اسلام آباد (مہتاب حیدر) حکومت نے 46 ارب روپے کے وزیراعظم صوابدیدی فنڈز کے اجرا کی اجازت دے دی ہے۔ پہلی اور دوسری سہ ماہی میں 50 فیصد فنڈز ، جب کہ باقی ماندہ فنڈز تیسری اور چوتھی سہ ماہی میں جاری ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق، حکومت نے پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جیز) کے تحت رواں مالی سال میں کسی بھی وقت وزیراعظم کے 46 ارب روپے کے صوابدیدی فنڈز کے اجرا کی اجازت دے دی ہے۔
ان فنڈز کو ارکان پارلیمنٹ کی سفارشات پر مخصوص چھوٹی اسکیموں پر استعمال کیا جائے گا۔ اس پروگرام کے لیے فنانس ڈویژن عموماً پہلی بار میں کابینہ ڈویژن کو فنڈز جاری کردیتا ہے، جہاں اسٹیئرنگ کمیٹی بجلی، گیس، چھوٹی گلیوں کی تعمیر، پینے کے پانی اور دیگر ترقیاتی اسکیموں لیے فنڈز کی منظوری دیتی ہے۔
ترقیاتی منصوبوں کے لیے پی ایس ڈی پی کے ذریعے حکومت نے 50 فیصد فنڈنگ کی اجازت پہلی اور دوسری سہ ماہی (31 دسمبر، 2021) تک کے لیے دی ہے۔ جب کہ باقی ماندہ 50 فیصد فنڈنگ رواں مالی سال کی تیسری اور چوتھی سہ ماہی کے لیے مختص ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری آفس میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے رواں مالی سال 2021-22 کے لیے ترقیاتی فنڈز کے اجرا کا لائحہ عمل تبدیل کیا ہے۔