راولپنڈی (خبر نگار خصوصی) راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) کا 55 واں گورننگ باڈی اجلاس گزشتہ روز کانفرنس روم میں منعقد کیا گیا۔جس کی صدارت چیئرمین طارق محمود مرتضیٰ نے کی۔ ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے نے آر ڈی اے کا سالانہ بجٹ پیش کیا اور گورننگ باڈی نے مالی سال 2021 - 2022 کیلئے 2379.005 ملین روپے کی منظوری دے دی ہے۔ پچھلے سال2020-21 میں آرڈی اے نے متعین کردہ ریونیو ٹارگٹ جو کہ 295ملین تھا اس کے مقابلے میں 559 ملین ریونیو حاصل کیا، جو متعین کردہ ریونیو ٹارگٹ سے 264ملین زیادہ ہیں۔ یہ سب وزیر اعظم عمران خان کے تعمیراتی شعبے کے وژن نیو اپرول رجیم کے تحت ممکن ہواہے، وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی مہم کو عملی جامہ پہناتے ہوئے راولپنڈی ڈولپمنٹ اتھارٹی نے اپنے غیر ترقیاتی اخراجات میں 189ملین کی بچت کی ۔ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن سرکاری اداروں کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے اس منصبوے کے تحت آ ر ڈی اے میں بھی ڈیجیٹلائزیشن کا آغاز کر دیا گیاہے۔ آرڈی اے میں جدید سہولیات سے آراستہ ون ونڈو آپریشن کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس کے تحت رہائشی و کمرشل نقشہ جات ڈیجیٹل طریقے کے تحت موصول ہو رہے ہیں جن کی منظوری 30دن کی قلیل مدت میں دی جارہی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے خسارے کا شکار اداروں کو طاقتور بنایا ہےاور یہی وجہ ہے کہ آر ڈی اے نے ایک سال میں 1300نقشے منظور کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں دو جگہ پرانڈر پاس بن رہے ہیں جو کہ ڈیفنس چوک اور کچہری چوک ہیں۔ ڈیفنس چوک پر انڈر پاس 2.2 ارب روپے میں تعمیر ہوگا جبکہ ان میں سے کچہری چوک اپنی نوعیت کا پہلا انڈر پاس ہے جو دو لیول ٹیوب پہ مبنی ہےجس کی لاگت 3.6 ارب روپے ہو گی۔ نئی ترقیاتی سکیموں کے لئے مختص بجٹ 1984 ملین روپے کا بڑا حصہ شامل ہے۔ جاری ترقیاتی سکیموں بشمول ڈرائی پورٹ روڈ کی رحیم آباد فلائی اوور سے ائرپورٹ روڈ سیویلفیئر کمپلیکس کے راستے چکلالہ ریلوے اسٹیشن شیل ڈپو راولپنڈی کے لیے 50 ملین روپے کی متوقع لاگت اور ائر پورٹ راولپنڈی میں تین پیڈسٹرین پل کی تعمیر لیے69 ملین روپے کی متوقع لاگت ہے۔مالی سال 2021-22 کے لئے آمدنی کا ہدف 433.325 ملین روپے رکھا گیا ہے اور آر ڈی اے نے مالی سال 2020-21 کے لئے وصولی کا ہدف حاصل کرلیا ہے۔غیر ترقیاتی اخراجات کے لئے 395.001 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں جس میں تنخواہ وپنشن، بجلی، ٹیلیفون وغیرہ شامل ہیں۔