’’عیدِ قرباں‘‘ جذبۂ ایثار و قربانی اور غریب غربا کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنے کا نام ہے۔ یہ اہم دینی و ملّی تہوار حضرت ابراہیم ؑاور ان کے فرزند، حضرت اسماعیلؑ کی تسلیم و رضا کی شان دار مثال کی عظیم یادگار ہے کہ انہوں نے اطاعت و قربانی کی ایک ایسی لازوال روایت قائم کی، جس کی پیروی تاقیامت جاری رہے گی۔
گزشتہ سال کی طرح امسال بھی عیدِ قرباں ایسے موقعے پر آئی ہے کہ جب ہم کورونا وبا کے اثرات کے نرغے میں ہیں۔ ایسے میں ہماری یہ بنیادی ذمّے داری ہے کہ ہم فریضۂ قربانی کی ادائیگی کے دوران تمام ترممکنہ حفاظتی اقدامات پیشِ نظر رکھیں۔ جیسا کہ وزارتِ صحت کی جانب سے بھی انتباہ جاری کیا گیا ہے کہ’’ کورونا وائرس کی نئی قسم تیزی سے پھیل رہی ہے، جو مرض کی چوتھی لہر کا سبب بن سکتی ہے، لہٰذا ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائے، سماجی فاصلہ یقینی بنائیں۔
شہری عید الاضحی کےایّام میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ قربانی کے پورے عمل میں حفظانِ صحت کے اصولوں کا خاص خیال رکھا جائے اور عید پر گلے ملنے یا فیملی تقریبات سے اجتناب برتا جائے۔‘‘ لہٰذا اسی ضمن میں ہم نے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے متعلق مشاہیر و نمائندہ افراد سے یہ جاننے کی کوشش کی کہ وہ اِن کو رونائی ایّام سے متعلق کیا سوچتے ہیں اور اس بار عیدالاضحی کیسے منانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
……٭٭……٭٭……٭٭……
مفتی منیب الرحمٰن
(مذہبی اسکالر، سابق چیئرمین رویتِ ہلال کمیٹی)
کورونائی عہد میں عیدالاضحی منانے کے حوالے سے مفتی منیب الرحمٰن کا کہنا ہے کہ ’’اس وبا سے بچنے کے لیے ایس او پیز پر عمل درآمد اور احتیاط نہایت ضروری ہے، لہٰذا میرے خیال میں اس حوالے سے کسی بھی بحث میں پڑنے سے گریز کرنا چاہیے۔ ان حالات میں نہ تو گلے ملنا لازم ہے اور نہ ہی عید ضیافتیں۔ بہرحال، مَیں صبح اٹھ کر فجر کی نماز ادا کروں گا، پھر فیڈرل بی ایریا کی عیدگاہ میں نمازِ عید پڑھائوں گا۔
اس کے بعد دارالعلوم نعیمیہ جائوں گا، جہاں اجتماعی قربانی کا اہتمام ہوتا ہے اور وہیں سب سے ملنا ملانا بھی ہوجاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اس عید الاضحی سمیت آنے والی تمام عیدین کو عالمِ اسلام کے لیے مسّرت و شادمانی اور امن و سلامتی کاباعث بنادے اور دنیا کے تمام مسلمانوں کوتمام تر ارضی و سماوی آفات و بلیات سے محفوظ فرمائے۔‘‘
ڈاکٹرعبدالقدیر خان (معروف سائنس دان)
کورونا وبا کے ساتھ مسلسل دوسری عید الاضحی منانے سے متعلق مایہ ناز سائنس دان کا کہنا ہے کہ ’’چوں کہ ہر طرف کورونا کا دور دورہ ہے، تو بھئی ہم تو گھر ہی پر رہیں گے۔ بس عید کی نماز پڑھ کر گھر ہی میں کی جانے والی قربانی میں بڑھ چڑھ کر حصّہ لیں گے۔ بقرعید پر میری بیٹیاں اور نواسیاں کراچی سے میرے پاس اسلام آباد آرہی ہیں، تو امید ہے کہ ان کے آنے سے رونق بڑھ جائے گی۔ عموماً لوگ بقرعید کے موقعے پر بھانت بھانت کے پکوان تیار کرواتے ہیں یا گوشت فریج میں ذخیرہ کرلیتے ہیں۔
مگر ہمیں تو جب آس پڑوس کے لوگ بھی قربانی کا گوشت دینے آتے ہیں، تو ہم اُن سے یہی کہتے ہیں کہ ’’بھائی! اگریہ کسی غریب، مستحق کو دیتے تو زیادہ اچھا تھا۔‘‘سچّی بات تو یہ ہے کہ یہ روزِ عید ہمیں ایثار و قربانی کا درس دیتا ہےاور خاص طور پر اس وبا اور ہوش ربا منہگائی کے بعد تو مستحقین کی تعداد اور بھی بڑھ گئی ہے، تو جس قدر ممکن ہو، غریب غرباء ضرورت مندوں تک ان کا حصّہ پہنچانے کی کوشش کی جائے۔‘‘
عطاء الحق قاسمی (صحافی، کالم نگار)
قاسمی صاحب کہتے ہیں،’’ پچھلے برس عالمی وبا کورونا میں کافی شدّت تھی، تو ہم نے دُور دُور رہنا ہی مناسب سمجھا، بکرے خریدنے سے لے کر قربانی تک انتہائی احتیاط سے کام لیا، مگر چوں کہ کورونا کا خطرہ ابھی بھی ٹلا نہیں، تو اس بار بھی تمام احتیاطی تدابیر بروئے کار لاتے ہوئے ہی عیدِ قرباں منائیں گے۔
سالِ گزشتہ تو کچھ زیادہ ہی خوف و ہراس کا عالم تھا، اُمید ہے اس بارکچھ گہما گہمی نظر آئے گی۔ تاہم، روایتی میل ملاپ سے اجتناب ہی ضروری ہے۔ویسے مَیں ہر سال چار بکروں کی قربانی کرتا ہوں، جن میں سے تین عزیز و اقارب، دوست احباب اور گھر والوں کے لیے ہوتے ہیں، جب کہ چوتھے بکرے کا پورا گوشت غرباء و مساکین میں تقسیم کردیا جاتا ہے۔‘‘
ایس ایم منیر ( صنعت کار)
یونائٹیڈ بزنس گروپ کے سرپرستِ اعلیٰ، ایس ایم منیر نے بقرعید منانے کے حوالے سے کہا کہ ’’اس بار ہم عیدالاضحی اپنے بچّوں کے ساتھ گلگت، بلتستان میں منائیں گے اور وہیں ایس او پیز پر عمل پیرا ہوتے ہوئے فریضۂ قربانی ادا کریں گے۔ کراچی میں کورونا لہر ایک بار پھر سر اُٹھا رہی ہے، جس کی وجہ سے خوف و ہراس کی فضا ہے۔
میری تمام شہریوں سے درخواست ہے کہ سنّتِ ابراہیمی ؑ کی ادائیگی کے موقعے پر تمام احتیاطی تدابیر بروئے کار لائیں۔ نیز، مَیں قربانی کے جانوروں کی کھالوں کے حوالے سے حکومت کی توجّہ مبذول کروانا چاہتا ہوں کہ دنیا بھر میں کپڑے اور پلاسٹک کے جوتے عام ہونے کے سبب جانوروں کی کھالوں کی ڈیمانڈ بہت کم ہوگئی ہے، تو خدارا! لیدر انڈسٹری کو زبوں حالی سے بچانے کے ضمن میں بھی کچھ سنجیدہ اقدامات کیے جائیں۔‘‘
بشریٰ انصاری (اداکارہ)
بشریٰ انصاری نے اپنے خیالات کا اظہار کچھ یوں کیا کہ ’’کورونا تو اب آیا ہے، ہم تو پچھلی کئی دہائیوں سے دیکھ رہے ہیں کہ لوگ قربانی کے بعد آلائشیں وغیرہ سڑکوں اور عوامی مقامات پر لاپروائی سے پھینک دیتے ہیں، جس کی وجہ سے سخت گندگی پھیل جاتی ہے، حالاں کہ سنّتِ ابراہیمی ؑ کی پیروی کرتے ہوئے ہمیں اس حقیقت کو پیشِ نظر رکھنا چاہیے کہ ہماری ذات سے کسی کو تکلیف نہ پہنچے۔
دوسری بات یہ کہ لوگ زیادہ تر قربانی کا گوشت رشتے داروں اور دوست احباب ہی کے گھر بھیجنے کو ترجیح دیتے ہیں، جب کہ ان کے گھروں میں تو پہلے ہی بہت گوشت ہوتا ہے، تو قربانی کے گوشت پر سب سے زیادہ حق اُن لوگوں کا ہے، جنہیں پورا سال گوشت چکھنا ہی نصیب نہیں ہوتا۔ رہی میری عید، تو مَیں اس بار ملک سے باہر اپنی بیٹیوں کے پاس بقرعید منائوں گی۔اپنی بہن اسماء کو ایک بکرا دے کر جارہی ہوں کہ قربانی کے بعد اس کا پورا گوشت غریبوں میں تقسیم کردے۔‘‘
مصطفیٰ کمال (سربراہ، پاک سرزمین پارٹی)
مصطفیٰ کمال کاکورونا عہد میں عیدالاضحی منانے کےحوالے سے کہنا ہے کہ ’’کورونا وبا کے پیشِ نظر حفاظتی امور کو مدنظر رکھتے ہوئےہی عید منائیں گے۔ ہاں یہ ضرور ہے کہ اس بار بہت سے لوگ منہگائی کے باعث قربانی کرنے سے قاصر ہیں کہ ہوش رُبا منہگائی نے لوگوں کا جینا دوبھر کردیا ہے۔
کورونا وبا تو اپنی جگہ حالیہ منہگائی اور معاشی بدحالی نے ملک و قوم کو تباہی کے دہانے تک پہنچادیا ہے اور ان حالات میں ہماری ذمّے داری ہے کہ ہم حفاظتی اقدامات کے ساتھ فریضۂ قربانی ادا کرتے ہوئے اپنے غریب بھائیوں اور نادار طبقے کا بھی خاص خیال رکھیں اور اُن تک قربانی کا گوشت پہنچانے کی بھرپور کوشش کریں۔ دوم، میری عوام النّاس سے استدعا ہے کہ قربانی کے جانوروں کی آلائشیں مقررہ جگہوں ہی پر ڈالیں۔‘‘
عمر شریف (کامیڈین)
مزاح کی دنیا کے بے تاج بادشاہ، عمر شریف نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا، ’’موجودہ حالات کی وجہ سے پچھلے برس کی طرح اس دفعہ بھی گھر ہی میں بیٹھنا پڑے گا کہ کورونا نے تو ہمیں گھر بیٹھنے کا عادی بنادیا ہے۔ ایک دَور تھا کہ عید، بقرعید کے موقعے پر ہمیں لمحہ بھر کی بھی فرصت نہیں ملتی تھی، اب تو فرصت ہی فرصت ہے۔
بہرحال ؎وقت اچھا بھی آئے گا ناصر، کے مصداق سوچ اچھی رکھنی چاہیے۔ہم بھی سنّتِ ابراہیمی ؑ کی تائید میں قربانی کریں گے اور پوری کوشش ہوگی کہ ضرورت مندوں کی کسی صورت حق تلفی نہ ہو۔ دوستوں سے بھی گزارش ہےکہ عیدِقرباں اصل مقصد و مفہوم ہی کے تحت منانے کی کوشش کریں۔‘‘
عمرانہ مقصود (لکھاری)
معروف طنز و مزاح نگار، انور مقصود کی اہلیہ، لکھاری، ککنگ ایکسپرٹ کا کہنا ہے کہ2020ء کی عیدالفطر جس طرح ہم نے گزاری، وہ ہم ہی جانتے ہیں۔ نئے کپڑے بنانے کو دل چاہا، نہ تیار ہونے کو، لیکن ہیں تو انسان، تو کیا کرتے، اکیلے رہتے رہتے اکتا گئے۔ پریشانی میں دروازہ تکتے رہتے کہ کوئی آجائے اور تھوڑا وقت بات چیت میں گزر جائے۔
پھر عیدالاضحی پر اللہ تعالیٰ نے دل میں خیال ڈالا کہ ایک عرصے سے زبیدہ بھابی اپنے گھر پر عیدین کے موقعے پر خاندان بھر کی دعوت کرتی تھیں،تو اُن کےانتقال کے بعد ہم نےاس روایت کو آگے بڑھانے کا سوچا اور اپنی بہن عامرہ عالم کے ساتھ مل کرہمّت کرکےخاندان بھر کے سب لوگوں کو اکٹھا کیا اور بھرپور دعوت کا اہتمام کر ڈالا، جس میں سب ایس اوپیز کے ساتھ شریک ہوئے۔ تو بس، اس برس بھی ایسا ہی کچھ ارادہ ہے۔ ‘‘
محمد علی شہکی (گلوکار)
معروف گلوکارکاکہناہے کہ ’’سچی بات تو یہ ہے کہ موجودہ حالات نے اتنا متاثر کیا کہ قربانی کی سکت ہی نہیں، گزشتہ دو تین سال سے کورونا نے جو قیامت ڈھائی ہے، اس کی وجہ سے ذرائع آمدنی شدید متاثر ہوئے، ظاہر ہے،پھر منہگائی آسمان تک پہنچ گئی ہے، ایسے میں قربانی کہاں سے کریں۔ پس انداز کیے ہوئے پیسوں سے بس زندگی کی گاڑی جیسے تیسے چل رہی ہے۔ میری والدہ کافی عرصے سےدبئی میں مقیم ہیں اور خشوع و خضوع سے سنّتِ ابراہیمی ؑ اداکرتی ہیں، تو اس بارمیرا بھی اہلیہ اور بیٹی کے ساتھ بقرعید دبئی میں والدہ کے ساتھ ہی منانے کا ارادہ ہے۔‘‘
جگن کاظم (ماڈل، اداکارہ)
معروف ماڈل اداکارہ، ٹی وی میزبان نے ہمارے سوال کے جواب میں کہا کہ ’’چوں کہ کورونا کا خطرہ ا بھی ٹلا نہیں ہے، تو سالِ گزشتہ ہی کی طرح احتیاطی تدابیر اختیار کریں گے۔ پچھلے برس تو بس گھر ہی میں قید رہے، اس بارچوں کہ بہت سے لوگوں نے ویکسی نیشن کروالی ہے، تو خوف کچھ کم ہوا ہے، لیکن اس کے باوجود احتیاطاً ہم گیٹ ٹو گیدر نہیں کریں گے۔
فریضۂ قربانی کے بعد ایس او پیز کو فالو کرتے ہوئےصرف پیرنٹس اور کچھ عزیزوں، دوستوں سے ملاقات کرنے جائیں گے۔ویسےہماری بھرپور کوشش ہے کہ ارد گرد کے لوگوں کی ہر ممکن مدد کریں۔ کووڈکی وجہ سے بہت سے لوگ بے روزگار ہوگئے ہیں۔ کئی سفید پوش اگر زبان سے اظہار نہیں کرتے تو ہمیں خود ہی ان کا خیال رکھنا چاہیے۔ ‘‘
حسن جہانگیر (پاپ سنگر)
معروف پاپ سنگر نے کچھ اس طرح خیالات کا اظہار کیا کہ ’’کورونا وبا میں بھی لوگ خود نمائی سے باز نہیں آرہے، سنتِ ابراہیمی ؑ کی ادائیگی میںبھی دکھاوے، نمود و نمایش کا عنصر غالب ہے کورونا وباکی وجہ سے ہمارا کام ٹھپ تو پڑا ہے، اِکّا دکّا پروگرام ہی ہورہے ہیں۔ گزشتہ دنوں حیدر آباد جانا ہوا، تو وہاں تو لوگ گویا اس وبا سے پوری طرح غافل تھے۔
ہر ایک کو سیلفی لینے کی خواہش تھی، لاکھ سمجھائو کہ بھائی، کورونا وبا کا خیال کریں، لیکن کوئی نہیں سنتا۔جہاں تک قربانی کی بات ہے، تو الحمدللہ قربانی کریں گے اور مکمل طور پر شرعی طریقے سے۔ غرباء، ضرورت مندوں کا حصّہ پہلے تقسیم ہوگا، بعد میں خود گوشت کھائیں گے۔‘‘