• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: PDM کا جلسہ، پولیس سیکیورٹی پلان تیار


کراچی میں ہونے والے اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے کے لیے پولیس کا سیکیورٹی پلان تیار کر لیا گیا ہے۔

اس حوالے سے کراچی پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پولیس کے 25 سینئر افسران، 65 ڈی ایس پیز اور 3 ہزار 748 اہلکار تعینات ہوں گے۔

جلسے میں ایس ایس یو کی 30 خواتین کمانڈوز سمیت 93 خواتین پولیس اہلکار بھی تعینات ہوں گی۔

ایس ایس یو کے افسران سمیت 440 کمانڈوز جلسے کی سیکیورٹی کے لیے موجود ہوں گے۔

کراچی پولیس کے ترجمان کی جانب سے عوام سے جلسے کے حوالے سے کسی بھی ایمرجنسی یا مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع 15 پر دینے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔

دوسری جانب ٹریفک پولیس پہلے ہی متبادل راستوں کے لیے روٹ پلان جاری کر چکی ہے۔

کراچی ٹریفک پولیس کے مطابق جلسہ گاہ کے اطراف ٹریفک پولیس کے 325 اہلکار تعینات رہیں گے، یہ اہلکار جلسہ گاہ کے اطراف ٹریفک کی روانی بحال رکھیں گے۔

کراچی ٹریفک پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ رش بڑھنے پر ٹریفک کو پیپلز چورنگی، صدر دواخانہ اور گرومندر سے متبادل راستہ دیا جائے گا۔

تازہ ترین