اسلام آباد( نیوز رپورٹر)سی ڈی اے بورڈ نے نئے مالی سال2021-22کیلئے سی ڈی اے تاریخ کے سب سے بڑے 156ارب سے زائد کے بجٹ کی منظوری دیدی جس میں اخراجات کا تخمینہ82ارب روپے اور 156ارب کے محصولات کی وصولی جبکہ سرپلس کا تخمینہ 73ارب روپے لگایا گیا ہے۔ سی ڈی اے بورڈ کا اجلاس چیئرمین عامر علی احمد کی صدارت میں ہوا ۔ممبر فنانس شکیل جاذب نے مالی سال2021-22کا بجٹ پیش کیا جس میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کیلئے 40ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں میں فراش ٹائون میں کم آمدن والے افراد کیلئے گھروں کی تعمیر کیلئے 2ارب ، راول چوک سگنل فری کوریڈورکیلئے66 کروڑ ، مارگلہ ایونیو کیلئے 1ارب مختص کیے گئے ہیں جبکہ دیگر ترقیاتی منصوبوں میں آئی جی پی روڈ ، PWDانڈر پاس ، سیونتھ ایونیو، ٹینتھ ایونیو ،نیا سلاٹر ہائوس اور لیڈیز کلب کی تعمیر شامل ہے۔مزید برآں شہرکی خوبصورتی و تزئین وآرائش کے منصوبوں کیلئے 5ارب مختص کئے گئے ہیں ان میں سے واٹر سپلائی، سٹریٹ لائٹس ، سینی ٹیشن اور پارکس کے منصوبے شامل ہیں۔ گریڈ 1سے گریڈ 19تک کے ملازمین و افسران کو مزید5ماہ کیلئے کوروناالائونس دینے کی منظوری بھی دی گئی ۔اسلام آ باد شہر کی اپ لفٹ کیلئے چار ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ شہر کا کوڑا اکھٹا کرنے کیلئے سیکٹر ایف 16میں لینڈ فل سائٹ کی تعمیر کی بھی منظوری بھی دی گئی ۔سی ڈی اے آرڈی اے سے مل کر مستقل سائٹ بھی تعمیر کرے گا۔اجلاس میں عمر کی حد سے متعلق حکومت کے نو ٹیفیکیشن کواپنانے ،ایم سی آئی کے شعبوں کو سی ڈی اے کے حوالے کرنے کی مدت میں مزید چھ ماہ کی توسیع کی توثیق کی گئی ۔ محکمانہ پروموشن کمیٹی میں ترمیم، سی ڈی اے ہسپتا ل میں نومولود بہرے بچوں کے علاج کے سنٹر کے قیام ،سید محمد علی بخاری ا یڈووکیٹ کو سی ڈی اے کا لیگل ایڈوائزر مقرر کرنے، پارک اینکلیو سکیم کی قسطوں کے شیڈول میں ترمیم ، پلاٹوں کی نیلامی، صنعتی پلاٹوں کے استعمال میں تبدیلی کی منظوری دی گئی ۔ سی ڈی اے کے فرموں سے معاہدوں پر دستخط کرنے کا اختیار دیاگیا۔