• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جہانگیر ترین کی شوگر ملز کیخلاف کارروائی روک دی گئی


لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کی درخواست پر حکومت کو شوگر ملز کے خلاف آئندہ سماعت تک تادیبی کارروائی سے مشروط طور پر روک دیا۔

عدالت کی جانب سے شوگر ملز کو چینی کی قیمت میں فرق کے برابر مچلکے کین کمشنر کو جمع کرانے کی ہدایت کر دی گئی۔

لاہور ہائی کورٹ نے حکومتِ پنجاب اور دیگر فریقوں سے اس معاملے پر جواب طلب کر لیا، تمام درخواستیں یکجا کر کے مرکزی کیس کے ساتھ سماعت کے لیے مقرر کرنے، کین کمشنر کو شوگر ملز کی چینی کی سپلائی کا ریکارڈ مکمل رکھنے کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ جہانگیر ترین کی شوگر ملز نے آج ہی لاہور ہائی کورٹ میں چینی کی قیمت مقرر کرنے کے خلاف درخواست دائر کی تھی، جس میں وفاقی و صوبائی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

جہانگیر ترین کی شوگر ملز کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالت نے چینی کا ریٹ مقرر کرنے سے قبل شوگر ملز مالکان کا مؤقف سننے کا حکم دیا تھا، عدالتی حکم کے باوجود درخواست گزاروں کو سنا ہی نہیں گیا۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ حکومت نے چینی کی نئی قیمت 89 روپے 50 پیسے مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، حکومت کے مقررہ نرخ پر چینی فروخت کرنا ممکن نہیں۔

درخواست گزار نے عدالتِ عالیہ سے استدعا کی ہے کہ چینی کی قیمت 89 روپے 50 پیسے مقرر کرنے کا حکومتی نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے۔

درخواست گزار جہانگیر ترین نے لاہور ہائی کورٹ سے یہ استدعا بھی کی ہے کہ درخواست کے حتمی فیصلے تک چینی کی نئی قیمت مقرر کرنے کے نوٹیفکیشن پر عمل درآمد روکا جائے۔

تازہ ترین