مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان کی فطرت میں ہے کہ وہ اپنے ہر محسن کو ڈنک مارتے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ تاریخ بھری پڑی ہے کہ جس نے بھی عمران خان کے ساتھ کوئی نیکی کی انہوں نے اسی کو ڈنک مارا ہے۔
ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ پارلیمنٹ کو بائی پاس کرکے آرڈیننس جاری کیے جارہے ہیں، آرڈیننس کی روایات کو ختم کرنا ہوگا۔
اُن کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کے استحقاق کو مجروح کیا جارہا ہے، مارضی میں اگر غلطی ہوئی ہے تو اسے اب روکنا پڑے گا۔
احسن اقبال نے کہا کہ 700 ارب روپے کے ٹیکس قومی اسمبلی کی منظوری کے بغیر نافذ کیے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ منی بل قومی اسمبلی میں پیش کیا جانا ہے، خدشہ ہے صدارتی آرڈیننس کے ذریعے بجٹ پیش کردیا جائے گا۔