• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فائزعیسیٰ کیخلاف بیان کیلئے ہم پر دباؤ ڈالا گیا‘ سیکریٹری لاہورہائیکورٹ بار


کراچی (ٹی وی رپورٹ)سیکریٹر ی لاہور ہائی کورٹ بار خواجہ محسن عباس نے دعویٰ کیاہے کہ جسٹس فائز عیسیٰ کے خلاف بیان دینے کیلئے ہم پر دباؤڈالاگیا‘وزارت قانون کی طرف سے لاہور ہائی کورٹ بار سےپچھلے ایک مہینے کے دوران کافی دفعہ رابطہ کیا گیاکہ ہم یہ قرارداد پاس کریں تو یہ ہمارے فنڈز جاری کریں گے۔دوسری جانب وزیرقانون بیرسٹر فروغ نسیم کا کہناہے کہ سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ میرے ہوتے ہوئے کوئی اس قسم کا مطالبہ کرے ‘لاہور ہائی کورٹ بار کے صدر تو ان کی بات کو رد کررہے ہیں کہ ایسی کوئی بات نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے جیونیوزکے پروگرام ’’ نیا پاکستان ‘‘میں میزبان شہزاداقبال سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔خواجہ محسن عباس نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ الزام نہیں یہ ایک حقیقت ہے ۔ گزشتہ ایک مہینے سے آپ دیکھ رہے ہوں گے مختلف بار ایسوسی ایشنوں پر دباؤ ڈالا جارہا ہے کہ قرارداد ایشو کی جائے۔ نوٹیفکیشن قرارداد کی صورت میں جاری کیا جائے جس میں کہا جائے کہ احتساب سب کے لئے۔اس کی سرخی بھی ہوتی ہے قاضی فائز عیسیٰ کیس۔لاہور ہائی کورٹ بار سے بھی پچھلے ایک مہینے کے دوران کافی دفعہ رابطہ کیا گیاوزارت قانون کی طرف سے کہ ہم یہ قرارداد پاس کریں تو یہ ہمارے فنڈز جاری کریں گے۔میرا دعویٰ یہ ہے کہ جب ہمیں کہا گیا کہ جسٹس قاضی فائزعیسیٰ پر بیان دیں تو ہم آپ کو آپ کی ضرورت کے مطابق گرانٹ دیں گے ۔ جب ہم نے وہ بیان نہیں دیا تو اس کو کور کرنے کے لئے کہ الزام نہ آئے پھر ہمیں کہا گیا کہ آپ کا40 لاکھ روپے کا چیک ہے آکر وصول کرلیں۔بیرسٹر فروغ نسیم نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا دایاں بایاں کوئی نہیں ہے ان کے پیچھے جو عناصر ہیں ان کی وجہ سے یہ خوامخواہ آگئے ہیں ۔ سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ میرے ہوتے ہوئے کوئی اس قسم کا مطالبہ کرے۔دراصل مسئلہ یہ ہے کہ وکلا کی باڈیزمیں سیاست بہت زیادہ ہے ۔

تازہ ترین