’’موت و حیات‘‘ کا سلسلہ طے شدہ نظامِ قدرت کے مطابق ازل سے جاری ہے اور ابَد تک رہے گا۔ قرآنِ کریم میں اللہ تعالیٰ نے اس حوالے سے ارشاد فرمایا، ترجمہ: ’’بہت ہی عظیم اور بابرکت ہے وہ ذات، جس کے دستِ قدرت میں (زمین و آسمان) کی بادشاہی ہے۔ اور وہ ہر شے پر قادر ہے۔ جس نے موت اور حیات کو تخلیق کیا، تاکہ وہ تمہیں آزما سکے کہ کون تم میں بہتر عمل کرنے والا ہے۔‘‘یعنی زمین و آسمان کی تخلیق اورحضرت آدم علیہ السلام کے دنیا میں تشریف لانے کے بعد انسان، موت و حیات کے فلسفےسے آگاہ ہوا۔ اور پھر اللہ تعالیٰ نےحضرت آدم علیہ السلام کے دو بیٹوں ہابیل اور قابیل کے ذریعے انسان کو نظامِ تدفین سے متعارف فرمایاکہ قابیل ،ہابیل کو قتل کرنے کے بعدجس آزمائش کا شکار، مسئلےسے دوچار ہوا، وہ انسان کی تدفین ہی کا تھا۔مگر اس ضمن میں یہ بھی ایک افسوس ناک حقیقت ہے کہ آج صدیاں گزر جانے کے بعد بھی انسان اسی ’’تدفین‘‘ کے مسئلے سے دوچار ہے۔
یہ ایک فطری امر ہے کہ کسی بھی انسان کی موت کے بعد اس کے اعزّا و اقارب سخت غم و اندوہ کا شکارہوتے ہیں اور اوپر سے ایک آزمایش کا مرحلہ اپنے اس پیارے کی تدفین کے حوالے سے سامنے آجاتا ہے کہ اب اس کی تدفین کہاں کی جائے،اسے کس قبرستان میں آسودئہ خاک کیا جائے کہ اس وقت حال یہ ہے کہ ملک بھر کے قبرستانوں میں گنجائش سے کہیں زیادہ قبروں کی تعمیر بلکہ قبروں پر قبروں کی تعمیرکے بعد اب کہیں تِل دھرنے کو جگہ دکھائی نہیں دیتی۔ کراچی شہرکی بات کریں،تویہ لگ بھگ دوکروڑ نفوس پر مشتمل کثیر آبادی والا شہر ہے۔
آج اس شہر کو جہاں دیگربہت سے مسائل کا سامنا ہے، وہیں دو گز زمین کے حصول کے لیے میّت کے ورثاء اور لواحقین اُس وقت شدید کرب و اذیّت کا شکار نظر آتے ہیں، جب اُنہیں اپنے پیاروں کی تدفین کے لیے مقامی قبرستان یا جہاں اُن کے آباء و اجداد، قریبی رشتے دار مدفون ہوں، قبر کے لیے جگہ نہیں ملتی۔عموماً اس شعر کے مصداق کہ؎ اب تو گھبرا کے یہ کہتے ہیں کہ مر جائیں گے.....مر کے بھی چین نہ پایا تو کدھر جائیں گے۔ ایک قبر کے حصول کے لیے شدید تگ و دو اور دوڑ بھاگ کے بعد کچھ اس کیفیت کے شکار نظر آتے ہیں کہ’’ قبر کا حال مُردہ ہی جانے۔‘‘ یہاں قبرستانوں میں بھی گویا منڈیاں لگتی، قبریں بِکتی ہیں اور بسا اوقات توایک قبر کی قیمت ہزاروں روپےسے شروع ہوکر لاکھوںتک جا پہنچتی ہے۔
کراچی شہر کے مختلف علاقوں میں اس وقت176سے زائد چھوٹے بڑے قبرستان ہیں، جن میں سےصرف 39بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تحت رجسٹرڈ ہیں۔89کا انتظام و انصرام مختلف برادریوں اور این جی اوزکے پاس ہے، جب کہ 48سرے سے نان رجسٹرڈ ہیں اور اس ضمن میں المیہ یہ ہے کہ پونے دو سو کے قریب قدیم و جدید قبرستان موجودہونے کے باوجود شہری سخت آزمائش اور تکلیف سے دوچارہیں۔ مقامی قبرستانوں میں باآسانی تدفین کے لیے کوئی جگہ دست یاب نہیں۔
نتیجتاً بعض حالات میں ایک ایک قبر میں مختصر وقفے سے کئی کئی مُردے دفنائے جارہے ہیں۔یہاں تک کہ شہر میں جہاں بڑی بڑی ہائوسنگ اسکیمز اور جدید آبادیاں قائم ہورہی ہیں، وہاں بھی تمام تر منصوبہ بندی کے باوجود اس اہم مسئلے پر توجّہ نہیں دی جارہی۔ کراچی میں قبرستانوں کے لیے جگہ مختص کیے دہائیاں بیت چکی ہیں اور اس عرصے میں شہر کی آبادی میں کئی سو فی صد اضافہ ہوا۔خود حکومت کی جانب سےمتعدد قبرستانوں میں ’’تدفین ممنوع ہے‘‘ کے بورڈ بھی نصب کیے گئے، لیکن پھر بھی اس اہم ترین مسئلے پر کوئی توجّہ نہیں دی جارہی۔ غریب شہری گورکنوں سے دو گز زمین منہ مانگے داموں خریدنے پر مجبور ہیں اور کہیں کوئی شنوائی نہیں۔ بہرحال، ہم نے اسی حوالے سے ڈائریکٹر قبرستان، بلدیہ عظمیٰ کراچی اور چند دیگرنمائندہ افراد سے بات چیت کی، تو جو صورتِ حال سامنے آئی، وہ کچھ اس طرح ہے۔
بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمۂ میونسپل سروسز کے شعبۂ قبرستان کے ڈائریکٹر، اقبال پرویز کا کہنا ہے کہ ’’بدقسمتی سے کسی بھی حکومت نے قبرستانوں پر کبھی توجّہ نہیں دی۔ کے ایم سی کی طرف سے ایک قبر کی اراضی کی فیس تین سو روپے مقرر ہے اور شہر کے تمام قبرستانوں کے گورکنوں کی رجسٹریشن بلدیہ عظمیٰ کرتی ہے، جب کہ متعلقہ ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز (ڈی ایم سیز) قبرستانوں میں صفائی ستھرائی اور روشنی کے انتظامات کی ذمّے دار ہیں۔
عدالتِ عظمیٰ کے حکم پر کراچی کے بیش تر قبرستانوں میں نئی قبریں بنانے پر پابندی عاید کردی گئی ہے، مگراب بھی گورکن پرانی قبروں کی جگہ نئی قبریں تیار کرکے منہ مانگا معاوضہ وصول کررہے ہیں۔ ایک طرف شہر میں دھڑا دھڑسوسائٹیز بن رہی ہیں، نئے نئے ہائوسنگ پراجیکٹ سامنے آرہے ہیں،تو دوسری طرف قبرستانوں کے لیے جگہ مختص کرنے پر کوئی توجّہ ہی نہیں ہے۔
اس حوالے سے ڈھائی برس قبل سال سندھ ہائی کورٹ کے مسٹر جسٹس محمّد علی مظہر متعلقہ اداروں کو سختی سے پابند کرچکے ہیں کہ کوئی بھی نیاہائوسنگ پراجیکٹ یا سوسائٹی قبرستان کے لیے جگہ مختص کیے بغیر تعمیر نہیں ہوگا۔ تاہم، اس پر عمل درآمد کہیں نظر نہیں آتا۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی اس گمبھیر صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے سرجانی ٹاؤن، تیئسر ٹاؤن اور گڈاپ ٹاؤن میں تین نئے قبرستانوںکے قیام کے لیے ٹھوس پلان ترتیب دے کر کافی کام کرچکی ہے، مگر منظوری کے بغیر کچھ بھی ممکن نہیں۔ اگر یہ پلان ہی منظور ہوجاتے ہیں، تو آئندہ کئی دہائیوں تک کے لیے یہ مسئلہ حل ہوجائے گا۔
البتہ کراچی کے کچھ اضلاع میں چوں کہ کوئی زمین باقی نہیں بچی، تو ان علاقوں میں نئے قبرستان نہیں بنائے جاسکتے، دیگر علاقوں میں اراضی کے حصول کے لیے حکومتِ سندھ اور ملیرڈیویلپمنٹ اتھارٹی سے سال بھر سے بات چیت ہورہی ہے۔ ہمارا پلان ہے کہ تقریباًہرضلعے میں دو ڈھائی سو ایکڑ پر ایک قبرستان بن جائے، جو آئندہ بیس پچیس سال کے لیے کافی ہوگا۔ بلدیہ عظمیٰ کا سرجانی ٹائون میں گیارہ ایکڑ، مواچھ گوٹھ میں پچاس ایکڑ، دیہہ ماڑی پور میں 5ایکڑ اور لنک روڈ،سپرہائی وے پر 22ایکڑ رقبے پر مشتمل ایک ماڈل قبرستان بنانے کا منصوبہ ہے۔اسی طرح ایدھی فائونڈیشن سپارکو روڈ پر اپنا قبرستان بنارہی ہے۔
ہمارے پاس جن 39قبرستانوں کی رجسٹریشن ہے، ہم ان کا نظم و نسق بہتر کرنے کی کوشش کررہے ہیں، تاہم غیررجسٹرڈ قبرستان اَن گنت مسائل کی آماج گاہ ہیں۔بعض قبرستان تو ایسے ہیں، جہاں ہمیں داخل ہی نہیں ہونے دیا جاتا۔ ہماری کوشش ہے کہ وہ قبرستان بھی رجسٹر ہوجائیں۔ انتظامیہ کی جانب سے شہر کے6 قبرستانوں میں جگہ بالکل ختم ہونے کے باعث تدفین پر پابندی عاید کی گئی ہے، جن میں ماڈل کالونی، پاپوش نگر، یاسین آباد، کالونی گیٹ، کورنگی نمبر 6 اور عیسیٰ نگری قبرستان شامل ہیں۔ حال ہی میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر لئیق احمد نے سیلانی ویلفیئر، چھیپا اور جے ڈی سی کے ساتھ ایک میٹنگ کی ہے،جس میں طے پایا ہے کہ یہ تنظیمیںمخدوش قبرستانوں میں بھی خدمات انجام دیں گی اور دوردرازکے قبرستانوں تک بھی تدفین کے لیے خاطرخواہ انتظامات کریں گی۔
مزید برآں،ضرورت مندوں کوقبرکی مفت جگہ بھی فراہم کی جائے گی۔ پرانے قبرستانوں میں فلاحی تنظیموں کا عملہ موجود ہوگا، جو اس ضمن میں لوگوں کی رہنمائی کرے گا۔یہاں ایک افسوس ناک پہلو یہ بھی ہے کہ عموماً لوگ دور دراز علاقوں میںجانا نہیں چاہتے، ہر شخص چاہتا ہے کہ علاقے کے قریب ہی قبرستان میں جگہ ملے، لیکن زمینی حقائق تو یہی ہیں کہ مستقبل قریب میں لوگوں کومیتّوں کی تدفین کے لیے نواحی علاقوں میں جانا ہوگا۔‘‘
چند برس قبل بھی حکومتِ سندھ نے کراچی کے قبرستانوں میں جگہ ختم ہوجانے کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں زمین مختص کرنےکا عندیہ دیا تھا۔ اُس وقت کے سندھ کے چیف سیکریٹری، سیّد ممتاز علی شاہ کی زیرِصدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں قبرستان بنانے کے لیے زمین مختص کی جائے گی۔اجلاس میں چیف سیکرٹری نے بورڈ آف ریونیو کے ممبر کو گڈاپ میں 300 ایکڑ، بن قاسم میں 200، ضلع غربی میں 200 اور ضلع شرقی میں 100 ایکڑزمین مختص کرنے کی تجویز دی تھی اور کہا تھا کہ کراچی میں قبرستانوں کے لیے زمین مختص کرنےکی سمری صوبائی کابینہ کے سامنے پیش کی جائے گی اور وہاں سے منظوری کے بعد ہی قبرستانوں کے لیے جگہ مختص ہوسکے گی، لیکن اس سلسلے میں تاحال محض اعلانات کے کوئی خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہوسکی۔
اس حوالے سےجماعتِ اسلامی پاکستان، کراچی کے امیر، حافظ نعیم الرحمٰن نے اپنا موقف دیتے ہوئے کہا کہ ’’بنیادی طور پر یہ حکومت کا کام ہے۔کیوں کہ اب تو موت بھی ایک مسئلہ بن گئی ہے۔ جماعتِ اسلامی، ضلع ملیر، شاہ لطیف ٹائون میں قبرستان کی اراضی کے لیے کوششیں کررہی ہے اور امید ہے کہ اراضی جلد مل بھی جائے گی، تو کسی حد تک تدفین کا مسئلہ حل ہو گا، لیکن یہ مستقل حل نہیں ہے۔
درحقیقت جینے سے مرنے تک کی ذمّے داری ایک ریاست ہی کی ہوتی ہے، مگر افسوس ریاست کسی قسم کی ذمّے داری اٹھانے پر آمادہ نہیں۔
وہ تعلیم، صحت اور ٹرانسپورٹ کی سہولت دیتی ہے، نہ ہی کسی قسم کا تحفّظ فراہم کرتی ہے۔ عجب تماشا تو یہ ہے کہ حکومت اہم مسائل پر توجّہ دینے کے بجائے لنگرخانے کھولنے میں لگی ہوئی ہے۔‘‘ اسی حوالے سے ایدھی فائونڈیشن کے نگراں، فیصل ایدھی کا کہنا ہے کہ’’2003ء میں سابق ناظم کراچی، نعمت اللہ خان نے عبدالستّار ایدھی کے توجّہ دلانے پر مواچھ گوٹھ کراچی میں کئی ایکڑ رقبے پر مشتمل زمین الاٹ کی تھی، جہاں زیادہ تر مختلف حادثات کے نتیجے میں وفات پاجانے والے لاوارث افراد کو ایک طے شدہ نظم کے مطابق دفنایا جاتا ہے، مگر اب چوں کہ یہ قبرستان بھی بڑی حد تک بَھرچکا ہے، تو ہم نے حکومتِ سندھ سے اس سلسلے میں مزید دس ایکڑ اراضی کی درخواست کی ہے۔‘‘
اسی اہم مسئلے پر معروف عالمِ دین، مولانا تنویر الحق تھانوی سے بات کی گئی، تو اُن کا کہنا تھا کہ ’’یہ اہم مسئلہ نہ صرف کراچی بلکہ پورے پاکستان کا ہے۔ قبروں کی فراہمی، حفاظت اور دیگر تمام معاملات حکومتِ وقت کی ذمّے داری ہیں۔ بدقسمتی سے ہمارا ملک بدنظمیوں کا مجموعہ ہے، جس کی ایک افسوس ناک جھلک یہ ہے کہ کسی گھر کا کوئی فرد انتقال کرجاتا ہے، تو اسے قبر کے حصول کے لیے دَر دَر کی خاک چھاننی پڑتی ہے۔ بعض اوقات قبرکی زمین دست یاب نہ ہونے کی صُورت میں کسی دوسرے عزیز کی قبر میں بھی دفنانا پڑ جاتا ہے۔ حالاں کہ قبر پر قبر بنانا یا ایک قبر میں دوسرے مُردے کو دفنانا انتہائی مجبوری کی حالت میں تو کیا جاسکتا ہے، مگر عام حالات میں ایسا کرنا درست نہیں۔
شنید ہے کہ بلدیہ عظمیٰ، کراچی شہر کے مختلف علاقوں میں نئے قبرستان بنانے جارہی ہے، تو اسے چاہیے کہ مربوط پلاننگ کے ساتھ مناسب فاصلے اور ترتیب سے قبریں بنانے کے انتظامات کو یقینی بنائے۔‘‘ اس ضمن میں جامعہ علومِ اسلامیہ، بنوری ٹاؤن سے وابستہ مفتی غلام مصطفیٰ رفیق کا کہنا ہے کہ’’ ہلاک شدگان کی تدفین کے لیے قبرستان مختص کرنا اسلامی ریاست اور حکمرانِ وقت کی ذمّے داری ہے۔
اگر ریاست اس ذمّے داری کو نبھانے میں کردار ادا نہ کرے، تو صاحبِ ثروت مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ اپنے بھائیوں کے لیے نئی جگہوں پر قبرستانوں کا انتظام کریں۔موجودہ دَور میں شہری آبادی میں بے پناہ اضافے کے بعد جہاں دیگر مسائل درپیش ہیں، وہیں ایک مسئلہ قبرستانوں کا بھی ہے، جو سنگینی اختیار کرتا جارہا ہے۔
مختلف کمیونٹیز اور جماعتوں نے شہر سے باہر اراضی خرید کر اپنے لیے قبرستانوں کاانتظام کیا ہے، لیکن ان میں تدفین کی اجازت صرف متعلقہ کمیونٹی اور جماعت ہی کے افراد کو ہے۔ عام شہری اپنے پیاروںکی تدفین کے لیے مستقل اذیّت کا شکار ہیں۔ اگرچہ قبرستانوں کا عملہ تدفین کی گنجائش نہ ہونے کے باجود گنجائش پیدا کردیتا ہے، لیکن سوچنے کی بات یہ ہے کہ کیا یہ گنجائش درست ہے؟ پھران قبرستانوں میں ایک ایک قبر لاکھ سے ڈیڑھ لاکھ تک میں فروخت کی جارہی ہےاور معروضی حالات میں یہ رقم بڑھتی بھی رہتی ہے، تو غریب اور متوسّط طبقہ اپنے پیاروں کی تدفین کے موقعے پر بھی رقم کے انتظام کے لیے پریشان و سرگرداں نظر آتاہے،جب کہ قبرستانوں کا عملہ اس مجبوری سے فائدہ اٹھاتاہے۔
دوسری بات یہ کہ یہ گنجائش اکثر وبیش تر پرانی قبریں کھود کر پیداکی جاتی ہے،جس کا نشانہ وہ قبور بنتی ہیں، جن کے لواحقین دیکھ بھال کے لیے نہیں آتے، تو یہ ایک اہم شرعی مسئلہ ہے اور شریعت میں اس کی اجازت نہیں ہے۔ فقہاء نے لکھا ہے کہ اگر اس بات کا یقین ہو کہ قبر میں میّت کی ہڈیاں بوسیدہ ہو کر مٹّی ہوچکی ہوںگی، تواسی صُورت جگہ کی تنگی کے باعث کوئی قبر کھود کر اس میں نئی میّت دفن کرنا جائز ہے۔ البتہ کھدائی کے بعد اگر سابقہ میّت کی کچھ ہڈیاں وغیرہ قبر میں موجود ہوں، تو انہیں قریب ہی دفن کردیا جائے یا اسی قبر میں ایک طرف علیٰحدہ کرکے ان ہڈیوں اور نئی میّت کے درمیان مٹّی کی آڑ بنادی جائے، لیکن اگر قبر اتنی پرانی نہ ہو کہ سابقہ میّت بالکل مٹّی ہوچکی ہو، تو پھر اس قبر کو کھود کر اس میں دوسری میّت دفنانا جائز نہیں۔
ایسی صورت میں قبرستان میں جگہ تنگ ہونا عذر نہیں ہوگا، میّت کو کسی دوسرے قبرستان یا متبادل جگہ کا انتظام کرکے دفن کیا جائے گا۔ آج کل ایک صورت یہ بھی نکالی گئی ہے کہ ایک قبر پر منزل بناکر دوسری قبر بنائی جارہی ہے، حالاں کہ شرعی طور پر قبر کے لیے زمین کی ظاہری سطح کو کم از کم انسان کی آدھی قد و قامت کے بہ قدر گہرا کھود کر بنانا ضروری ہے، اس لیے زمین کے اوپر پہلے سے موجود پرانی قبر پر منزل بنا کر اس میں مُردے کو رکھنا، قبر میں دفنانا نہیں کہلائے گا، بلکہ دیوار میں چُننا کہلائے گا،جو کہ تدفین کا مسنون طریقہ نہیں، اس لیے ایساکرنا جائز نہیں۔اس کے علاوہ قبرستانوں کی حالتِ زار بھی قابلِ توجّہ ہے۔ قبرستانوں کے اندر، باہر جابجا گندگی کے ڈھیر لگے ہیں،ہر طرح کےجانور گھوم پھر رہے ہیں،پھر بارشوں کی صورت میں نکاسیٔ آب کا مناسب انتظام نہ ہونے سے بھی کئی قبریں بیٹھ جاتی ہیں، تویہ ایک سخت اذیّت ناک صورتِ حال ہے، جسے سامنے رکھتے ہوئے شرعی طور پر ریاست اور متعلقہ محکموں کو اس طرف بطورِ خاص توجّہ دینی چاہیے۔‘‘
رجسٹرڈ قبرستانوں میں جنوری 2020ء سے فروری 2021ء تک کی تدفین کی تفصیل
بلدیہ عظمیٰ کراچی کے رجسٹرڈ قبرستانوں میں جنوری 2020ء فروری 2021ء تک کُل 34531 میتّوں کی تدفین کی گئی۔ ضلع وسطی کےعلاقے سی۔ ون ایریا،حاجی مرید گوٹھ(لیاقت آباد)، یاسین آباد (عزیز آباد) سخی حسن (نارتھ ناظم آباد) النور (النور انڈسٹریل ایریا ) محمّد شاہ (نارتھ کراچی)گزدر بابا (نارتھ کراچی،11-C)صدیق آباد (نئی کراچی نمبر 6) لاسی گوٹھ (گولی مار ناظم آباد) اور جہانگیر آباد (کھجّی گرائونڈ)میں 19531میتّیں۔ ضلع غربی میں سلیم آباد، الفتح اور غازی آباد، جنت البقیع، گلشن ضیاء،یعقوب آباد، گلشن بہار، ابراہیم علی بھائی، تھورانی گوٹھ (اورنگی ٹائون) مواچھ گوٹھ (حب ریور روڈ، بلدیہ) اور کے ایم سی سرجانی (نادرن بائی پاس) میں 6483 میتوں، ضلع کورنگی کے علاقوں چکرا گوٹھ، مولا بخش (کورنگی) عظیم پورہ (شاہ فیصل کالونی) میں3028میتّوں، ضلع ملیر میں سعود آباد(ملیر) ماڈل کالونی (ائرپورٹ) کالونی گیٹ (شاہ فیصل کالونی) حیدر شاہ، معصوم شاہ، اسماعیل گوٹھ (لانڈھی) مولا مدد لہری گوٹھ (شیرپائوکالونی) میں 3675 میتّیں اور ضلع شرقی میں منو گوٹھ (عیسٰی نگری) پی ای سی ایچ سوسائٹی (طارق روڈ) میں کل 1814 میتّوں کی تدفین کی گئی۔
آن لائن قبرستان
دائم آباد کُوچ کرجانے والوں کی قبور دیکھنے اور اُن پر فاتحہ خوانی کے لیے آج کل انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال بھی شروع ہوچکا ہے۔ کراچی سمیت پورے ملک میں ایسے کئی قبرستان موجود ہیں، جہاں اپنے کسی عزیز کی قبر پر آن لائن فاتحہ خوانی کی جا سکتی ہے۔ آن لائن قبر دیکھنے کے لیے صرف قبر کا نمبر یانام درکار ہوتا ہے۔
پاکستان کا سب سے پہلا آن لائن قبرستان وادیِ حسین، سُپرہائی وے کراچی کا ہے، جب کہ اسلام آباد کے مرکزی قبرستان میں بھی آسودئہ خاک ہونے والوں کی تدفین بذریعہ انٹرنیٹ باآسانی دیکھی جاسکتی ہے کہ وہاں دفن ہونے والے تمام افراد کی قبریں انٹرنیٹ پر موجود ہیں۔ واضح رہے کہ اسلام آباد کے اس مرکزی قبرستان میں جوش ملیح آبادی، ممتاز مفتی، الطاف گوہر، مولانا کوثر نیازی، ممتاز شیریں، پروین شاکر اور صدیق سالک جیسے اکابرو مشاہیر آسودئہ خاک ہیں۔