• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زلزلے سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر بے حد دکھ ہے، شہباز شریف


مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں زلزلے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر بے حد دکھ اور افسوس ہے، جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ اور متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کرتا ہوں۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ ہنگامی صورت حال کا تقاضہ ہے وفاق بلوچستان میں بھرپور امدادی کارروائیاں کرے۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹرز کے ذریعے شدید زخمیوں کو ملک کے دیگر اسپتالوں میں منتقل کیا جائے، ہنگامی امداد کے ادارے بھرپور طور پر متحرک ہوں، اولین ترجیح لوگوں کی زندگیاں بچانے اور ان کی محفوظ مقامات پر منتقلی ہے۔

انہوں نے کہا کہ متاثرین کو شیلٹر اور خوراک کی فراہمی پر توجہ دی جائے، زلزلہ متاثرین سے پوری قوم بھرپور یک جہتی کا اظہار کرے اور امدادی کاموں میں حصہ ڈالے۔

صدر مسلم لیگ نون کا مزید کہنا تھا کہ رہنما اور کارکن امدادی کارروائیوں میں ہاتھ بٹائیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ شب کوئٹہ، سبی، ہرنائی سمیت بلوچستان کے کئی علاقوں میں شدید زلزلے کے باعث 20 افراد جاں بحق اور 300 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ ہرنائی اور شاہرگ میں 70 سے زائد مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.9 اور گہرائی 15 کلومیٹر تھی جبکہ اس کا مرکز ہرنائی کے قریب تھا۔ آفٹر شاکس کا سلسلہ بھی کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔

مختلف علاقوں میں کئی افراد ملبے تلے دب کر زخمی ہوئے۔ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

تازہ ترین