• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومتی عہدیدار پروٹوکول کم کریں، غیر ضروری شو بازی پر ایکشن ہوگا، وزیراعظم

حکومتی عہدیدار پروٹوکول کم کریں، غیر ضروری شو بازی پر ایکشن ہوگا، وزیراعظم


اسلام آباد(ایجنسیاں)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے تمام وزراء اور گورنرز کو پروٹوکول میں کمی کی ہدایت کی ہے‘ جہاں بھی غیر ضروری پروٹوکول ہوگا سخت کارروائی کی جائے گی۔

بھارت کیساتھ مل کر پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ناراض بلوچوں سے کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے‘ سیاسی طور پر ناراض بلوچوں سے مذاکرات کیلئے کام شروع ہو چکا ہے‘پنجاب پولیس نے دہشت گردی کے بھارتی نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا ہے۔

اب ان لوگوں کے نام اور بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات منظر عام پر لائیں گے جو اس نیٹ ورک کا حصہ ہیں، دہلی میں جن بینکوں سے رقم منتقل کی گئی ان کی تمام تر تفصیلات اس میں موجود ہوں گی‘ کلبھوشن کے بعد یہ دوسرا بڑا ثبوت ہے‘15جولائی تک الیکٹرانک ووٹنگ کا نظام تیار کرلیا جائے گا۔

کابینہ نے سرکاری ملازمتوں کے لئے شفاف ٹیسٹنگ نظام وضع کرنے کے لئے چار رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے، کابینہ نے سابقہ فاٹا کے اے لسٹ میں شامل تمام اضلاع میں تھری جی اور فور جی کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وہ منگل کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دے رہے تھے۔

فواد چوہدری نے بتایا کہ کابینہ نے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی آرڈیننس 2021اور پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی آرڈیننس 2021کی بھی منظوری دی۔ ان قوانین کا مقصد سول ایوی ایشن کی ریگولیٹری ذمہ داریوں اور ایئر پورٹس پر سروسز کی فراہمی کے شعبوں کو علیحدہ کرنا ہے تاکہ ان دونوں شعبوں کی بہتری کو یقینی بنایا جا سکے۔ 

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں کھڑی ہی الیکٹ ایبلز پر ہیں ‘ ان کی اپنی کوئی حیثیت اور اوقات نہیں‘کونسے نظریات ، کیسی جدو جہد ؟ ن لیگ کہتی ہے کہ ان کے لوگ ادھر چلےگئے ، تو بتائیںنواز شریف کس آئيڈیالوجی کے تحت زرداری صاحب کی گود میں جاکر بیٹھ گئے اور زرداری کس نظریے کے تحت فضل الرحمان کے ہمنوا ہوگئے۔

پیپلز پارٹی کے آزادکشمیر میں مجموعی طور پر7 سے 8 امیدوار ہیں‘ان کے پاس امیدوار ہی پورے نہیںہارناتوہے ہی‘ابھی سے دھاندلی کا بیانیہ نہیں بنائیں گے تو بعد میں جواب کیا دیں گے۔فواد چوہدری کا کہناتھاکہ اس وقت شمالی علاقوں میں بڑی تعداد میں سیاح جا رہے ہیں‘ہم اسکردو کو انٹرنیشنل ایئر پورٹ بنا رہے ہیں۔ 

وزیراعظم نے سول ایوی ایشن کو ہدایت کی ہے کہ ایک منصوبہ لایا جائے جس کے ذریعے سیاحت سے متعلق ان ایئر پورٹس کو تمام موسموں کے لئے کار آمد ایئر پورٹس بنایا جا سکے۔ 

چوہدری فواد حسین نے بتایا کہ وفاقی وزراء، وزرامملکت و دیگر شخصیات کے پروٹوکول اور سیکورٹی کے حوالے سے معاملات کا جائزہ لیتے ہوئے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اس حوالے سے نظام کا از سر نو جائزہ لیا جائے۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ پروٹوکول اور سیکورٹی کے حوالے سے سادگی کی ابتداانہوں نے اپنی ذات سے کی ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام وزراکی سیکورٹی ضروریات کا از سر نو جائزہ لیا جائے اور ان ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کو سیکورٹی فراہم کی جائے گی اور اسی تناظر میں موبائل سکواڈ کو ساتھ چلنے کی اجازت دی جائے گی۔ 

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے یہ ہدایت بھی کی کہ گاڑی پر جھنڈا لہرانے کے نظام کا بھی از سر نو جائزہ لیا جائے اور کابینہ کے آئندہ اجلاس میں اس حوالے سے تفصیلی پالیسی پیش کی جائے۔

انہوں نے بتایا کہ سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے حوالے سے 30 جون 2021کو اختتام پذیر مالی سال کے لئے آر ایس ایم اویس حیدر اور لیاقت نعمان چارٹرڈ اکانٹنٹس کو مقرر کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ 

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کابینہ نے مجوزہ اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری سیف سٹی اتھارٹی ایکٹ 2021ء، اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری مینٹیننس آف پبلک آرڈر ایکٹ 2019ء، اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری سیکورٹی آف ولنر ایبل اسٹیبلشمنٹس ایکٹ 2019ء، اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری ساؤنڈ سسٹم (ریگولیشن) ایکٹ 2019اور مجوزہ اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری انفارمیشن آف ٹمپریری ریذیڈنٹس ایکٹ 2019پر غور کرتے ہوئے کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کو بھیجنے کی منظوری دی۔

کابینہ نے پیمرا کونسل آف کمپلینٹس بلوچستان کے ممبران کی تعیناتی کی منظوری دی۔ کابینہ نے محترمہ سحر زرین بندیال کو پیمرا کونسل آف کمپلینٹس لاہور میں تعینات کرنے کی منظوری دی۔ 

سی ای او پاکستان جیم اینڈ جیولری ڈویلپمنٹ کمپنی کی تعیناتی کا ایجنڈا موخر کر دیا گیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ کابینہ نے کورونا ویکسین convidecia جو کہ Cansino Biologics Inc China کی تیار کردہ ویکسین ہے، کی ریٹیل پرائس 12168 (تین ڈوزز) مقرر کرنے کی منظوری دی۔

کابینہ نے وفاقی حکومت اور اس کے اداروں کی ملکیت ملک کے طول و ارض میں واقع اراضی کے بہتر انتظام اور ان کو بہتر طور پر بروئے کار لانے کے حوالے سے فیڈرل گورنمنٹ پراپرٹیز مینجمنٹ اتھارٹی کے قیام کے حوالے سے قانون کی اصولی منظوری دی ہے۔ 

کابینہ نے بجٹ کی تیاری کے دوران ٹیرف کے ضمن میں آنے والی بے قاعدگیوں کو دور کرنے کے لئے مختلف اشیاپر لاگو ریگولیٹری ڈیوٹی اور ایڈیشنل کسٹم ڈیوٹی کے حوالے سے نیشنل ٹیرف پالیسی بورڈ کے فیصلوں کی منظوری دی۔

تازہ ترین