راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) تھانہ بنی کے علاقہ میں مندرکی پرانی عمارت کاایک حصہ مسمار کرنے کی اطلاع پرپولیس پہنچ گئی ۔ ذرائع کے مطابق پولیس کواطلاع ملی کہ محلہ ایمن آباد نزداصغرمال میں واقع وقف ہندوپراپرٹی پی1143 قدیم مندرکی عمارت کاایک حصہ غیر قانونی طورپرمسمار کر دیا گیا اوریہاں نئی تعمیرات کی جارہی ہیں۔اس سلسلے میں اوقاف ٹرسٹ کے بعض افسران نے مبینہ طورپر بھاری نذرانہ لے کر پراپرٹی پرناجائزتعمیرات کیلئے مرمت کے نام پر ایک مبہم لیٹر جاری کیاہے جس کی آڑمیں مندرکے دوکمرے گرادیے گئے ہیں ،اس پر محکمہ اوقاف نےکوئی ایکشن نہیں لیا ۔ ڈی ایس پی وارث خان سرکل فرحان اسلم نے بتایاکہ اطلاع ملنے پرایس ایچ اوتھانہ بنی نفری کے ہمراہ موقع پرپہنچے اورحالات کاجائزہ لیا جس پر متروکہ وقف املاک کے دفترسے رابطہ کیاگیا جہاں سے ایک اسسٹنٹ ڈائریکٹر،انسپکٹر اورسیکورٹی افسر کوبھیجاگیا جنہوں نے مندرکی عمارت کاجائزہ لینے کے بعدپولیس کوتحریری طورپرآگاہ کیاکہ مندر کی عمارت کونقصان نہیں پہنچایاگیا بلکہ مندرسے متصل کمروں میں توڑپھوڑکی گئی ہے ۔ اہل علاقہ کاکہناہے کہ جوکمرے گرائے گئے ہیں وہ مندرکاحصہ ہیں اورمتروکہ وقف املاک کاعملہ ملزموں سے ملاہواہے۔