کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ طالبان نے افغان فوج کے ہتھیار ڈالنے والے 22کمانڈوز کو ہلاک کردیا۔ دوسری جانب طالبان نے افغان کمانڈوز کو قتل کرنے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمانڈوز کے قتل کی وڈیو جعلی اور سرکاری پروپیگنڈا ہے تاکہ لوگوں کو ہتھیار نہ ڈالنے پر اکسایا جائے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی نیوز چینل سی این این نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبہ فریاب کے ضلع دولت آباد میں 22 افغان کمانڈوزکے قتل کا واقعہ 16 جون کو پیش آیا جس کے کئی وڈیو کلپس چینل نے حاصل کر لئے ہیں۔
نیوز چینل کے مطابق دولت آباد میں افغان فورسز اور طالبان کے درمیان لڑائی میں افغان کمانڈوز نے گولہ بارود ختم ہونے کےبعد ہتھیار ڈالے تاہم طالبان نے ہتھیار ڈالنے کے باوجود 22 افغان کمانڈوز کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ امریکی نیوز چینل کا کہنا ہے کہ طالبان نے ان وڈیوز کو جعلی قرار دیا ہے جن میں کمانڈوز کو قتل کرتے دکھایا گیا ہے۔
طالبان کا کہنا ہے کہ یہ سرکاری پروپیگنڈا ہے تاکہ لوگوں کو ہتھیار نہ ڈالنے پر اکسایا جائے۔ طالبان ترجمان کا کہنا ہے کہ اب بھی 24 کمانڈوز ہمارے قبضے میں ہیں جنہیں صوبہ فریاب سے پکڑا گیا تھا۔