• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ویکسین کا حکومتی ریکارڈ جعلی، عالمی ردعمل آسکتا ہے، اپنی دلیل کے مطابق وزیراعظم سرٹیفائیڈ چور، مریم نواز

اپنی دلیل کے مطابق وزیراعظم سرٹیفائیڈ چور، مریم نواز


اسلام آباد ( نمائندگان جنگ ) نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز نے کہا ہے کہ ویکسین کا حکومتی ریکارڈ جعلی ہے، عالمی ردعمل آسکتا ہے، توسیع کیلئے ووٹ دینے والی ن لیگ میں شامل نہیں تھی۔

گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیلوں کی سماعت کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان خود کہتے تھے جب گیس بجلی پٹرول کی قیمتیں بڑھ جائیں تو سمجھ لینا حکمران چور ہے۔

اپنی دلیل کے مطابق وزیراعظم سرٹیفائیڈ چور ہیں، الیکٹرانک ووٹنگ مشین دھاندلی کا نیا طریقہ ہے جس حکومت کی بنیاد ہی دھاندلی پر ہو اس کا صاف اور شفاف انتخابات سے کیا تعلق ہے۔ 

حکومتی پالیسی ہے کہ نیب سے اپوزیشن کا کردار نکال دیا جائے اور حکومتی وزرا کے بھائیوں کو ڈال دیا جائے۔ حکومت کا الیکٹرانک ووٹنگ کی بات کرنا دھاندلی کا ہی منصوبہ ہے۔ حکومت کو چار سال بعد بھی دھاندلی کا سہارا لینا پڑ رہا ہے۔ تاریخ میں اتنی رسوائی کسی کی نہیں ہوئی جتنی ان کی ہوئی ہے۔ 

وزیراعظم کی کرسی پر براجمان شخص کو میئر اسلام آباد کہا گیا ، ہر سفارتی سطح پر حکومت کی نالائقی سامنے آ رہی ہے۔ آرمی چیف کی ایکسٹینشن کی ن لیگ کی طرف سے باجماعت حمایت کے سوال پر مریم نواز نے کہاکہ میں توسیع دینے والی ن لیگ میں شامل نہیں تھی۔ انہوں نے عوام کو اپوزیشن کے ساتھ کھڑا ہونا چاہئے۔ 

کنٹینرز پر کھڑے ہوکر مثالیں دی جاتی تھیں اور آج جب حساب کا وقت آیا تو جواب دینے سے مکر گئے۔ یہ آپ کا مال نہیں بلکہ عوام کا مال ہے۔ آپ لوگوں کو چور کہتے کہتے اپنی چوری نہیں چھپا سکتے۔ 

اس حکومت کی ہر چیز کی طرح کورونا ویکسی نیشن کی تفصیلات بھی جعلی ہیں جس سے عالمی سطح پر مزید پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ نواز شریف کے نام سے کورونا ویکسین کی جعلی انٹری ڈالی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اختیارات سے تجاوز کرنے والوں کو روکنا ہو گا۔ جو آئین کو پاوں تلے روندے اس کو روکنا ضروری ہے۔

تازہ ترین