیادہ تر وقت اب گھر پر ہی گزرتا ہے تو ایسے میں پوری فیملی فاسٹ فوڈ کی تیاری کا لطف اُٹھاسکتی ہے۔ ذیل میں قارئین کی خدمت میں عام طور پر کھائے جانے والے چند فاسٹ فوڈز کی ترکیبیں پیش کی جارہی ہیں۔
کرسپی برگر
درکار اجزاء:
چکن (بون لیس)۔ آدھا کلو
کالی مرچ۔ ایک چائے کا چمچ
مسٹرڈ پاؤڈر۔ ایک چائے کا چمچ
نمک۔ ایک چائے کا چمچ
چائنیز سالٹ (اجینو موتو)۔ ڈیڑھ چائے کا چمچ
ووسٹر شائر سوس۔ 2کھانے کے چمچ
تیل۔ حسبِ ضرورت
بیٹر کے لیے:
میدہ۔ 2چائے کے چمچ
بیکنگ پاؤڈر۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ
کارن فلور۔2کھانے کے چمچ
انڈہ۔ ایک عدد
چاول کا آٹا۔ 2کھانے کے چمچ
ٹھنڈا پانی۔ حسبِ ضرورت
نمک۔ آدھا چائے کا چمچ
کوٹنگ کے لیے:
کارن فلیکس۔ ایک کپ
بریڈ کرمبز۔ ایک کپ
چپس۔ ایک کپ
برگر بن۔ حسبِ ضرورت
مایونیز۔ حسبِ ذائقہ
سلاد کے پتے۔ حسبِ ضرورت
چیز سلائس۔ حسبِ ذائقہ
ترکیب:
چکن کو تمام مسالوں کے ساتھ 24گھنٹوں کے لیے میرینیٹ کردیں۔ بیٹر بنانے کے لیےاس کے تمام اجزاء کو آپس میں یکجان کرکے گاڑھا بیٹر تیار کرلیں۔ بریڈ کرمبز کے لیے ایک تازہ ڈبل روٹی کے سلائسز کو توے پرسینک کے خستہ کرکے ٹھنڈا کرلیں۔ بعد ازاں گرائنڈ کرکے برنی میں بھرلیں۔ کوٹنگ کرنے کےلیے اس کے تمام اجزاء کو آپس میں ملا دیں۔
اب میرینیٹ کی ہوئی چکن کو بیٹر میں ڈبو کر تیار کی ہوئی کوٹنگ کے ساتھ کوٹ کریں۔ اب تیل گرم کرکے اسے گولڈن براؤن ہونے تک فرائی کریں۔ برگر بن کو دو ٹکڑوں میں کاٹ کر اس پر مایونیز لگادیں۔ پھر چکن، سلاد کے پتے اور چیز سلائس رکھ دیں۔ کرسپی برگر کو چلی سوس اور کیچپ کے ساتھ گرم گرم پیش کریں۔
بیف چیز برگر
درکار اجزاء:
گائے کا گوشت۔ تین پاؤ
بریڈکرمبز۔ 2کپ
کالی مرچ پاؤڈر۔ ایک کھانے کا چمچ
نمک۔ حسبِ ذائقہ
مکھن۔ چار کھانے کے چمچ
مسٹرڈپیسٹ۔ ایک کھانے کا چمچ
چھوٹی پیاز (چوپ کرلیں)۔ ایک عدد
ووسٹرشائرسوس۔ تین کھانے کے چمچ
مایونیز۔ آدھا کپ
چیڈرچیز۔ 6عدد
آئس برگ کے پتے۔ 6عدد
ٹماٹر (سلائس کاٹ لیں)۔ 2عدد
برگربن۔ 6عد د
ترکیب:-
ایک پیالے میں گوشت، بریڈ کرمبز، کالی مرچ پاؤڈر، نمک، مکھن، مسٹرڈپیسٹ، پیاز اور ووسٹرشائر سوس ڈال کر مکس کریں۔ اسے چوپر میں 2بار چلائیں اور پھر اس کے 6کباب بنا کر فریج میں رکھ دیں ۔ برگر بن کوٹوسٹ کرکے رکھ لیں۔ اب پین میں تیل گرم کرکے کباب کو درمیانی آنچ پر 8سے10منٹ تک فرائی کریں اور ہر کباب پر ایک چیز سلائس رکھ دیں ۔ برگر بن پر مایونیز لگا کر آئس برگ کا پتہ رکھیں۔ اس کے اوپر کباب رکھ کر ٹماٹر کے سلائسز رکھ کر تھوڑا مایونیز لگائیں اور پھر بن کااوپری حصہ رکھ کر پیش کریں۔
چکن برگر
درکار اجزاء:
برگر بن۔4عدد
تیل۔ ایک کھانے کا چمچ
پیاز (پسی ہوئی )۔ تین کھانے کے چمچ
ٹماٹر پیسٹ۔ دو کھانے کے چمچ
چکن کا قیمہ۔ آدھا کپ
پانی۔ ایک کپ
گاجر (چھوٹی کٹی ہوئی)۔ ایک کپ
پھلیاں۔ ایک کپ
انناس کے ٹکڑے۔ آدھا کپ
چینی۔ ایک کھانے کا چمچ
سرکہ۔ ایک چائے کا چمچ
تیل (تلنے کیلئے)۔ تین کھانے کے چمچ
ترکیب:
برگر بن کو تیل کی مدد سے دونوں طرف سے سینک لیں۔ اب تیل گرم کر کے دو منٹ پیاز بھونیں اور اس میں سر کہ کے علاوہ باقی تمام چیزیں ڈال دیں۔ پھل سبزی کےچھوٹے چھوٹے ٹکڑے کر لیں۔ پھر انہیں6 سے 8 منٹ ڈھک کر مدھم آنچ پر پکائیں۔ چمچ ضرورت کے مطابق چلائیں۔ سبزی گَل جائے تو سرکہ ڈال دیں۔ اب چکن کے کباب بناکر اوپر سبزی ڈالیں اور اپنی پسندیدہ سوس کو برگر بنانے میں استعمال کریں۔
چکن بروسٹ
درکار اجزاء:
چکن (بڑے ٹکڑے)۔ ایک کلو
سرکہ۔ آدھا کپ
ادرک لہسن پیسٹ۔ ایک کھانے کا چمچ
پسی ہوئی لال مرچ۔ ایک چائے کا چمچ
پسا ہوا گرم مسالہ۔ ایک چائے کا چمچ
ہلدی۔ آدھا چائے کا چمچ
نمک۔ حسب ذائقہ
انڈے۔ چار عدد
میدہ۔ حسبِ ضرورت
بریڈ کرمبز۔ حسبِ ضرورت
تیل۔ فرائنگ کے لیے
سلاد کے لئے:
کھیرا، ٹماٹر، ٹماٹو کیچپ، مایو نیز اور لیموں
ترکیب:
چکن میں سرکہ، نمک، ادرک لہسن پیسٹ، پسی ہوئی سرخ مرچ، پسا ہوا گرم مسالہ اور ہلدی لگاکر میرینیٹ کریں۔ میرینیٹ کیے ہوئے گوشت پر میدہ لگائیں۔ اب اسے انڈے میں ڈپ کرکے بریڈ کرمبز لگائیں۔ پھر تھوڑی دیر کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ اب کڑاہی میں تیل گرم کرکے گوشت کو فرائی کریں اور گولڈن رنگت آنے پر تیل سے نکال لیں۔ سرونگ پلیٹ میں رکھ کر سوس اور سلاد کے ساتھ پیش کریں۔
کلب سینڈوچ
درکار اجزاء:
چکن بریسٹ (اُبلا ہوا)۔ ایک عدد
کیچپ۔ آدھا کھانے کا چمچ
نمک۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ
کالی مرچ۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ
مسٹرڈ پیسٹ۔ ایک چوتھائی چائے کاچمچ
بریڈ سلائسز۔ تین عدد
آملیٹ۔ ایک انڈے کا
چیز سلائس۔ ایک عدد
ٹماٹر اور کھیرے کے سلائس۔ حسب ضرورت
مایونیز۔ ایک چوتھائی کپ
ترکیب:
بریڈ سلائز گرل پین پر ٹوسٹ کر لیں اور ان پر مایونیز لگالیں۔ پھر ان پر اُبلے ہوا چکن بریسٹ ڈال دیں اور بریڈ کا دوسرا سلائس رکھ دیں۔ اب اس پر مایونیز لگا کر ایک عدد چیز سلائس رکھیں پھر انڈے کا آملیٹ ڈالیں۔ اس پر ٹماٹر اور کھیرے کے سلائس رکھیں، پھر سلادپتے رکھیں۔ اب اس پر تیسرا سلائس رکھ کر درمیان سے اس کے سلائسز کاٹ لیں۔ اس کے بعد درمیان سے سینڈوچ کے مزید سلائسز کاٹ کر کولسلو اور فرنچ فرائز کے ساتھ پیش کریں۔
فرائیز
درکار اجزاء:
آلو۔ ایک کلو
نمک۔ حسبِ ذائقہ
میدہ۔ چھ چائے کے چمچ
کارن فلور۔ چھ چائے کے چمچ
سفید مرچ(پِسی ہوئی)۔ آدھا چائے کا چمچ
لال مرچ ( کُٹی ہوئی)۔ ایک چائے کا چمچ
لہسن پاوڈر۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ
قصوری میتھی۔ چار چائے کے چمچ
تیل۔ حسب ضرورت
ترکیب:
آلو لمبائی میں قدرے موٹے کاٹ لیں۔ پھر ایک پتیلی میں نمک ڈال کر اُبال لیں۔ دھیان رہے کہ زیادہ نہیں اُبالنے، پھر پانی نکال کر چھان لیں۔ اس کے بعد آلوؤں میں تمام اجزاء ڈال کر اچھی طرح مکس کرکے فرائی کرلیں۔