گلوکاری کے ساتھ ساتھ اداکاری کی دُنیا میں بھی شہرت پانے والے معروف گلوکار و اداکار علی ظفر نے کہا ہے کہ وہ اب سندھی، بلوچی کے بعد پشتو زبان میں بھی اپنا گانا جاری کرنے والے ہیں۔
اس حوالے سے علی ظفر نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر کا رُخ کیا جہاں اُنہوں نے اپنے نئے آنے والے گانے کی ایک جھلک شیئر کی۔
ٹوئٹر پر شیئر کی گئی تصویر میں علی ظفر پشتو لباس میں ملبوس ہیں اور اُن کے اردگرد موجود لوگوں نے بھی پشتو کلچر کے لباس زیب تن کیے ہوئے ہیں۔
علی ظفر نے اپنے ٹوئٹ میں مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’انتظار ختم ہوا کیونکہ سندھی اور بلوچی زبان کے بعد، اب میرا پشتو زبان میں بھی گانا آرہا ہے۔‘
گلوکار نے لکھا کہ ’گانے کی مزید تفصیلات سے آگاہ رہنے کے لیے میرے ساتھ رہیں۔‘
تاہم علی ظفر نے اپنے نئے گانے کا نام اور دیگر تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا ہے، اُنہوں نے صرف اتنا بتایا ہے کہ اُن کا یہ گانا پشتو زبان میں ہوگا۔
دوسری جانب گلوکار کے مداحوں کی جانب سے اُن کے اس نئے گانے کا بےصبری سے انتظار کیا جارہا ہے۔