پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مریم نفیس کا کہنا ہے کہ مجھے بچے بہت پسند ہیں لیکن خود ماں بننا آسان نہیں ہوتا۔
مریم نفیس نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے امید سے ہونے کے بعد اپنی زندگی میں آنے والی تبدیلی کے بارے میں بات کی۔
اُنہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ زندگی میں ہر چیز کا صحیح وقت ہوتا ہے اور کچھ چیزیں ہوتی ہیں وہ اللّٰہ نے خود ہمارے لیے لکھ دی ہوتی ہیں تو شادی کے بعد ہم نے بہت خوش گوار وقت گزارا اور اب ماشاء اللّٰہ ہماری شادی کو اس سال مارچ میں پورے 3 سال ہو جائیں گے۔
اداکارہ نے کہا کہ جب ہم نے ساتھ میں کافی عرصہ خوش گوار انداز میں گزار لیا تو پھر فیصلہ کیا کہ اب ہمیں اپنی فیملی بڑھانے کے بارے میں سوچنا چاہیے۔
اُنہوں نے بتایا کہ مجھے بچے بہت پسند ہیں اور میں اپنی دوستوں کے بچوں سے بہت پیار کرتی ہوں لیکن خود ماں بننے کا فیصلہ کرنا مشکل ہوتا ہے کیونکہ امید سے ہونے کے بعد ایک عورت کی زندگی پوری طرح بدل جاتی ہے۔
مریم نفیس نے مزید کہا کہ بطور اداکارہ مجھے یہ سوچ کر بھی تھوڑی پریشانی ہوتی تھی کہ جب میں حاملہ ہوں گی تو میرا وزن بڑھ جائے گا اور اب میرا وزن بہت زیادہ بڑھ بھی گیا ہے تو اس ساری صورتِ حال کے لیے ہمیں ذہنی طور پر خود کو تیار کرنا ہوتا ہے۔
اُنہوں نے امید سے ہونے کے باوجود بھی ورزش کی عادت کو برقرار رکھنے کے بارے میں بتایا کہ ایک فٹنس ٹرینر میری دوست ہیں جنہوں نے میری رہنمائی کی کہ جو ورزش میں پہلے کرتی تھی وہ میں اب بھی کر سکتی ہوں لیکن بس ہیوی ویٹ لفٹنگ نہیں کر سکتی۔