• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی اداکارہ اور رکن پارلیمنٹ کرن کھیر میں خون کے کینسر کی تشخیص

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)سینئر بھارتی اداکارہ اور بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی چندی گڑھ سے رکنِ پارلیمنٹ کرن کھیر خون کے کینسر میں مبتلا ہو گئی ہیں۔ 1983 سے بولی وڈ میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ کرن کھیر کے شوہر و اداکار انوپم کھیر نے اپنے ٹوئٹ کے ذریعے اہلیہ کے کینسر میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی۔ انوپم کھیر نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ "کرن کھیر میں مائیولوما (خون کے کینسر کی ایک قسم) کی تشخیص ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ کرن کھیر کا علاج جاری ہے، ہمیں یقین ہے کہ وہ اس سے پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط بن کر نکلیں گی۔انوپم کھیر نے کہا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ کرن کھیر کا علاج بہترین ڈاکٹرز کی نگرانی میں ہو رہا ہے، وہ ہمیشہ سے ایک فائٹر ہیں اور اس بیماری کو بھی شکست دیں گی۔انوپم کھیر نے مداحوں کی جانب سے بھجوائے گئے پیغامات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی اہلیہ کی صحت یابی کے لیے دعا کریں۔اداکارہ کرن کھیر کی کینسر میں مبتلا ہونے کی خبر سامنے آنے کے بعد بولی وڈ شخصیات کی جانب سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ اداکارہ پرینیتی چوپڑا کا کہنا ہے کہ وہ کرن کھیر کے لیے دعائیں کر رہی ہیں۔ اداکار سنیل شیٹی نے بھی اداکارہ کرن کھیر کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔اداکار رنویر شورے کا کہنا ہے کہ وہ کرن کھیر کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔ کرن کھیر نے اپنے کریئر کا آغاز 1983 میں پنجابی فیچر فلم ’’آسرا پیار دا‘‘ سے کیا تھا۔

تازہ ترین