کراچی(اسٹاف رپورٹر) آئی بی اے کراچی نے رواں سال فال2021سمسٹرکے داخلوں کیلئے 2سالہ ماسٹر آف سائنس ڈویلپمنٹ اسٹڈیز پروگرام کا اجراء کردیا جو مجموعی طور پر30کریڈٹ آورزپرمشتمل ہوگا۔ یہ پروگرام، اسکول آف اکنامکس اینڈ سوشل سائنسز کے زیر اہتمام ڈیزائن کیا گیا ہے جو محکمہ معاشیات، محکمہ سوشل سائنسز اور لبرل آرٹس کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ یہ کثیر الانضباطی پروگرام ترقی کے نظریہ اور طریقوں کے تنقیدی موضوعات کی کھوج کریگا ہے اور معاشروں کے ارتقا میں ترقیاتی عمل کو متعارف کرائے گا۔ ایم ایس ڈویلپمنٹ اسٹڈیز اعلیٰ معیاری تعلیم کی فراہمی اور طلباء کے تربیتی عمل میں معاونت کے ساتھ ترقی سے منسلک طریقہ کار اور پالیسی سے آگاہی فراہم کریگا۔ یہ پروگرام کثیر الشعبہ معاشرتی سائنس کے ارتقائی نظریے، مقداری طریقوں اور معاشرتی نشو نما کے مختلف شعبوں میں کام آنے والی ایپلی کیشنز کی بنیاد ڈالنے میں بھی مدد دیگا۔ ڈین، اسکول آف اکنامکس اینڈ سوشل سائنسز ڈاکٹر اسماء حیدر نے پروگرام کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم امید کرتے ہیں کہ یہ پروگرام طلباء کو ترقیاتی نظریہ اور عمل کے اہم موضوعات کی کھوج اور تاریخی تناظر کو حالیہ پیشرفت سے جوڑنے کا ذریعہ ثابت ہوگا۔ ہمارا مقصد طالب علموں کی تربیت کے ذریعے انہیں بااختیار بنانا ہے تاکہ وہ مستقبل میں مقامی برادریوں کے لئے تبدیلی اور مثبت بدلائو کا باعث بن سکیں۔ پروگرام کے اجراء کے موقع پر آئی بی اے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ایس اکبر زیدی نے کہا کہ ترقیاتی مطالعات ایک ایسی پالیسی بحث ہے جس میں معاشرے کی تاریخ، ماحولیات، ثقافت، ٹیکنالوجی اور سیاست کے لحاظ سے غور کیا جاتا ہے۔