کراچی(این این آئی) اداکارہ ثروت گیلانی نے بولی وڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ویب سیریز ʼʼچڑیلزʼʼ میں بہترین اداکاری کرکے پاکستانی اور بھارتی عوام کے دل جیتنے والی اداکارہ ثروت گیلانی نے بولی وڈ اداکار عامر خان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کااظہار کیا ہے۔سوشل میڈیا ایپ انسٹاگرام پر ʼʼآسک می سیشنʼʼ کے دوران مداحوں نے ثروت گیلانی سے ان کی زندگی کے بارے میں کئی سوالات کیے۔ ایک مداح نے ثروت گیلانی سے پوچھا کہ آپ کی کوئی ایسی خواہش ہے جو آج تک پوری نہ ہوئی ہو اور آپ لمبے عرصے سے اس خواہش کے پوری ہونے کا انتظار کررہی ہیں؟مداح کی جانب سے پوچھے جانے والے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے ثروت گیلانی نے کہا کہ وہ عامر خان کے ساتھ کام کرنے کی خواہشمند ہیں اور چاہتی ہیں کہ ان کی یہ خواہش پوری ہوجائے۔واضح رہے کہ ثروت گیلانی ویب سیریز ʼʼچڑیلزʼʼ کے علاوہ ڈراما سیریل ʼʼآزر کی آئے گی باراتʼʼ، ʼʼصلہʼʼ، ʼʼملالʼʼ اور ʼʼجوانی پھر نہیں آئے گیʼʼ جیسی کامیاب فلم میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔