پاکستان سپر لیگ 6 میں شرکت کیلئے ابوظبی پہنچنے والے افراد کا قرنطینہ شروع ہوگیا، لاہور اور کراچی میں رہ جانے والے تاحال یو اے ای کے ویزوں کے منتظر ہیں، ویزے ملتے ہی 25 افراد ایک ہی چارٹر طیارے سے ابوظبی روانہ ہونگے۔
پی ایس ایل 6 میں حائل رُکاوٹیں دور ہو گئیں، کراچی اور لاہور سے جمعرات کو خصوصی پروازوں سے ابوظبی پہنچنے والے افراد کا قرنطینہ شروع ہوگیا ہے۔
یہ افراد سات روز کا قرنطینہ کریں گے لیکن پی سی بی کوشش کررہا ہے کہ تاخیر سے پہنچنے کی وجہ سے قرنطینہ کی مدت کچھ روز کم ہوجائے۔
پی سی بی کا موقف ہے کہ یہ افراد پاکستان میں بھی قرنظینہ میں ہی تھے۔
دوسری جانب کراچی اور لاہور میں موجود 25 افراد ویزوں کے منتظر ہیں ان میں دس سے زیادہ کھلاڑی بھی شامل ہیں۔
پاکستان کرکٹ کے مطابق ویزہ ملنے کے بعد یہ افراد ایک ہی چارٹر ڈ طیارے سےابوظبی جائیں گے، ایونٹ کے شیڈول کے حوالے سے ابھی کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی جس کا اعلان بدستور تاخیر کا شکار ہے۔
امکان یہی ہے کہ تمام افراد کے ابوظبی پہنچنے کے بعد اس کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔