• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پکرٹ کے سربراہ سمیت 97پوسٹیں خالی، کارکردگی متاثر ہونے لگی

اسلام آباد (ساجد چوہدری، اپنے نامہ نگار سے) وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے ادارے پاکستان کونسل آف ریونیوایبل انرجی ٹیکنالوجی (پکرٹ) کے سربراہ سمیت 97پوسٹیںخالی ہیں جس سے ادارے کی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے ، ٹیکنیکل کی 100پوسٹوں میں سے 59پوسٹیں خالی ہیں جبکہ 209منظور شدہ پوسٹوں میں سے 112 لوگ کام کر رہے ہیں ، ادارے کی دستاویزات کے مطابق گریڈ سترہ اور اوپر کی 38ٹیکنیکل پوسٹیں ہیں جن میں سے پچیس پوسٹیں خالی ہیں ، گریڈ ایک تا سولہ کی ٹیکنیکل کی 62پوسٹوں میں سے 34پوسٹیں خالی ہیں، نان ٹیکنیکل کی 109پوسٹوں میں سے 38پوسٹیں خالی ہیں ، جن میں گریڈ سترہ اور اوپر کی پانچ میں سے تین جبکہ گریڈ ایک تا سولہ کی 104میں سے 35پوسٹیں خالی ہیں ، ادھر بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ ادارے میں کروڑوں روپے کی سولر پینلز بنانے کی جدید ترین مشینری لگی ہوئی ہیں اور لیب بھی موجود ہے مگریہ ادارہ اپنی عمارت کو بھی مکمل طور پر سولر پینل پر منتقل نہیں کر سکا ہے ، اس ادارے کی اپنی عمارت کا سالانہ بجلی کا بل چالیس لاکھ روپےسے زیادہ کا آتا ہے ، پکرٹ کے حکام کا اس حوالے سے کہنا تھا رولز کے باعث بھرتیوں کا عمل متاثر ہو رہا ہے ، سولر کے ذریعے ادارے کے دفاتر میں بلب اور پنکھوں کا استعمال کیا جاتا ہے۔ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے ترجمان ایڈیشنل سیکرٹری میجر (ر) ڈاکٹر قیصر مجید ملک جن کے پاس ڈائریکٹر جنرل پکرٹ کے عہدے کا بھی اضافی چارج ہے کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ پکرٹ کے ریکروٹمنٹ رولزکی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن منظوری دے چکی ہے جبکہ ایف پی ایس سی میں یہ زیر کارروائی ہیں ، جیسے ہی ایف پی ایس سی اپنی کنکرنس دیتا ہےوزارت سائنس و ٹیکنالوجی رولز کو نوٹیفائی کرے گی تو پھر ہم بھرتی کا عمل شروع کر سکتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ڈائریکٹر جنرل پکرٹ کی بھرتی کے لئے این او سی جاری کر دیا ہےجلد ہی یہ پوسٹ ایڈورٹائز کی جائے گی۔
تازہ ترین