• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
نجم سیٹھی
ماشاء اللہ اس ہفتے بھی ترقی اور کامرانی کا سفر حسب سابق جاری و ساری رہے گا۔ پوری دنیا میں آپ کو نگران# سیٹھی کے نام سے یاد کیا جا رہا ہے جو کہ بہت بڑی کامیابی ہے۔ حاسد حیران ہیں کہ دیگر امور کی طرح آپ نگرانی کی نزاکتوں کو بھی خوب سمجھتے ہیں!
بروز منگل آپ کو اپنے خفیہ ذرائع سے معلوم ہو گا کہ تنزانیہ# کے مرکزی بینک کی ایک دیہاتی برانچ میں منیجر کی آسامی کچھ دیر کے لئے یعنی عارضی طور پر خالی ہے۔ آپ پہلی فرصت میں ہی اپنا سی وی ہمراہ تجربے کی تفصیل متعلقہ حکام کو ارسال کر دیں گے۔ ویسے تو مذکورہ آسامی کے لئے مقابلہ بڑا سخت ہو سکتا ہے مگر آپ کے وسیع تجربے کو دیکھتے ہوئے گمان کیا جا سکتا ہے کہ قرعہ فال آپ ہی کے نام نکلے گا۔ چنانچہ پہلی فرصت میں ہی بیگم اور بچوں کو مطلع کر دیں تاکہ یہ سب بھی چند ماہ کے لئے تنزانیہ شفٹ ہونے کی تیاری کر سکیں۔
نواز شریف
جس روز سے آپ نے وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھایا ہے آپ کے انتہائی لاڈلے برادرِ خورد جناب شہباز شریف سائے کی طرح آپ کے ساتھ چمٹے ہوئے ہیں، اور کیوں نہ ہوں، وہ آپ سے بے پناہ محبت جو کرتے ہیں۔ اس ہفتے بھی یہ سلسلہ جاری و ساری رہے گا۔
حاسدین اور مخالفین طرح طرح کی چہ میگویاں کرتے پائے جائیں گے مگر آپ ان کی پرواہ کئے بغیر اپنے پیارے برادر خورد کو اپنے ہمراہ ہی رکھیں گے اور اگر آپ کسی جگہ انہیں اپنے ساتھ رکھنا بھول بھی جائیں تو پریشان ہونے کی چنداں ضرورت نہیں کیونکہ شہباز صاحب آپ کی ہم رکابی کرنا کسی طور نہیں بھولیں گے کیونکہ موصوف آپ سے بے پناہ محبت جو کرتے ہیں۔
اگر اس ہفتے آپ کی قسمت میں برازیل، ٹمبکٹو، قطب شمالی حتیٰ کہ مریخ کا دورہ بھی لکھا ہوتا تو یقین کامل رکھیئے کہ شہباز صاحب یہاں بھی آپ کے ساتھ ہی ہوتے۔
ویک اینڈ پر ایک دوستانہ کرکٹ میچ کھیلنے میدان میں اتریں گے تو آپ کی حیرت کی انتہاء نہیں رہے گی کیونکہ موصوف یہاں بھی موجود ہوں گے۔ آپ بیٹنگ کرنے جائیں گے تو شہباز صاحب کو اپنے ہمراہ پائیں گے۔ آپ انہیں لاکھ سمجھانے کی کوشش کریں گے کہ بھائی، باؤلر کا سامنا بیک وقت صرف ایک ہی آدمی کرتا ہے دو نہیں اس پر وہ حیرت زدہ چہرے کے ساتھ آپ کی طرف دیکھنے لگیں گے۔
باؤلنگ کرتے وقت بھی آپ انہیں اپنے ہمراہ بھاگتا پائیں گے۔ اس پر آپ نہایت شفقت بھرے لہجے میں بھاگتے بھاگتے انہیں سمجھانے کی کوشش کریں گے کہ عزیزم، گیند بیک وقت ایک ہی شخص کرواتا ہے اور خدا پاک کی قسم دنیا میں آج تک ایک بھی ڈلیوری ایسی نہیں ہوئی جو دو باؤلروں نے مل کر کروائی ہو، یار آپ مرا اعتبار کیوں نہیں کرتے، ہیں جی؟ وہ ایک بار پھر آپ کی طرف حیرت بھری نظروں سے دیکھنے لگیں گے۔
عمران خان
گزشتہ ہفتے کی طرح اس ہفتے بھی آپ ملکی سیاست جیسے چھچھورے اور بیکار معاملات میں دلچسپی لینے کی بجائے بین الاقوامی نوعیت کے امور پر توجہ مرکوز رکھیں گے، پچھلے ہفتے آپ لندن میں منعقدہ کانفرنس بعنوان ”جنوبی ایشیا میں ہاتھیوں کا تحفظ“ میں بھرپور شرکت کر کے موضوع پر نہایت پُر مغز گفتگو کرتے پائے گئے۔ حتیٰ کہ تقریب کے مہمان خصوصی شہزادہ چارلس# بھی ہاتھیوں کے حوالے سے آپ کی بے مثل معلومات اور خدمات پر انگشت بدنداں رہ گئے۔
اس ہفتے امید ہے کہ آپ کو بارہ سنگھے کی افزائش نسل اور وہیل مچھلی کے نفسیاتی مسائل بارے مدلل بات چیت کرنے کینیڈا جانا پڑے۔ دیگر بیرونی دوروں کی طرح اس دورے سے بھی آپ کو لاتعداد فوائد حاصل ہوں گے، انشاء اللہ ہو سکتا ہے کہ ہفتے کے اختتام پر آپ بھارتی بندروں میں تیزی سے پھیلتی اخلاقی گراوٹ کے موضوع پر ایک حیرت انگیز مضمون سپرد قلم کریں۔
چوہدری شجاعت حسین
عام انتخابات میں عبرتناک شکست کا غم قدرے کم ہوتا نظر آتا ہے۔ اس ہفتے سے آپ سیاسی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیتے ہوئے اپنی پارٹی کو ازسرِ نو منظم کرنے کی کوشش کریں گے۔ بدھ کے روز آپ گجرات کے ایک نواحی گاؤں -56 گ ب میں استاد امام دین گجراتی میموریل کبڈی ٹورنامنٹ کا افتتاح کرنے تشریف لے جائیں گے۔ شدید گرمی، حبس اور دھکم پیل کے باعث آپ تقریباً نصف گھنٹہ بے ہوش رہیں گے۔ ٹورنامنٹ کا افتتاح بھی اسی عالم بے ہوشی میں ہی فرمائیں گے۔ پریس کے ساتھ گفتگو کا زیادہ حصہ آپ ہوش میں آنے کے بعد کریں گے۔ ایک نواز لیگی ورکر جو کہ کسی مقامی ہفت روزہ کا ڈپٹی ایڈیٹر بھی بتایا جاتا ہے، آپ کو اپنے تندو تیز سوالوں سے زچ کرنے کی کوشش کرے گا۔ آپ کا دل بڑی شدت کے ساتھ چاہے گا کہ اپنے ڈرائیور اور گارڈ وغیرہ کی معاونت سے اس نابکار کو خوب زدوکوب کروائیں مگر پھر حالات کی نزاکت کو بھانپتے ہوئے آپ جذبات پر قابو پا لیں گے۔
اگلے روز آپ مشاہد حسین سید، کامل علی آغا اور چوہدری انور چیمہ کے ہمراہ منڈی بہاؤ الدین کے ضلعی نائب صدر کی عیادت کرنے جائیں گے۔ مذکورہ مقامی لیڈر کا ڈیرہ ق لیگی نعروں سے گونج اٹھے گا۔ واپسی پر ان تمام پارٹی اکابرین کے ہمراہ ایک اور مقامی ورکر کے پوتے کی رسم جھنڈ اتروائی میں شرکت کریں گے۔ آپ کی پارٹی کو اس قسم کے دوروں کی اشد ضرورت ہے۔
لاہور واپسی بذریعہ جی ٹی روڈ ہو گی۔ آپ تمام راستہ خاموش رہیں گے تاہم کامل علی آغا صاحب تشویش کے سبب آپ کو وقتاً فوقتاً ہلاتے، جلاتے اور جگاتے رہیں گے جس کی وجہ سے آپ کی بوریت میں مزید اضافہ ہوتا جائے گا۔
تازہ ترین