اسلام آباد(اے پی پی)وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان میں چین کے سفیرنونگ رونگ کے ہمراہ سی ایم ایچ راولپنڈی کادورہ کیا اور داسوحادثہ میں زخمی ہونے والے شہریوں کی عیادت کی۔
وزیرخارجہ نے زخمی چینی شہریوں کوفراہم کردہ طبی سہولیات پراطمینان کااظہارکیا اورچینی شہریوں کومکمل تعاون کایقین دلایا۔پاکستان میں چین کے سفیرنے اس موقع پراس عزم کااعادہ کیا کہ پاکستان اورچین قریبی تعاون جاری رکھیں گے اورکسی بھی چیلنج کامل کرمقابلہ کرینگے۔
دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے واضح کیا ہے کہ پاکستان اور چین داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اور دوسرے منصوبے مکمل کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔
چین کی تعمیراتی کمپنی نے اپنے پچھلے نوٹس کو کالعدم قرار دے دیا ہے اور پاکستانی ورکرز کو نکالنے کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے۔پاکستان اور چین کے متعلقہ حکام منصوبہ کی سکیورٹی ور ترقیاتی کام کو جاری رکھنے کے حوالہ سے باہمی مشاورت سے اقدامات کررہے ہیں۔ منصوبہ پر تعمیراتی کام کا جلد دوبارہ آغاز کردیا جائے گا۔
داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر کام کرنے والے پاکستانی کارکنوں کی ملازمت کے معاہدوں کی منسوخی کے حوالے سے میڈیا نمائندوں کے سوالات کے جواب میں زاہد حفیظ چوہدری نے اتوار کو اپنے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ چین کی تعمیراتی کمپنی چائنہ گیزوبا گروپ کارپوریشن ( سی جی جی سی) نے کہا ہے کہ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر کام کرنے والے پاکستانی کارکنوں کی ملازمت کے معاہدوں کی تنسیخ کے حوالہ سے قبل ازیں جاری کردہ نوٹیفکیشن منسوخ ہو چکا ہے۔
پاکستان اور چین داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سمیت چین کے اشتراک سے جاری دیگر ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کےلئے پرعزم ہیں۔