کراچی ( اسٹاف رپوٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کراچی میں پیدا ہونے والے پانی کے بحران کے خلاف جماعت اسلامی کے تحت بدھ 8ستمبر کو شاہراہ فیصل پر واٹر بورڈ ہیڈ آفس کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔ کنٹونمنٹ بورڈ کے عوام تعمیر و ترقی اور مسائل کے حل کے لیے 12ستمبر کو ترازو کے نشان پر مہر لگا کر جماعت اسلامی کے نامزد امیدواروں کو کامیاب بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کنٹونمنٹ بورڈ فیصل وارڈ 1کے نامزد امیدوار نجیب الرحمن کی انتخابی مہم کے سلسلے میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ مردم شماری میں کراچی کی آدھی آبادی کو غائب کردیا گیا،اسد عمر اہل کراچی کو جواب دیں 19ہفتے گزرنے کے باوجود مردم شماری کی تصحیح سے متعلق کوئی ٹی آر اوز کیوں نہیں بنے۔ شہر میں آج تک پانی کا مسئلہ حل نہیں ہوسکااور پانی جیسی بنیادی انسانی ضرورت زندگی ایک بہت بڑا مسئلہ بنی ہوئی ہے۔