• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مجھے اپنی آبائی فضا میں کُھل کر سانس لینے دیں

مجھے اپنی آبائی فضا میں کُھل کر سانس لینے دیں
دلیپ کمار کے آبائی گھرکا ایک منظر

’’پاکستان میں مجھے جومحبّت و شفقت ملی ،وہ میرے لیے باعثِ فخر و راحت ہے۔ دلیپ کمار ادارۂ جنگ کے اراکین کےلیےنیک خواہشات کا اظہار کرتا ہے۔ مجھے بلاناغہ جنگ اخبارگھر پر ملتا ہے ، جسے مَیں انتہائی شوق سے پڑھتا ہوں۔‘‘ یہ خیالا ت تھے، دلیپ کمار(یوسف خان ) کے۔ جنہوں نے روزنامہ جنگ سے اپنے اس دیرینہ تعلق کا اظہار آج سے 33 برس قبل دورۂ پاکستان کے موقعے پر کیا۔ گرچہ اُن کی آمد تو ایک فلاحی ادارے کی دعوت پرہوئی تھی، لیکن اُس وقت کی حکومت نے سرکاری سطح پر ان کا استقبال کیااور مہمان نوازی میں کوئی کسر اُٹھا نہ رکھی۔ 

عظیم اداکار ، دلیپ کمار کو مرحوم کہتے ہوئےکروڑوں دل اُداس ہیں۔ دلیپ صاحب شاید وہ واحد فن کار ہیں، جن کی موت کا سوگ سرحد کے دونوں پار منایا گیا ۔ 7جولائی2021 ءکو جب فنِ اداکاری کے بادشاہ نے 98سال کی عُمر میں آخری سانس لی، تو ان کےساتھ فلمی صنعت کا ایک 60سالہ یادگارعہد بھی تمام ہوا۔یاد رہے، دلیپ کمار نےصرف 65فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ، لیکن اپنے نام اورکام میں یکتا ، یہ عظیم فن کار رہتی دنیا تک اپنے مداحوں کے دِلوں میں ایک خوب صورت یاد بن کرزندہ رہے گا۔

یہ بات ہے 1988 ءکے مارچ کی ، روزنامہ جنگ نے روایتی انداز میں اپنے قارئین کو ایک بڑی خبر سے آگاہ کیا کہ’’ برّصغیر کے مشہور و معروف اداکار، دلیپ کمار 2 اپریل کوپاکستان آرہے ہیں۔ فاطمید فاؤنڈیشن کے سربراہ، ناظم جیوا کی دعوت پر ،بحیثیت سرپرست فاطمید فاؤنڈیشن دلیپ کمار کے دَورے کا مقصد ادارے کی عطیہ مہم میں شرکت ہے۔‘‘دلیپ صاحب اُردو زبان کے بڑے عاشق اور والا و شیدا تھے۔ 

مجھے اپنی آبائی فضا میں کُھل کر سانس لینے دیں
سابق صدر رفیق تارڑ سے نشانِ امتیاز وصول کرتے ہوئے

یہی محبّت ، روزنامہ جنگ اور دلیپ صاحب کی قرابت کی وجہ بنی اور وہ دورۂ پاکستان کے موقعے پر روزنامہ جنگ کے لاہور اور کراچی کےدفاتر بھی آئے۔ جب کہ پاکستان آمد سے ایک دن قبل روزنامہ جنگ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئےاُن کا کہنا تھا کہ’’ دَورۂ پاکستان میری زندگی کے اہم ترین اسفار میں سے ایک ہے، مَیں اس سرزمین کو دیکھنے کےلیے بے تاب ہوں،جہاں مَیں پیدا ہوا تھا۔ پشاور اور کراچی میں اپنے عزیزواقارب سے ملنا چاہتا ہوں، کراچی میں میرے کزن ڈاکٹر رحیم جان آرتھو پیڈک سرجن ہیں، پشاور میں میرے بے شمار کزنز اور بچپن کے ساتھی ہیں۔

پشاور، جہاں میرا بچپن گزرا ،وہ ماحول دوبارہ دیکھنا چاہتا ہوں۔ پاکستان اور بھارت میں دوستی وقت کا اہم ترین تقاضا ہے۔ مَیں اور میری اہلیہ، سائرہ بانو دَورے کے دوران مہمان نوازی کا لطف اُٹھانے کے بڑی شدّت سے منتظر ہیں،گوکہ میری طبیعت گزشتہ چند دنوں سے ناساز ہے اور ڈاکٹروں نے مکمل بیڈریسٹ کا مشور ہ دیا ہے، لیکن مجھے معلوم ہے کہ پاکستان کے عوام بڑی بے تابی سے میری آمد کے منتظر ہیں۔ 

لہٰذا، مَیں اُن کے پُرخلوص پیار کو اپنی ناسازیٔ طبیعت کی بھینٹ نہیں چڑھانا چاہتا۔ ایک عظیم انسانی مقصد کے لیے محبت اور عقیدت کے جذبات لے کر پاکستان جارہا ہوں اور تشکّر کے احساس سے لب ریز ہوں کہ مجھے پاکستان کے عوام نے وہاں آنے کی دعوت دی ہے۔ مَیں اُن سے محبّت، شفقت اور دعاؤں کی درخواست کرتا ہوں۔‘‘

ہفتہ 2 اپریل 1988 ءکو دلیپ کمار پاکستان آئے ۔ان کی اہلیہ ، سائرہ بانو، بھائی احسن خان ،دو قریبی دوست فریدہ اور منی نندی بھی ہم راہ تھے۔ ممبئی سےکراچی ائیرپورٹ اُترے تو کہا کہ’’ ابھی مجھ سے کوئی سوال نہ کریںکہ ان ناقابلِ فراموش لمحات میں مسرور بھی ہوں اور مسحور بھی۔‘‘ پھر گلوگیر آواز میں کہا ’’مجھے اپنی آبائی فضا میں کُھل کر سانس لینے دیں، اپنی مٹّی کی مہک محسوس کرنے دیں، ان لوگوں سے ملنے دیں، جن کو دیکھنے کو ترس گیا تھا‘‘ پھر یہ کہہ کراستقبال کےلیے آئے اپنےایک عزیز سےلپٹ گئے۔ بعدازاں، ائیرپورٹ سے سیدھے مزارِ قائد حاضری کےلیے پہنچے۔پاکستان میں قیام کے دوران روزنامہ جنگ ، لاہور اور کراچی کے دفاتر بھی آئے۔

13اپریل کو اداکار محمّد علی اور فاطمید فاونڈیشن کے ناظم جیوا کے ساتھ جنگ، لاہور کے دفترگئے ۔اس موقعے پر دلیپ صاحب کا کہنا تھا کہ ’’مَیں اس دَورے سے روزنامہ جنگ کا مقروض ہوں ۔مجھے بلاناغہ جنگ گھر پر ملتا ہے اور مَیں بڑے شوق سے پڑھتا ہوں۔ آپ جس انداز سے پاکستانی فلمی صنعت کے مسائل اور فن کاروں کو اپنے ایڈیشنز میں جگہ دیتے ہیں، وہ قابلِ تقلید اور قابلِ تعریف ہے۔‘‘اپنے دَورے کے آخری مرحلےمیں 16اپریل کوناظم جیوا،مرزا عاصم بیگ اور اپنے ایک دوست خالدعثمان کے ساتھ روزنامہ جنگ،کراچی کے دفتر آئے ، جہاں روزنامہ جنگ کے ایڈیٹر اِن چیف مرحوم خلیل الرّحمٰن ،چیف ایگزیکٹیو، میرجاوید رحمٰن مرحوم اور دیگر سینئر اراکین نے ان کا استقبال کیا ۔

اس موقعے پرایڈیٹر اِن چیف، میرخلیل الرحمٰن مرحوم نےکہا کہ’’جنگ فورم میں جنا ب یوسف خان کا خیرمقدم کرتے ہوئے خوشی محسوس کررہا ہوں ۔آپ کی آمد سے پاک وہند کے عوام میں محبّت بڑھے گی اور موجودہ کھنچاو ٔمیں کمی واقع ہوگی ۔مَیں سمجھتا ہوں کہ اس نوعیت کے دَورے دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں مفید و معاون ثابت ہوں گے۔ آپ نے اندازہ لگایا ہوگا کہ پاکستان کے عوام بھارت کے فن کاروں یا دیگر نام وَر شخصیات کو بخوبی جانتے ہیں، بلکہ جنہیں نہیں جانتے ،اُن کے لیے بھی اچھے جذبات رکھتے ہیں ۔آپ سے قبل یہاں منوج کمار ،شتروگن سِنہا اور راجندر کمار بھی تشریف لاچُکے ہیں اور ان کا بھی پُرتپاک خیر مقدم کیا گیاتھا، لیکن آپ کی شخصیت تواپنے شعبے میں ان سے بہت بلند ہے۔

اس موقعے پر جنگ کے متعلق بتانا چاہوں گا کہ روزنامہ جنگ قیامِ پاکستان کے بعد یہاں آگیا تھا۔ ابتدا کے پانچ، چھے ماہ دونوں ممالک سے شایع ہوتا تھا ۔ پھر حالات ایسے ہوئے کہ اخبار وہاں بند ہوگیا ۔ پاکستان میں اب یہ ادارہ وسیع سے وسیع تر ہوتا جا رہا ہے۔اس کے لاہور ایڈیشن کی اشاعت شہر سے شایع ہونے والے تمام پرچوں کی مجموعی تعداد سے بھی زیادہ ہے۔ پاکستان میں روزنامہ جنگ سات لاکھ سے زاید چَھپتا ہے اور بلاخوفِ تردید کہا جاسکتا ہے کہ روزنامہ جنگ کی اشاعت بھارت کے بڑے بڑے اخبارات سے کم نہیں۔ہمیں خوشی ہے کہ آپ پاکستان ہی کے ایک شہر، پشاور میں پیدا ہوئے۔

پاکستانیوں میں بھارت کے خلاف نفرت کا جذبہ نہیں ہے، ہمارے اختلافات سیاسی ہیں، ہماری کوشش ہونی چاہیےکہ اختلافات مذاکرات کی میز پرحل ہوں، اسی طرح، جیسے افغانستان کا مسئلہ جنیوا مذاکرات کے ذریعے طے پایا ہے۔ ہمار ی طرح ہماری حکومت بھی چاہتی ہوگی کہ بھارت کے ساتھ ہمارے تعلقات خوش گوار رہیں۔ یورپ میں ایک دوسرے ممالک میں جاتے ہوئے کوئی تکلیف نہیں ہوتی۔ یہاں ایسے حالات اسی وقت ہوسکتے ہیں، جب آپ جیسی شخصیات یہاں آئیں اور وہاں کے لوگوں کو معلوم ہوکہ پاکستان میں آپ کی کتنی پذیرائی ہوئی ہے۔‘‘ جواب میں دلیپ صاحب کا کہنا تھا کہ ’’مَیں آ پ کا شکریہ ادا کروں گاکہ کس قدر شفقت و محبّت سے آپ کے ادارے نے لاہور میں مجھے مدعوکیا۔اس بہترین انسٹی ٹیوشن کے تحت کتنے ہی جریدے نکلتے ہیں اوراَن گنت عوام مستفید ہوتےہیں۔ مجھے جنگ کی اعزازی کاپیاں موصول ہوتی ہیں۔

اس کی کتابت وطباعت بڑی جاذب ہوتی ہےاور مضامین بھی دل چسپ ہوتے ہیں۔ پاکستان کے دونوں مقبول کھیلوں، کرکٹ اور ہاکی سے بھی آگاہی ہوتی ہے ۔آفیشلز اور پریس کی کھینچاتانی اور تبصرے میرے لیے دل چسپی کا باعث بنتے ہیں۔ جنگ نہ صرف پاکستان میں شہرت رکھتا ہے،بلکہ بھارت کے اُردو پڑھنے والوں میں بھی بہت مقبول ہے۔ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ میر ی میز پر رکھا ہوا روزنامہ جنگ کا کہیں نہ کہیں غائب ہوجاتا ہےاور مَیں نے سُنا ہے کہ باقاعدہ محلّے میں تقسیم ہوتااور پڑھا جاتا ہے۔ 

پیدائشی وطن پشاور میں جو شفقت و محبّت مجھے ملی، وہ الفاظ میں بیان نہیں کرسکتا۔ سیاست میرا میدان نہیں، لیکن اگر انسانی رابطے، باہمی محبّت، ایک دوسرے کے ساتھ ملنا جُلنا اور آنا جانا سیاست دانوں کے ہاتھ ہے،تو ہماری ان سے التجا رہے گی کہ وہ آسانیاں پیدا کریں،جن سے لوگ آپس میں مل سکیں۔ آپ نے جیسا فرمایا، مَیں نے یہاں آکر ایسی کوئی بات نہیں سُنی، جو میرے مُلک کے خلا ف کی گئی ہو۔اور یہ کہنا میرا فرض ہے کہ چلو، کیوں نہ رابطہ بڑھایا جائے،خلوص کے راستے فراہم کیے جائیں، آپس میں میل جول زیادہ ہو، باقی جو دقّتیں اور مشکلیں ہیں وہ مذاکرات کی میز پر طے ہوسکتی ہیں۔ اختلافات، مِل بیٹھ کر ہی دُور ہوتے ہیں۔ ہندوستان و پاکستان کے ساتھ عالمی معاشرے کو بھی اس کی ضرورت ہے۔ 

مَیں نہیں سمجھتا کہ ہمارے مُلکوں کے درمیان کوئی ایسے اختلافات ہیں،جو حل نہیں ہوسکتے ۔ سائنسی ترقّی کی معراج کے اس عہد میں جس قدر جلد ممکن ہو، ہمیں اختلافات دُور کرلینے چاہئیں، ہماری زندگی کے لمحات بہت کم ہیں۔ پاکستان خُوب صُورت ترین ہوگیا ہے ،بازار قصّہ خوانی اتنا وسیع نہیں نکلا، مگر پشاور کا پھیلاو ٔوسیع اور سڑکیں خُو ب صورت ہیں۔ مجھے پاکستان اور بھارت کے اشتراک سے بننے والی فلم کی پیش کش نہیں ہوئی۔ اگر ہوئی تو میرے نزدیک میڑیل کی زیادہ اہمیت ہوگی، مَیں اس کا جائزہ لوں گا۔مَیں نے اب کام کم کردیا ہے، زیادہ منظر ِعام پر آنا اس نمائشی شعبے کےلیے زیادہ بہتر ہے،لیکن مَیں اس کام کےلیے نہیں آیا۔

مَیں اس موقعے پر ناظم جیوا اور فاطمید فاؤنڈیشن کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔ اس ادارے نے مجھے پشاور، لاہور اور اسلام آباد کے دَورے کا موقع فراہم کیا۔ مَیں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ میری یادوں اور زندگی میں یہ ایک خُوب صُور ت باب ہے۔روزنامہ جنگ کی ابتدامیں یقیناً آپ کو بڑے بڑے امتحانوں سے گزرنا پڑا ہوگا ، مگر اللہ نے آپ کو اتناافتخار بخشا ۔ میری دُعا ہےکہ آپ کا یہ ادارہ وسیع سے وسیع تر ہواور آپ لوگ بہترین ،صحت مندانہ صحافت سےعوام کی خدمت کرتے رہیں۔‘‘

تازہ ترین