فحش فلمیں بنانے کے الزام میں گرفتار بھارتی بزنس مین راج کندرا کی درخواست ضمانت ایک مرتبہ پھر مسترد ہوگئی۔ اس حوالے سے پولیس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ وہ ملک سے فرار ہوسکتے ہیں۔
خیال رہے کہ آج ممبئی کی مقامی عدالت میں راج کندرا فحش فلموں کے کیس کی سماعت ہوئی، جس میں ان کی درخواست ضمانت مسترد کردی گئی، جس کے بعد اب انہیں 20 اگست تک جیل میں ہی رہنا ہوگا۔
ممبئی پولیس نے 20 جولائی کو شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا کو فحش فلمیں بنانے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔
آج انھیں مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں ان کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔
عدالت میں ممبئی پولیس نے موقف اختیار کیا تھا کہ اگر راج کندرا کی ضمانت ہوجاتی ہے تو باہر جاکر وہ دوبارہ ایسی ہی فلمیں پروڈیوس کریں گے جبکہ ان کی ضمانت سے معاشرے کو بھی برا پیغام ملے گا۔
پولیس کی جانب سے اس خدشے کا بھی اظہار کیا گیا کہ اگر برطانوی شہریت رکھنے والے راج کندرا کی ضمانت ہوئی تو وہ ملک سے فرار ہوسکتے ہیں۔
دوسری جانب اپنی درخواست میں راج کندرا نے موقف اختیار کیا تھا کہ پولیس نے اس کیس کی چارج شیٹ اپریل میں داخل کی جبکہ اس دوران اس چارج شیٹ اور نہ ہی ان کی ایف آئی آر میں ان کا نام موجود تھا۔
درخواست میں کہا گیا کہ پولیس کی چارج شیٹ میں جن پر الزامات عائد کیے گئے ہیں وہ پہلے سے ہی ضمانت پر جیل سے باہر ہیں۔
اس کے جواب میں پولیس کا کہنا تھا کہ یہ سنگین نوعیت کا جرم ہے اور پولیس یہ بھی جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ راج کندرا کی پروڈیوس کردہ ویڈیوز کہاں کہاں اپ لوڈ کی گئی ہیں۔
عدالت نے دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد راج کندرا کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی۔