اسلام آباد ( نمائندہ جنگ)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فوجی فائونڈیشن ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا،انہیں جاری اور مستقبل کے منصوبوں اورمختلف امور کے بارے میں بریفننگ بھی دی گئی۔ آئی ایس پی آرکے مطابق فوجی فائونڈیشن ہیڈکوارٹر پہنچنے پر ایم ڈی اور سی ایس او فوجی فائونڈیشن وقار احمد ملک نے آرمی چیف کا استقبال کیا، جنرل قمر جاوید باجوہ نے فوجی فائونڈیشن کی جانب سےمعیاری خدمات کے لئے کارکردگی اور عزم کو سراہا۔ دورہ کے دوران جنرل باجوہ نے 100بیڈ ہسپتال اور فائونڈیشن یونیورسٹی انسٹیٹیوٹ اسکول آف نرسنگ کا افتتاح بھی کیا۔واضح رہے کہ فوجی فاؤنڈیشن محنت اور خدمت کی اعلیٰ مثال ہے ،فوجی فاؤنڈیشن 1954 سے مسلسل قومی خدمت میں مصروف ہے۔ فوجی فاؤنڈیشن ملک کی تعمیر و ترقی اور معاشی خوشحالی میں مسلسل اہم کردار ادا کر رہا ہے۔گزشتہ برس فوجی فاؤنڈیشن نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو ٹیکس، ڈیوٹی اور لیویز کی مد میں تقریباََ175بلین روپے ادا کیے جو پاکستان کے وفاقی بجٹ کا تقریباََ 2.45فیصد ہیں۔ گزشتہ دس سالوں میں فوجی فاؤنڈیشن نے ٹیکس اور ڈیوٹی کی مد میں ساڑھے تیرہ سو ارب روپے سے زیادہ رقم قومی خزانے میں جمع کرائی۔ ریٹائرڈ فوجیوں کی فلاح و بہبودکیلئے قائم ہونے والے ادارے سے آج لاکھوں سویلین افراد بھی مستفید ہو رہے ہیں۔فوجی فاؤنڈیشن کے71فیصد ملازمین سویلین جبکہ صرف 29فیصد ریٹائرڈ فوجی ہیں۔