کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) کے صدر عارف ملک کا کہنا ہے کہ انگلش بورڈ اور افریقی بورڈ نے تاحکم ثانی کھلاڑیوں کو لیگ میں شرکت سے روک دیا ہے۔
کشمیر پریمیئر لیگ کے مظفرآباد میں انعقاد پر بھارتی کرکٹ بورڈ کے حکام نے بوکھلاہٹ میں فوری طور پر انگلش اور افریقن کرکٹ بورڈ حکام سے رابطہ کیا۔
صدر کشمیر پریمیئر لیگ کا کہنا ہے کہ لیگ میں حصہ لینے والے انگلش اور افریقی کرکٹرز کو ہر صورت روکنے کا پیغام دیا اور کے پی ایل میں حصہ لینے پر کھلاڑیوں کو بھارت میں داخلے پر پابندی کی دھمکی دی۔
عارف ملک نے کہا کہ انگلش بورڈ اور افریقی بورڈ نے تاحکم ثانی کھلاڑیوں کو لیگ میں شرکت سے روک دیا ۔
کشمیر پریمیئر لیگ میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی جگہ مزید لوکل کھلاڑیوں کو موقع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) میں شرکت کرنے والے جنوبی افریقی کرکٹر ہرشل گبز نے بھی سوشل میڈیا پیغام کے ذریعے بتایا کہ کے پی ایل کھیلنے سے روکنے کیلئے بھارتی کرکٹ بورڈ انہیں دھمکیاں دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی سی سی آئی غیرضروری طور پر پاکستان کے ساتھ اپنا سیاسی ایجنڈا بیچ میں لارہاہے اور مجھےکے پی ایل ٹی ٹوئنٹی میں کھیلنے سے روکنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
کے پی ایل سے چھ غیر ملکی کرکٹرز دستبردار ہوئے ہیں ان میں ہرشل گبز، میٹ پرائر، ٹینو بیسٹ اور مونٹی پینسر و دیگر شامل ہیں
واضح رہے کہ آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں 6 اگست سے کے پی ایل کا آغاز ہو گا ۔