راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) سابق صدر آصف علی زرداری نے ساڑھے گیارہ سال بے گناہ جیل کاٹ کر بھٹو خاندان کا داماد ہونے کا حق ادا کیا۔ مشکل وقت میں پارٹی کی باگ ڈور سنبھال کر پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا ملک میں جمہوریت اور افہام و تفہیم کو فروغ دینے پر انہیں مرد حر کا خطاب دیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی راولپنڈی کینٹ کے صدر ملک ظہیر ارشد جنرل سیکرٹری ملک قاسم ادریس ضلعی انفارمیشن سیکرٹری محمد شاہد اور عابد شبیر عباس نے وارڈ 5 راولپنڈی کینٹ سے پارٹی کے امیدوار و سینئیر رہنما راجہ ظہیر جنجوعہ کے زیراہتمام سابق صدر آصف علی زرداری کی 66 ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کو ہمیشہ بھٹو شہید کا داماد ہونے کی سزا دی گئی۔ مقررین نے کہا کہ کینٹ الیکشن میں پیپلز پارٹی بھرپور حصہ لے گی اور کامیابی حاصل کرے گی۔